’لیکن بہادری خود کپتان براتھویٹ کو بھی دکھانا ہو گی‘

جو ریکارڈ فتح اس ویسٹ انڈین ٹیم کو پاکستانی سرزمین پر درکار ہے، یقیناً وہ بھی براتھویٹ کا مقدر ہو سکتی ہے اگر کل ملتان میں وہ اپنی الیون کے تعین اور اپنی اپروچ کی جارحیت میں بھی وہ درستی لا سکیں کہ حکمتِ عملی کا کوئی ابہام باقی نہ رہے۔
تصویر
Getty Images

کیریبئین کپتان کریگ براتھویٹ اپنے بلے بازوں سے اس بہادری کی توقع کر رہے ہیں جو وہ پہلے میچ میں دکھانےسے قاصر رہے۔ اُن کے مطابق اگرچہ مقابلہ مجموعی طور پر مسابقتی رہا تھا مگر ویسٹ انڈین بلے باز اپنے بولرز کے کارناموں کی تائید نہ کر پائے۔

براتھویٹ کا یہ تجزیہ غلط نہیں ہے کہ ملتان کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران، دونوں ٹیموں میں واضح فرق بیٹنگ اپروچ کا رہا اور جس ٹیم نے زیادہ خطرات مول لیے، وہی بالآخر حتمی نتیجہ اپنے نام کر پائی۔

دوسری جانب پاکستانی کپتان شان مسعود پچز کے اس رویے سے ذرا شاکی نہیں جو دو دن سے بھی کم وقت میں 40 وکٹوں کے حصول اور میچ کا فیصلہ طے کرنے میں معاون رہا ہے۔ بطور کپتان پہلے روز سے اُن کا اصرار رہا ہے کہ جیت کے لیے 20 وکٹیں پانے کی سبیل کرنا لازم ہے۔

ایسے میں کیریبئین ٹیم کا معمہ الگ ہے کہ اُن سے پہلے جب انگلش ٹیم ملتان کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اُتری تھی تو بین سٹوکس کے بلے بازوں کو کچھ خبر نہ تھی کہ ملتان کی استعمال شدہ پچ اُن سے کیا برتاؤ کرے گی۔

مگر ویسٹ انڈین ٹیم تو پاکستان کی پرواز بھرنے سے پہلے ہی شناسا تھی کہ انھیں کیسی کنڈیشنز دستیاب ہوں گی۔

تصویر
Getty Images

جہاں ’بیز بال‘ کے رسیا انگلش بلے بازوں کا سپن کے خلاف انہدام بالکل متوقع اور یقینی تھا، ویسے ہی یہ بھی متوقع تھا کہ ویسٹ انڈین بلے باز بہرحال انگلش ٹیم سے بہتر ثابت ہوں گے کہ بالآخر کیریبئین کنڈیشنز میں دستیاب سپن بھی انگلش پچز سے کہیں بہتر ہوتی ہے اور کیریبئین بلے باز بھی اس کا کچھ زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔

مگر ساڑھے تین دہائیوں بعد پاکستانی ساحلوں پر فتح کھوجتی براتھویٹ کی ٹیم بھی سپن کے مقابلے میں اتنی ہی ہمت جٹا پائی، جو گئے وقتوں میں ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز کر پایا کرتے تھے۔

حالانکہ مہمان ٹیم کو اگر اپنے سپن وسائل کے حوالے سے کوئی معمولی خدشہ درپیش تھا بھی، تو پہلے ٹیسٹ میچ میں جومیل واریکن کی کریئر بیسٹ بولنگ نے وہ خدشہ دور کر دیا کہ اپنی انگلیوں کے بل پر انھوں نے پاکستانی بیٹنگ کارڈ کو قریب ایک ہی سیشن کا مہمان ثابت کر ڈالا۔

مگر بطور قائد سپنر، انھیں بھی دوسرے کنارے سے کچھ تو تائید درکار ہے جو اگر وکٹیں نہ بھی لے پائے تو کم از کم رنز کے بہاؤ پر تو بند باندھ ہی لے۔ لیکن حالیہ ویسٹ انڈین سکواڈ میں تجربے کی وہ مقدار بھی موجود نہیں جو واریکن کی پریشانیاں کچھ کم کر سکے۔

اگرچہ اپنے بلے بازوں سے جرات آموزی کے تقاضے میں براتھویٹ کے خیالات بے جا نہیں ہیں مگر اپنی ٹیم سلیکشن میں خود انھیں بھی ویسی ہی جرات آموزی دکھانے کی ضرورت ہو گی۔

گو، جیڈن سیلز نے میچ میں کچھ اہم لمحات مہمان ٹیم کے نام کیے تاہم کیریبئین تھنک ٹینک کو یہ غور کرنے کی ضرورت ہے کہ جس پچ پر دونوں اننگز کے اطراف، میزبان ٹیم کو پیس کا فقط ایک ہی اوور کافی رہا، وہاں الیون میں ایک باقاعدہ پیسر کھلانا ضروری کیونکر ہوا؟

پیس کے یہ اوورز بھی مہمان ٹیم کے لیے مکمل سہولت کا سبب نہیں رہے کہ وکٹیں گرنے کے باوجود، انہی کے دوران نہ صرف پاکستانی بیٹنگ کی رفتار بڑھی بلکہ یہیں پیس کی بدولت گیند کی تازہ سیم بھی ماند پڑی جس کے نتیجے میں سپنرز نئی گیند کے مؤثر استعمال سے قاصر رہے۔

یہ امر بھی مہمان کپتان براتھویٹ کی نظر سے اوجھل نہیں رہنا چاہیے کہ میچ کے آخری نتیجے میں دونوں ٹیموں کے مابین واحد فرق صرف ایک ساجھے داری کا تھا جو محمد رضوان اور سعود شکیل نے جمائی۔

تصویر
Getty Images

اگرچہ دونوں پاکستانی بلے بازوں نے قدموں کا استعمال کرتے ہوئے ویسٹ انڈین سپنرز کے ڈسپلن کو چیلنج کیا مگر یہاں مہمان کپتان کی مدافعانہ حکمت عملی اور سپنرز کے ضبط کی بے ربطگی بھی پاکستانی بلے بازوں کی تائید ثابت ہوئیں۔

گو ویسٹ انڈین کرکٹ کے حالیہ چند برس تابناک نہیں رہے مگر جہاں جہاں اس ٹیسٹ ٹیم کو فتوحات حاصل ہوئی ہیں، وہاں کپتان براتھویٹ کا بلا اور ان کی قائدانہ صلاحیتیں نمایاں رہی ہیں۔

جو ریکارڈ فتح اس ویسٹ انڈین ٹیم کو پاکستانی سرزمین پر درکار ہے، یقیناً وہ بھی براتھویٹ کا مقدر ہو سکتی ہے اگر کل ملتان میں وہ اپنی الیون کے تعین اور اپنی اپروچ کی جارحیت میں بھی وہ درستی لا سکیں کہ حکمتِ عملی کا کوئی ابہام باقی نہ رہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.