کیا آپ گوگل میپس کے ان دلچسپ فیچرز سے واقف ہیں؟

image

گوگل میپس کا استعمال تو لگ بھگ انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ہر فرد ہی کرتا ہے۔

مگر کئی بار میپس پر مطلوبہ تفصیلات کو تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے، اگر آپ کو ایسا تجربہ ہوتا ہے تو گوگل میپس کی چند ٹرکس سے اس عمل کو کافی مزیدار بناسکتے ہیں۔

تو چند دلچسپ گوگل میپس ٹرکس کے بارے میں جانیں۔ یہ ٹرکس اس سروس کو آپ کے لیے زیادہ کارآمد بنا دیں گی۔

اپنے دوستوں کو ٹریک کریں

اگر آپ اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے ملنے جارہے ہیں اور یہ اندازہ نہیں ہورہا کہ وہ کہاں ہے ، تو آپ کے دوست گوگل میپس کو استعمال کرکے اپنی درست لوکیشن شیئر کرسکتے ہیں، آپ کو بس میپ پر دیے جانے والے راستوں یا ڈائریکشن پر چلنا ہوگا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فون میں گوگل میپس کو اوپن کریں اور پروفائل پکچر پر کلک کرکے وہاں مینیو میں لوکیشن شیئرنگ کو سلیکٹ کریں۔ اس کے بعد شیئر لوکیشن پر کلک کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے کانٹیکٹس کو اوپن کردیا جائے گا جہاں سے مطلوبہ فرد کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

ایک بار لوکیشن شیئر کرنے کے بعد صارف کو لائیو اپ ڈیٹ ملے گی کہ اس کے دوست اب کہاں ہیں بلکہ یہ بھی دیکھنا ممکن ہوگا کہ ان کے فون کی بیٹری پاور کتنی رہ گئی ہے۔ لوکیشن شیئرنگ کو ٹرن آف کرنے کے لیے فون میں میپس اوپن کرکے لوکیشن شیئرنگ اسکرین میں نیچے موجود اسٹاپ بٹن پر کلک کریں۔

آف لائن میپس

اگر آپ کے پاس وائی فائی کی سہولت نہ ہو اور انٹرنیٹ ڈیٹا بچانا چاہتے ہوں یا کسی ایسے مقام پر جارہے ہوں جہاں انٹرنیٹ سروس ہی نہ ہو تو آپ آف لائن بھی گوگل میپس استعمال کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اسمارٹ فون میں گوگل میپس کو اوپن کریں اور وہاں پروفائل پکچر پر کلک کرکے سیٹنگز مینیو میں آف لائن میپس کے آپشن پر کلک کریں، جہاں آپ پہلے سے ڈاؤن لوڈ میپس دیکھ سکتے ہیں یا مخصوص مقامات کے میپ کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

ایک کلک پر راستہ جانیں

مطلوبہ منزل تک پہنچنے کا راستہ جاننے کے لیے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر اس کا نام لکھ کر سرچ کریں یا وہ مقام آپ کے سامنے اسکرین پر موجود ہے تو ماؤس کا رائٹ کلک کرنے پر ایک لسٹ سامنے آجائے گی ، جس کے آپشنز کو آپ راستہ جاننے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

گوگل میپس کی ہسٹری دیکھیں یا ڈیلیٹ کریں

اگر آپ گوگل میپس کو اکثر استعمال کرتے ہیں تو گوگل کی جانب سے آپ کی سرگرمیوں کو بہت زیادہ تفصیل سے ریکارڈ کیا جاتا ہے، جس کو دیکھنے کے لیے کمپیوٹر پر گوگل میپس کی سائٹ پر جائیں۔ وہاں تھری ڈاٹ مینیو اوپن کرکے یور ڈیٹا ان میپس کو سلیکٹ کریں ، جس پر گوگل کنٹرول پیج کھل جائے گا جہاں لوکیشن ہسٹری اور پھر سی اینڈ ڈیلیٹ ایکٹیوٹی کے آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ اپنی سرگرمیوں کی ٹائم لائن پر مبنی میپ کو بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس فیچر کو موبائل پر استعمال کرنے کے لیے میپس میں سیٹنگز پر جاکر پہلے میپس ہسٹری، پھر سرچ یور ایکٹیویٹی اور پھر تھری ڈاٹ مینیو میں ڈیلیٹ ایکٹیویٹی کے آپشن کا انتخاب کریں۔

انکوگنیٹو موڈ

اگر آپ چاہتے ہیں کہ میپس میں آپ کی سرگرمیاں گوگل ریکارڈ میں محفوظ نہ ہو تو انکوگنیٹو موڈ کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد گوگل میپس آپ کے اکاؤنٹ کی سرچ ہسٹری کو محفوظ نہیں کرتا یا نوٹیفکیشن نہیں بھیجتا۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے میپس ایپ کو اوپن کرکے پروفائل پکچر پر کلک کریں اور وہاں نیچے ٹرن آن انکوگنیٹو موڈ کو سلیکٹ کرلیں، اسی طریقے سے یہ موڈ ٹرن آف کیا جاسکتا ہے۔

پارکنگ لوکیشن محفوظ کریں

گوگل میپس آپ کو نہ صرف منزل تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ یہ کسی بڑے پارکنگ لاٹ میں گاڑی کو تلاش کرنے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے لیے گاڑی پارک کرنے کے بعد گوگل میپس اوپن کریں اور آپ کی کرنٹ پوزیشن ظاہر کرنے والے بلیو لوکیشن ڈاٹ پر کلک کرکے مینیو میں سیو پارکنگ آپشن کا انتخاب کریں۔ جب آپ گاڑی کو تلاش کرنے کے خواہشمند ہوں تو سرچ بار پر کلک کرکے پارکنگ لوکیشن کا انتخاب کریں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.