پی آئی اے پروازوں کی بحالی، برطانیہ کی ایوی ایشن آڈٹ ٹیم پاکستان میں

image

پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پروازوں کی بحالی کے لیے برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن کی سات رکنی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔

پیر کو اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان شاہد قادر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانوی ٹیم آج سے پاکستان سول ایوی ایشن کا آڈٹ شروع کرے گی، جس کے بعد پاکستان سے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق برطانوی ٹیم لائسنسنگ، ایئر وردی نیس، فلائٹ سٹینڈرڈز سمیت دیگر شعبہ جات کی جانچ کرے گی، جبکہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نادر شفیع ڈار کی زیرِصدارت پاکستانی ٹیم برطانوی حکام کو بریفنگ دے گی۔

برطانوی ٹیم میں برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن کے حکام شامل ہیں، جو پی آئی اے سمیت پاکستان کی بین الاقوامی ایئر لائنز کی جانب سے پروازوں کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

برطانیہ کی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن کی ٹیم 27 جنوری سے چھ فروری تک پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آڈٹ کرے گی، جبکہ اس دوران برطانوی ٹیم کی جانب سے پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز کا دورہ کیا جائے گا اور اُن کی کارکردگی پر رپورٹ مرتب کی جائے گی۔

برطانوی ایوی ایشن کے ماہرین پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز  کی جانب سے حالیہ عرصے کے دوران یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانوی ٹیم کے آڈٹ کے لیے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے۔ سول ایوی ایشن ملازمین کو چھٹی کے روز بھی لازمی دفتر میں آنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کو مارچ میں برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت مل جائے گی۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے درمیان متعدد تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.