بھارتی ریاست راجستھان میں ایک انوکھی بارات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی، جہاں دولہا اپنی دلہن لانے کے لیے نہ صرف گھوڑی پر سوار ہوا بلکہ 200 پولیس اہلکاروں کے حفاظتی حصار میں گاؤں پہنچا۔ یہ حیران کن منظر دیکھنے والوں کو نہ صرف چونکا گیا بلکہ موضوعِ بحث بھی بن گیا۔
راجستھان کے گاؤں سری نگر کے رہائشی وجے کی بارات 8 کلومیٹر کا سفر طے کر کے لاویرا گاؤں پہنچی، جہاں اس کی دلہن ارونا اس کا انتظار کر رہی تھی۔ لیکن یہ کوئی عام بارات نہیں تھی، بلکہ اس کی خاص بات یہ تھی کہ اعلیٰ ذات کے افراد کی جانب سے ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پورے انتظامی عملے کو حرکت میں لایا گیا۔
دلہن کے والد نارائن کھوروال نے میڈیا کو بتایا، "ہمیں ہمیشہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہونا چاہیے۔ میری بیٹی تعلیم یافتہ ہے، اور ہم نے کسی خوف کے بغیر اپنی خوشی منائی۔ انتظامیہ اور پولیس نے بھرپور تعاون کیا، جس کے باعث سب کچھ پرامن رہا۔"
اس موقع پر پولیس افسر جرنیل سنگھ نے بھی کہا کہ بندولی کی یہ تقریب پرامن طریقے سے مکمل ہوئی، اور دلہن کے گاؤں میں موجود دیگر کمیونٹی کے افراد بھی اس خوشی میں شریک تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب اس خاندان کو پولیس تحفظ میں شادی کرنا پڑی۔ جولائی 2005 میں نارائن کھوروال کی بہن سنیتا کی شادی میں بھی اسی طرح کے حالات پیش آئے تھے، جب دولہا کو پولیس کی سیکیورٹی میں لے جانا پڑا تھا۔