تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری۔۔ کونسا واحد پاکستانی کھلاڑی شامل ہے؟

image

دنیا کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی تازہ فہرست نے اسپورٹس شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے، جس میں پاکستان کا نام لیجنڈری اسکواش چیمپئن جہانگیر خان کے ذریعے جگمگا رہا ہے۔ آسٹریلیا کے معروف روزنامے ’سڈنی مارننگ ہیرلڈ‘ نے اس فہرست کو تیار کرنے کے لیے ماہر اسپورٹس صحافیوں کی مدد لی، اور اس فہرست میں وہ کھلاڑی شامل کیے جو اپنی مہارت، کارناموں اور اثرات سے ہمیشہ کے لیے یادگار بن گئے۔

جہانگیر خان، جنہیں اسکواش کا بے تاج بادشاہ کہا جاتا ہے، کو 50 عظیم ترین ایتھلیٹس کی اس فہرست میں 25واں مقام دیا گیا ہے۔ ان کی کامیابیوں کی بات کی جائے تو وہ کسی خواب سے کم نہیں۔ جہانگیر خان نے اپنے کیریئر میں نہ صرف 10 برٹش اوپن اور 6 ورلڈ ٹائٹل جیتے بلکہ ایک ایسا ریکارڈ بھی قائم کیا جو شاید ہی کبھی ٹوٹ سکے— وہ مسلسل پانچ سال تک 555 میچز میں ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلوی اخبار کے مطابق، وہ اپنے وقت کے ایسے کھلاڑی تھے جنہیں ہرانا ناممکن لگتا تھا۔

اس فہرست میں پہلے نمبر پر باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن کو جگہ دی گئی ہے، جبکہ بجلی کی رفتار سے دوڑنے والے یوسین بولٹ دوسرے اور خواتین ٹینس کی بے تاج ملکہ سرینا ولیمز تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ کرکٹ کے عظیم ترین بلے باز سر ڈان بریڈمین کو چوتھا، اور باکسنگ کے شہنشاہ محمد علی کو پانچواں مقام دیا گیا ہے۔

جہاں پاکستان کو فخر کا لمحہ ملا، وہیں بھارت کے کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر نے فہرست میں 37واں نمبر حاصل کیا۔ اس کے علاوہ اس فہرست میں فٹبال کے جادوگر لیونل میسی، ٹینس کے بادشاہ راجر فیڈرر، گولف لیجنڈ ٹائیگر ووڈز، جمناسٹکس کو نئی بلندیوں پر پہنچانے والی سیمون بائیلز، اور تیراکی کے بے مثال چیمپئن مائیکل فلپس بھی شامل ہیں۔

یہ فہرست اسپورٹس کی دنیا کے ان ناقابل فراموش ناموں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا اور لاکھوں دلوں پر راج کیا۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.