پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور ٹی20 فارمیٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بولر کا اعزاز رکھنے والے فہیم اشرف کا پورا نام رانا فہیم اشرف ہے۔
وہ 16 جنوری 1994 کو پنجاب کے شہر قصور کے گاؤں پھول نگر میں پیدا ہوئے۔
ان کے والد کا شمار علاقے کے بااثر لوگوں میں ہوتا ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ فہیم اشرف کی دو بہنیں اور چھ بھائی ہیں جبکہ ان کی عرفیت ’یو یو‘ ہے۔
وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے قبل پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے میدان میں بھی پرفارم کر چکے ہیں۔
فہیم اشرف نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز سنہ 2010 میں انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے قصور، فیصل آباد کی ٹیم اور قائد اعظم ٹرافی میں بھی پرفارم کیا۔
سنہ 2017 میں ان کو پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پاکستان ون ڈے ٹیم کے لیے نامزد کیا گیا لیکن وہ اس میں انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز نہ کر سکے۔
اس کے بعد 2017 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے وہ پاکستان سکواڈ کا حصہ بنے اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں 64 رنز بنائے۔
انہوں نے اپنا او ڈی آئی ڈیبیو 12 جون 2017 کو چیمپئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف میچ سے کیا جبکہ اپنے ٹی20 کیریئر کا آغاز ورلڈ 11 کے خلاف میچ میں 12 ستمبر2017 کو کیا۔
فہیم اشرف پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی بھی ٹی20 میچ میں ہیٹرک کی۔ 27 اکتوبر 2017 کو شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظبی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں انہوں نے یکے بعد دیگرے تین بیٹرز کو آؤٹ کیا۔
فہیم اشرف ٹی20 فارمیٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بولر ہیں (فوٹو: اے پی)
اس کے بعد سنہ 2018 میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچ میں پہلی پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اس سال انہوں نے پی سی بی امرجنگ پلیئر آف دی ایر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت افغانستان پریمیر لیگ، سری لنکا پریمیر لیگ اور بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں بھی پرفارم کر چکے ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق فہیم اشرف نے اب تک 34 ایک روزہ میچ کھیل کر 46.30 کی ایوریج کے ساتھ 26 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی20 کے 48 میچوں میں شرکت کر کے 27.5 کی ایوریج کے ساتھ 36 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بیٹنگ کی بات کی جائے تو فہیم اشرف نے 34 ایک روزہ میچ کھیل کر 10.66 کی ایوریج کے ساتھ 224 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹی20 فارمیٹ میں 48 میچز کھیل کر12.44 کی ایوریج کے ساتھ 311 رنز بنائے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں نامزد ہونے کے بعد فہیم اشرف تنقید کی زد میں ہیں۔ کرکٹ شائقین فہیم اشرف کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کو ’سفارش‘ پر مبنی قرار دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا ایپ ایکس پر ڈاکٹر آف کرکٹ نامی اکاؤنٹ نے ایک میم پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بولنگ ایوریج 46.30 اور بیٹنگ ایوریج 10.66 ہے۔‘
اسی طرح سے دانش خان نے لکھا ’پرچی زندہ باد۔‘
انس رضا نے لکھا کہ ’فہیم اشرف ان، عامر جمال آؤٹ‘
شاہد خان نامی صارف نے لکھا کہ ’فہیم اشرف نے کم و بیش 100 میچز کھیلے ہیں لیکن اس نے کوئی جتوایا نہیں ہے۔‘
کرکٹ تجزیہ کار شاکر عباسی نے اس متعلق اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میگا ایونٹ میں جہاں دیگر ٹیمیں تین، تین اور چار، چار سپنرز کے ساتھ آ رہی ہیں پاکستان ٹیم ایک سپنر کے ساتھ جا رہی ہے سوالات تو اٹھیں گے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’فہیم اشرف گزشتہ دو برس سے پاکستان کے ون ڈے سکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ اگر انہیں پی سی بی ٹیم میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا تو کم از کم انہیں زمبابوے اور جنوبی افریقہ لے جاتے، ان سے بہتر پوٹینشل والے کھلاڑی عامر جمال ٹیم میں پرفارم بھی کرتے ہیں، انہیں ڈراپ کر کے فہیم اشرف کو لایا گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ اگر آپ نے ایک آل راؤنڈر رکھنا ہی تھا کوئی بہتر آل راؤنڈر رکھتے، پی سی بی کے پاس اسامہ میر، شاداب خان جیسے آپشنز موجود تھے، آپ پانچ فاسٹ بولرز کے ساتھ چیمپیئنز ٹرافی میں جا رہے ہیں، یہ ٹورنامنٹ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ یا انگلینڈ میں نہیں ہو رہا ہے، یہ ایشینز پچز پر ہو رہا ہے۔ آپ سپن ٹریپ ٹیسٹ کرکٹ میں بناتے ہیں تو یہی ٹریپ آپ کو چیمپیئنز ٹرافی میں بھی بنانا چاہیے تھا۔‘
شاکر عباسی نے فہیم اشرف کی سکواڈ میں شمولیت کو ’غیرمنطقی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’رانا فہیم اشرف کا مرشد اتنا تگڑا ہے کہ وہ انہیں بغیر پرفارمنس کے کئی کم بیک کروا گیا ہے۔‘