آئی سی سی کا شاہین آفریدی، کامران غلام اور سعود شکیل کو جرمانہ

image

تین ملکی سیریز میں کھیلے گئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران گرما گرمی کے واقعات کے بعد شاہین آفریدی، کامران غلام اور سعود شکیل کو جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹ کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق بدھ کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران گرما گرمی کے باعث شاہین آفریدی، کامران غلام اور سعود شکیل پر لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ اور ڈی میرٹ پوائنٹ عائد کیا گیا ہے۔

کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کرنے پر شاہین آفریدی پر 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کے 28ویں اوور میں شاہین آفریدی کو رن لینے کے دوران بیٹر میتھیو بریٹزکے کے راستے میں آتا دیکھا گیا۔

اس واقعے میں دونوں کھلاڑیوں کا جسمانی ٹکراؤ ہوا اور پھر دونوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

اس گیند سے قبل بریٹزکے نے گیند کھیلنے کے بعد بیٹ سے اشارہ کیا جس کے بعد شاہین آفریدی اُن کی جانب چل دیے اور کچھ کہنے لگے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوُوما کو رن آؤٹ کرنے کے بعد اُن کے قریب جا کر جارحانہ انداز میں جشن منانے پر سعود شکیل اور سبسٹیٹیوٹ فیلڈر کامران غلام پر 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ 29ویں اوور میں پیش آیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں پر کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کی گئی۔

تینوں کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے تین ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.