ترکی کے صدر طیب اردوغان نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو ترک الیکٹرک کار کمپنی ’توگ‘ کی ایک ایک گاڑی تحفے میں دی ہے۔
ترکی کے صدر طیب اردوغان نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو ترک الیکٹرک کار کمپنی ’توگ‘ کی ایک ایک گاڑی تحفے میں دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق شہباز شریف نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’مستقبل میں پاکستان اور ترکیہ کی آٹو موٹیو کمپنیوں کے درمیان تعاون کی خواہش ظاہر کی۔‘
جبکہ اردوغان نے اسلام آباد میں اپنے دورے کے دوران کہا تھا کہ ’پاکستان بھی ترکیہ کی تیار کردہ الیکٹرک کار (توگ) کو متعارف کروائے۔‘
پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے اردوغان نے جمعرات کے روز شہباز شریف کو سی گرین رنگ کی ’ٹی 10 ایکس‘ نامی کار پیش کی جبکہ سفید رنگ کی یہی کار صدر آصف علی زرداری کو بھی پیش کی گئی۔
اس سے قبل ترک صدر انڈونیشیا، ملائیشیا، کرغزستان کے صدور اور ہنگری کے وزیر اعظم کو بھی یہ کار تحفے میں دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی قوانین کے تحت سرکاری عہدیداران کو ملنے والے غیر ملکی تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے جاتے ہیں۔
ترک کمپنی توگ کی الیکٹرک کار میں خاص کیا ہے؟
توگ نامی کنسورشیئم 2018 کے وسط میں تشکیل دیا گیا تھا جس میں ترکی کے پانچ صنعتی گروپس شامل ہیں۔ یہ ترکی میں الیکٹرک گاڑیوں کا پہلا مقامی برانڈ ہے جس کا افتتاح خود اردوغان نے 2019 میں کیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ الیکٹرک کار کمپنی صدر اردوغان اور ان کی حکمراں جماعت اے کے پارٹی کا طویل مدتی منصوبہ ہے جس سے ملک کی معاشی طاقت ظاہر ہو گی۔
ترکی نے 2019 میں یہ ہدف طے کیا تھا کہ اس پروجیکٹ کے ذریعے سالانہ 175 ہزار گاڑیاں بنائی جائیں گی اور 13 سالہ عرصے کے دوران اس منصوبے پر 3.7 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔
2019 میں اس گاڑی کی لانچنگ کے وقت اردوغان نے کہا تھا کہ وہ نہ صرف اس کار کو مقامی طور پر فروخت کرنا چاہتے ہیں بلکہ اسے ایک عالمی برانڈ بھی بنانا چاہتے ہیں جس کی شروعات یورپ سے ہو گی۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’ہم ترکی کے 60 سال پرانے خواب کی تعبیر ہوتے دیکھ رہے ہیں۔‘
وہ ماضی میں اِن منصوبوں کا حوالہ دے رہے تھے جن میں ترکی میں مقامی سطح پر گاڑی بنانے میں ناکامی ہوئی تھی۔
ترکی یورپ میں فورڈ، فیاٹ، ٹویوٹا، رنالٹ اور ہنڈائی جیسے برانڈز کی گاڑیاں برآمد کرتا ہے۔
![توگ، ترک صدر](https://ichef.bbci.co.uk/news/raw/cpsprodpb/c2ad/live/6e5baf50-eab4-11ef-a819-277e390a7a08.jpg)
ترک حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ اس کی جانب سے 2035 تک کمپنی سے 30 ہزار گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
ترکی کے قومی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق اس کی پہلی دو گاڑیاں اپریل 2023 کے دوران صدارتی محل میں اردوغان اور ان کی اہلیہ کو پیش کی گئی تھیں جبکہ ترکی کے وزرا یہی کار استعمال کر رہے ہیں۔
ٹی آر ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق 2024 میں ’توگ‘ کی ایس یو وی ٹی 10 ایکس ترکی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ایس یو وی اور الیکٹرک کار تھی۔
توگ کے مطابق 2023 کے مقابلے 2024 میں کمپنی کی پیداوار میں 53 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا مگر یہ ترکی میں پانچویں سب سے زیادہ بِکنے والی کار تھی۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2023 میں لانچ سے قبل اس کے ماڈل ٹی 10 ایکس کے 177467 پری آرڈرز آ چکے تھے۔ ٹوگ کی الیکٹرک کار ٹی 10 ایکس کی دو قسمیں ہیں اور یہ چھ رنگ میں دستیاب ہے۔
314 کلو میٹر کی رینج والے ماڈل کی قیمت 50 ہزار 200 ڈالر جبکہ 523 کلو میٹر رینج والے ماڈل کی قیمت 64 ہزار ڈالر ہے۔
کمپنی کے مطابق ٹی 10 ایکس کی بہتر ہارس پاور والے ماڈل کو صفر سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک 4.8 سیکنڈ میں لے جایا سکتا ہے۔
توگ کا دعویٰ ہے کہ اس کار کو فاسٹ چارجنگ سٹیشن کی مدد سے 20 فیصد سے 80 فیصد تک چارجنگ میں 28 منٹ سے کم وقت لگتا ہے۔