دنیا کا سب سے امیر شخص اپنے بیٹے کو وائٹ ہاؤس کیوں لایا؟

غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں سے لے کر سپیس ایکس لانچ کے کنٹرول روم تک ایلون مسک کے بچے اپنے والد کے ساتھ کاروباری اور ٹیکنالوجی کی اہم میٹنگز کے علاوہ اب سیاسی ملاقاتوں میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔
ایلون مسک
BBC

دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کے بچوں نے بہت سی ایسی جگہیں دیکھ رکھی ہیں جہاں پر بہت سے لوگ اپنی زندگی میں کبھی جا بھی نہیں سکیں گے۔

غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں سے لے کر سپیس ایکس لانچ کے کنٹرول روم تک ایلون مسک کے بچے اپنے والد کے ساتھ کاروباری اور ٹیکنالوجی کی اہم میٹنگز کے علاوہ اب سیاسی ملاقاتوں میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایلون مسک کو ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (ڈوج) کی قیادت سونپے جانے کے بعد ان کے بچے کئی بار منظر عام پر آئے ہیں۔

مسک کے چار سالہ بیٹے ’لِل ایکس‘ بدھ کے روز اوول آفس میں ریزولیوٹ ڈیسک کے کونے پر کوٹ اور کالر والی قمیض پہن کر لٹکے ہوئے تھے۔

جمعرات کے روز ایکس اور ان کے دو بہن بھائیوں نے اس وقت انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ تحائف کا تبادلہ کیا جب ان کے والد مودی سے ٹیکنالوجی پر بات چیت کر رہے تھے۔

حکومت میں آنے سے پہلے بھی کئی مواقع پر مسک کو اپنے بچوں کے ساتھ دیکھا گیا، جیسے ترک صدر سے میٹنگ کے دوران، آشوٹوز کیمپ کی ایک میموریل سروس میں اور ٹائم میگزین کی اس تقریب میں بھی جب ایلون مسک کو سنہ 2021 میں ’پرسن آف دا ایئر‘ کا خطاب دیا گیا۔

لیکن مسک اپنے بچوں کو ان مواقع پر ساتھ کیوں رکھتے ہیں؟

واشنگٹن ڈی سی میں امیریکن یونیورسٹی کے پروفیسر کرٹ بریڈوک کہتے ہیں کہ ’عوامی تقریبات میں اپنے بچوں کو لانا سیاسی اقدام ہے تاکہ لوگوں کی نظروں میں ان کی شبیہ کو عوامی بنایا جا سکے۔‘

ایلون مسک
Getty Images

مسک اپنے بچوں کو ساتھ کیوں لاتے ہیں؟

لیکن اس کے باوجود پروفیسر بریڈوک کا خیال ہے کہ مسک کا اپنے بچوں کو اوول آفس میں لانا غیر معمولی ہے۔

ایکس 30 منٹ کی ایک پریس بریفنگ کے دوران بوریت کا شکار نظر آئے اور انھوں نے اپنے والد کی نقل بھی اتاری، وہ فرش پر بیٹھ گئے اور امریکی صدر نے مسکراتے ہوئے ان کی طرف دیکھا۔ ایک موقعے پر ایسا لگا کہ ٹرمپ نے کمرے میں موجود کسی شخص کو کہا کہ وہ ایکس کو ’خاموش‘ کرائیں۔

پروفیسر بریڈوک کا خیال ہے کہ ان (بچوں) کو جان بوجھ کر لایا جاتا ہے تاکہ دھیان بٹایا جا سکے اور اس سے مسک اور ٹرمپ دونوں کو فائدہ ہے۔

’میرا خیال ہے کہ یہاں کچھ حکمت عملی ضروری ہے تاکہ کچھ چیزوں کی جانب توجہ دلائی جا سکے اور کچھ چیزوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔‘

ہاروڈ میں شعبہ تدریس سے منسلک اور پانچ صدارتی مہم میں کام کرنے والے کنسلٹنٹ جان ہابر کہتے ہیں کہ ’ایلون مسک کے بچے متعدد بار سامنے آ چکے ہیں اور وائرل لمحات بنا رہے ہیں اور یہ ٹرمپ کے لیے فائدہ مند ہے۔‘

جان ہابر کہتے ہیں کہ ’ٹرمپ کے لیے جتنی زیادہ افراتفری ہو گی، اتنا کم ہی لوگ فوکس کر سکیں گے۔ افراتفری ان کے لیے کام کرتی ہے۔‘

ایلون مسک
BBC

لیکن دوسری ہی جانب مسک کی سابقہ گرل فرینڈ اور ایکس کی ماں گریمز اوول آفس میں اپنے بچے کی موجودگی پر تنقید کرتی ہیں۔

انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’انھیں اس طرح سے عوام کے سامنے نہیں ہونا چاہیے۔ میں یہ نہیں دیکھ سکی لیکن میں خوش ہوں کہ وہ شائشتہ رہے۔‘

سنہ 2022 میں امریکی میگزین ’وینیٹی فیئر‘ کے ایک آرٹیکل میں بھی وہ کہہ چکی ہیں کہ انھیں یہ پسند نہیں کہ ان کا بیٹا عوامی سطح پر سامنے آئے۔

’میرے خاندان میں جو کچھ بھی ہو رہا ہو میں سمجھتی ہوں بچوں کو اس سے باہر رہنا چاہیے اور ایکس تو باہر سب کے سامنے ہیں۔ میرا مطلب ہے کہ ای (مسک کے بیٹے) انھیں ایک مثال کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘

مسک اور ان کے بچے

لیکن سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے بھی ایلون مسک اپنے بچوں کو ساتھ رکھتے تھے۔

ایک دہائی قبل جب مسک ابھی اپنا پروفائل بنانے اور اپنی کار کمپنی ٹیسلا کی جانب توجہ دلانے کے لیے کام کر رہے تھے تو تقاریب میں ان کے بچوں کا ساتھ ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔

سنہ 2015 میں سیلیکون ویلی میں جب صحافی اور تجزیہ کار ایک نقاب کشائی کے منتظر تھے تو ان کے پانچ بچوں کو ہال میں بھاگتے، ایک دوسرے کا پیچھا کرتے اور اونچی آواز میں ہنستے دیکھا گیا۔

تاہم اس موقع پر مسک کے بچوں کی موجودگی نے گھنٹوں کے مشکل انتظار کو شرکا کے لیے خاصا آسان بنا دیا۔

ایلون مسک، مودی
Getty Images

تین مختلف خواتین کے ساتھ ایلون مسک کے 12 بچے ہیں۔

ان کے سب سے مشہور بیٹے کا نام ’?X Æ A-12‘ ہے جنھیں ’لل ایکس‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مسک نے اس کا نام تبدیل کر کے ایکس رکھ دیا تھا۔

ایلون مسک خود اپنے اس چار سالہ بیٹے کو ’جذبات میں معاون انسان‘ کا نام دے رکھا ہے۔

مسک کی سوانح عمری لکھنے والے والٹر آئزاکسن نے پوڈ کاسٹ ’دا ڈائری آف اے سی ای او‘ میں کہا کہ مسک اپنے بچوں کے ساتھ انتہائی لگاؤ رکھتے ہیں اور ان کے بارے میں ’تقریباً جنونی ہیں۔‘

’اپنے بچوں، اپنی محبوباؤں، اپنی بیویوں کے ساتھ لگاؤ ان کی ہر اس چیز میں نظرآتا ہے، جو وہ کرتے ہیں۔‘

’وہ ہمیشہ اپنے کسی نہ کسی بچے کو اپنے اردگرد رکھنا چاہتے ہیں۔ انھیں ہمیشہ اپنے ساتھ ایک ساتھی رکھنا پسند ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں انھیں سکون پسند ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.