پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ اُن پر کسی بھی چیز کا دباؤ نہیں ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پریس ریلیز کے مطابق بابر اعظم نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔
بابر اعظم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت پرجوش ہوں، ہم پاکستان میں بہت عرصے بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے والے ہیں۔ بطور کھلاڑی میں بہت پرجوش ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’2017 کے فائنل کی میری بڑی یادداشت میں فخر زمان کی اننگز، محمد عامر کا سپیل، حسن علی کا سپیل اور جیت کے لمحہ شامل ہیں۔‘
دائیں بازو کے بیٹر نے مزید بتایا کہ ’2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد بہت سی چیزیں تبدیل ہوگئی ہیں۔ ہمارے پاس نئے کھلاڑی آ رہے ہیں۔ ہمارے پاس تین سے چار وہ کھلاڑی ہیں جو اُس ٹیم کا حصہ تھے لیکن یقین، اعتماد اور طرزعمل بالکل ویسا ہی ہے۔‘
اپنے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’میں ہر میچ میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ پاکستان جیتے۔ میں اپنی کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھ پر کسی بھی چیز کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ جو ماضی میں ہوا وہ اب ماضی کا حصہ ہے۔ جو غلطیاں ہم نے کی ہیں ہم نے اُن پر کام کیا ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ ماضی والی غلطیاں نہ دہرائیں۔‘
بیٹر مزید کہتے ہیں کہ ’جب آپ گھر میں کھیلتے ہیں تو آپ کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ آپ کو کنڈیشنز کا علم ہوتا ہے۔‘
خیال رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔