پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سج گیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ول یونگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
اس سے قبل، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا۔
اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے پویلین بھیج دیا، ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھل گئی، ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ول یونگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں، ٹام لیتھم نے بھی اپنی شاندار سینچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، وہ 104 گیندوں پر 118 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
گلین فلپس نے بھی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2،2 جب کہ محمد ابرار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
فخر زمان انجری کا شکار
دریں اثنا، پاکستانی بلے باز فخر زمان میچ کی ابتدا میں ہی فیلڈنگ کے دوران گر کر انجری کا شکار ہوگئے۔
فخر زمان فیلڈنگ کے دوران پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہوئے، پاکستانی اوپنر کچھ دیر بعد فیلڈ پر آئے لیکن پھر واپس چلے گئے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی جانچ کی جا رہی ہے، تاہم کچھ دیر آرام کے بعد فخرزمان ایک بار پھر سے فیلڈنگ کے لیے میدان میں اترگئے۔
دفاعی چیپمئن ہیں، تھوڑا دباؤ ہوگا، محمد رضوان
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حارث رؤف کو فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیپمئن ہیں، تھوڑا دباؤ ہوگا، شام کو اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جب کہ سہ فریقی سیریز والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے، کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر آؤٹ کریں۔
دوسری جانب، کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ٹیم کے کمبی نیشن سے مکمل مطمئن ہوں،بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستانی اسکواڈ
فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل،طیب طاہر، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، ابراراحمد، شاہین آفریدی،نسیم شاہ اور حارث رؤف
نیوزی لینڈ اسکواڈ
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ ول ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، مچل سنٹر، نیتھم اسمتھ، میٹ ہنری اور ول اوروکی پر مشتمل ہے۔
اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 118 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، 61 میچز میں قومی ٹیم نے میدان مارا جبکہ 53 میچز نیوزی لینڈ کے نام رہے، ایک میچ ٹائی اور 3 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔
دریں اثنا، چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ان کی صاحبزادی رکن قومی اسمبلی آصف بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی، آخری چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔
افتتاحی تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار شاندار فلائی پاسٹ کیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی پیش کرکے دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
جے ایف 17، ایف 16 اور شیر دل شاہین پر مشتمل فضائی دستے نے فضا میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے قوم کو سلامی پیش کی، شیر دل ٹیم نے بھرپور پیشہ وارانہ مہارت کے ثبوت کے طور پر شاہین بریک کا مظاہرہ کیا۔