ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کا نام تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جمعرات کو ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی سمری کی منظوری دی۔
ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کا نام تبدیل کرنے کی باضابطہ منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔
محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ’کرکٹ کے لیے عمران خان کی خدمات کے اعتراف میں سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کا پرانا نام شاہی باغ سٹیڈیم تھا اور یہ خیبر پختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن کی ملکیت ہے۔
یہ سٹیڈیم 41 برس قبل 1984 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں 30 ہزار سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورت حال اور ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ کی وجہ سے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں گذشتہ 19 برس سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا گیا۔
اہم بات یہ ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں 2016 سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا بھی تاحال کوئی میچ نہیں ہوا۔
پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان اور انڈیا کے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی میزبانی کی تھی۔
’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ کے دوران 2001 سے 2005 کے درمیان اس سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے صرف تین میچز کھیلے۔
ان میں ایک ٹیسٹ بنگلہ دیش کے خلاف 2003 میں جبکہ دو ون ڈے میچز انڈیا اور زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے۔
خیبر پختونخوا کی حکومت نے 4 اپریل 2018 کو ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے منصوبے کی منظوری دی تھی جس پر ایک ارب 37 کروڑ روپے لاگت آنا تھی۔
تاہم بعد میں اس کی لاگت ایک ارب 94 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، بعد ازاں 6 ستمبر 2024 کو نظرثانی شدہ تخمینے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق اس سٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر 2 ارب 31 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔