سرزمین پاک کے سپوت نے دیار غیر میں ملک وقوم کا نام روشن کر دیا۔ پاکستانی نژاد ڈاکٹر، عمر اسلام کینیڈا کے قدیم ترین سرکاری ہسپتال، کنگسٹن ہیلتھ سائنسز سینٹر(KHSC) میں شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ہیں۔
چند سال قبل طبی آلات کی نمائش میں انھیں ایک نئی ایجاد، پورٹیبل ایم آرآئی اسکین مشین ( Swoop MRI ) نظر آئی جو آئی سی یو میں رکھنے کی خاطر امریکی کمپنی نے بنائی تھی۔
ایم آر آئی اسکین جسمانی و ذہنی امراض کی بہترین تشخیص کرتی ہے۔ اسے دیکھ کر ڈاکٹر عمر کو خیال آیا، یہ چھوٹے شہروں، قصبوں، دیہات کے طبی مراکز میں لگ جائے تو لاکھوں لوگوں کو بہت فائدہ ہو گا۔
روایتی ایم آرآئی مشین مہنگی ، نہایت بھاری ہوتی اور صرف بڑے ہسپتالوں میں ملتی ہے۔چھوٹے علاقوں کے باسی بڑے شہر آ کر تشخیص کراتے ہیں جس پر وافر پیسا، وقت اور توانائی لگتی ہے۔
ڈاکٹر عمر نے اپنا خیال ہسپتال انتظامیہ اور امریکی کمپنی کو بتایا تو سبھی کو پسند آیا۔ان کی ہدایت پر کمپنی نے پورٹیبل مشین میں تبدیلیاں کیں تاکہ وہ چھوٹے اسپتال یا کلینک میں لگ سکے۔پھر کینیڈین محکمہ صحت نے تنصیب کی منظوری دی۔ پچھلے دو ماہ سے یہ مشین کینڈین چھوٹے شہروں وقصبات کے طبی مراکز میں لگ چکی اور ہزارہا لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔وہ بہ آرام بیماریوں کی تشخیص کراتے اور جلد صحت کی دولت پاتے ہیں۔
ڈاکٹر عمر کا منصوبہ ہے، یہ پورٹیبل مشین بلوچستان، سندھ، خیبرپختون خوا اور پنجاب کے دوردراز علاقوں میں بھی نصب کی جائے تاکہ لاکھوں ہم وطنوں کو تشخیص کی فوری وبہترین سہولت ملے۔
یہ ایم آر آئی کافی مشین جتنی بجلی استعمال کرتی اور چھوٹی سے جگہ پہ لگ سکتی ہے۔اس کو چلانا سیکھنا بھی آسان اور چلانے کا خرچہ بھی کم ہے۔