مصطفیٰ نے ارمغان سے پیسے لئے تھے اور۔۔ مشترکہ دوست کے انکشافات نے کیس کا رخ موڑ دیا

image

’’ارمغان کو 2016 سے جانتا ہوں، وہ اپنے پیسوں سے سب دوستوں کو نشہ کرواتا تھا۔ مصطفیٰ کو کئی بار نیو ایئر پارٹی میں بلایا گیا، مگر اس نے شرکت نہیں کی اور اپنی پارٹی ہاکس بے پر رکھی۔‘‘

کراچی کے ہائی پروفائل مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ آج نیوز نے مقتول کے قریبی دوست کا ویڈیو بیان حاصل کر لیا، جس میں اس نے مصطفیٰ اور ملزم ارمغان کے درمیان مالی تنازعے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

’’مصطفیٰ کہتا تھا کہ ارمغان اسے بار بار گھر بلاتا ہے، مگر وہ جانے سے کتراتا تھا۔‘‘

دوست کے مطابق، مصطفیٰ اور ارمغان کے درمیان پیسوں کا معاملہ چل رہا تھا۔ مصطفیٰ نے کسی بہانے سے ارمغان سے رقم لی تھی، مگر جب ارمغان نے اپنے پیسے واپس مانگے تو معاملہ شدت اختیار کر گیا۔

’’یہ لوگ ’جنگل بوائے‘ نامی نشہ آور مواد استعمال کرتے تھے، اس کی پیکنگ کو اسکریچ کرو تو پن لوکیشن مل جاتی تھی۔‘‘

دوست نے مزید بتایا کہ ارمغان کے پاس 30 سے 35 سکیورٹی گارڈز ہوا کرتے تھے، جو ہمیشہ اس کے اردگرد موجود رہتے تھے۔ اگر کوئی ویڈیو بنانے کی کوشش کرتا تو یہ گارڈز فوراً اسے روک دیتے۔

’’ارمغان نے شارع فیصل اور ڈیفنس فیز 8 میں دفاتر بنا رکھے تھے، مگر پانچ ماہ قبل اس نے اپنے دوسرے دفاتر اور شیر کے بچے بند کر دیے۔‘‘

مصطفیٰ قتل کیس کی تحقیقات مزید پیچیدہ ہو گئی ہیں، کیونکہ اس میں نئے کرداروں کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں، جن میں شاہ زین مری کا ذکر بھی ہونے لگا ہے۔

دوست کے مطابق، مصطفیٰ سے اس کی آخری ملاقات عثمان سواتی کی میت پر ہوئی تھی، جبکہ ارمغان سے آخری بار ڈیڑھ سے دو مہینے قبل ملا تھا۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.