امریکی خفیہ سروس کے ایجنٹس نے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا، جکہ اس موقع پر صدر ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں موجود تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ مشتبہ شخص ہسپتال میں داخل ہے اور اس کی حالت کے بارے میں ’علم نہیں۔‘ترجمان نے جاری بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ کیا اس شخص کا ارادہ وائٹ ہاؤس یا صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کا تھا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹ سروس ایجنٹس کو کسی قسم کے زخم نہیں آئے۔بیان کے مطابق مقامی پولیس نے ایجنٹس کو ایک ’خودکش‘ کے حوالے سے خبردار کیا تھا جو ریاست انڈیانا سے واشنگٹن کا سفر کر رہا ہے اور سنیچر کی رات بارہ بجے کے قریب اس کی گاڑی وائٹ ہاؤس کے بہت قریب گلی میں دیکھی گئی۔بعد ازاں ایک شخص کو وائٹ ہاؤس کے انتہائی قریب دیکھا گیا جس کے خدوخال پولیس تفصیلات میں بتائے گئے فرد سے ملتے تھے۔وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ ’جیسے ہی افسران اس کے پاس پہنچے تو اس شخص نے بندوق دکھائی جس کے بعد ہاتھا پائی ہوئی اور اس دوران ہمارے اہلکاروں نے گولیاں چلائیں۔‘بیان کے مطابق مشتبہ شخص کو ہسپتال پہنچایا گیا تاہم اس کی حالت کے حوالے سے معلومات نہیں ہیں، واشنگٹن پولیس تمام معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔