پاکستان نے امن کی ہر کوشش کا جواب ’دشمنی اور دھوکے‘ سے دیا: انڈین وزیراعظم

image
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ پُرامن تعلقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈین وزیراعظم نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں کہا کہ ’امن کو فروغ دینے کی ہر نیک نیتی سے کی گئی کوشش کا جواب دشمنی اور دھوکے سے دیا گیا۔‘

نریندر مودی نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی دوسری مدت صدارت کے لیے ’بہت زیادہ تیاری کر کے آئے ہیں۔‘ انہوں نے یہ بات ایک ایسے وقت کی ہے جب امریکہ انڈیا کے ساتھ تجارت پر ٹیرف عائد کرنے جا رہا ہے۔

انڈیا ان تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے جو اپریل سے امریکہ کی جانب سے ٹیرف کا سامنا کرنے والے ہیں۔ امریکی ٹیرف سے آٹوموبائل سے لے کر زراعت تک کی صنعتوں میں انڈیا کے برآمد کنندگان کو پریشانی لاحق ہے۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم مودی اور صدر ٹرمپ کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے ٹیرف کے مسئلے کو حل کرنے اور 2025 کے اختتام تک اُس معاہدے کے پہلے حصے پر کام کرنے پر اتفاق کیا، جس کا مقصد 2030 تک 500 ارب ڈالر کی دو طرفہ تجارت تک پہنچنا ہے۔

وزیراعظم مودی نے اتوار کو امریکی پوڈ کاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں ٹرمپ کی دوسری مدت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ تیار نظر آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’صدر ٹرمپ کے ذہن میں ایک واضح روڈ میپ ہے جس میں اچھی طرح سے طے شدہ اقدامات ہیں، ہر ایک اسے ایسا ڈیزائن کیا گیا ہے جو اُن کو اپنے مقاصد کی طرف لے جائے۔‘

تین گھنٹے سے زائد دورانیے کے پوڈکاسٹ میں وزیراعظم مودی نے سفارتکاری اور مصنوعی ذہانت سے لے کر اپنی ابتدائی زندگی تک کے حوالے سے بات کی۔

انڈین وزیراعظم نے لیڈروں کے درمیان مضبوط تعلق و رابطے پر زور دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی عاجزی اور انکساری کی تعریف کی۔

نریندر مودی نے کہا کہ ’ان کا 'امریکہ فرسٹ' کا جذبے اس کا عکاس ہے، جیسا کہ میں قوم کو پہلے مانتا ہوں۔ میں سب سے پہلے انڈیا کے لیے کھڑا ہوں، اور اسی لیے ہم بہت اچھے طریقے سے جڑے ہوئے ہیں۔‘

نریندر مودی نے پوڈ کاسٹ میں تین گھنٹے کے لگ بھگ گفتگو کی۔ فوٹو: لیکس فریڈمن/یوٹیوب

انڈیا کے پڑوسیوں سے تعلقاتروس میں وزیراعظم مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بات چیت کے بعد دونوں ملکوں کی سرحد پر فوجی تناؤ کو کم کرنے کے لیے معاہدے کے بعد گزشتہ سال انڈیا کے چین سے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

نریندر مودی نے اس کے بارے میں کہا کہ ’آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر، اعتماد، جوش اور توانائی واپس آئے گی۔‘

دونوں ممالک سنہ 2020 میں ہونے والی سرحدی جھڑپ سے پہلے جیسے تعلقات بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’لیکن یقیناً اس میں کچھ وقت لگے گا، کیونکہ پانچ سال کا وقفہ ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی توجہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ان کے اختلافات ’تنازعات میں تبدیل نہ ہوں۔‘

پاکستان کے ساتھ تعلقات پر انڈین وزیراعظم مودی نے پرامن تعلقات کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ ’امن کو فروغ دینے کی ہر نیک نیتی سے کی گئی کوشش کا جواب دشمنی اور دھوکے سے دیا گیا۔‘

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ’ہمیں پوری امید ہے کہ وہ تدبر سے کام لیں گے اور امن کا راستہ منتخب کریں گے۔‘

چین اور پاکستان کی وزارت خارجہ نے روئٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.