چوتھا ٹی 20: نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف چوکوں اور چھکوں کی بارش

image

نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو جیت کے لیے 221 رنز کا ہدف دے دیا، میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے، فن ایلن 50 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کی۔

ماؤنٹ مانگا نوئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کیوی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 59 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، میزبان ٹیم نے 3.5 اوورز میں ہی 50 رنز بٹور لیے۔

حارث رؤف نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر44 رنز بنانے والے ٹم سیفرٹ کو خوشدل شاہ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کردیا، تاہم کیوی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں 79 رنز بناڈالے جبکہ محض 7.2 اوورز میں 100 رنز مکمل کرلیے۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 108 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے والے مارک چیپمین کو حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری،20 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے فن ایلن کو عباس آفریدی نے حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری، 3 رنز بنانے والے جیم نیشم ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

149 کے مجموعی اسکور پر کیویز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا، 3 رنز بنانے والے مچل ہے کو بھی ابرار احمد نے محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 206 رنز پر گری، 29 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو حارث رؤف نے عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 220 رنز اسکور کیے، اننگز کے اختتام پر مائیکل بریس ویل 44 جبکہ زکرے فولکس 3 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

چوتھے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیلی جیمیسن اور بین سیئرز کی جگہ وِل اورورکی اور جیکب ڈفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستانی پلئینگ الیون

چوتھے ٹی 20 کے لیے پاکستانی ٹیم محمد حارث، حسن نواز، کپتان سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔

کیوی پلیئنگ الیون

نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، مچ ہے، مائیکل بریس ویل، اش سوڈھی، زکرے فولکس، جیکب ڈفی اور ول اورورکی پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے، نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو 9 وکٹوں اور دوسرے ٹی 20 میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی

تاہم تیسرے ٹی 20 میں پاکستان نے حسن نواز کی برق رفتار سنچری کی بدولت کیویز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی اور 205 رنز کا ہدف محض 16 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.