کرکٹ کی خبروں کی ویب سائٹ ’کرک بز‘ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کوریج روک دی ہے۔’بزنس اپٹرن‘ کے مطابق ’کرک بز‘ نے یکجہتی اور علامتی احتجاج کے طور پر اپنی ویب سائٹ اور ایپ سے پی ایس ایل کا سیکشن ہٹا دیا ہے۔اب اگر آپ پی ایس ایل سے متعلق معلومات جاننے کے لیے ویب سائٹ کا رخ کرتے ہیں تو ویب سائٹ ایرر دکھاتی ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 26 سویلینز مارے گئے تھے۔اس حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدگی اختیار کر گئے تھے۔’کرک بز‘ سے قبل انڈیا سے تعلق رکھنے والے پی ایس ایل کے براڈکاسٹ پارٹنر ’فین کوڈ‘ نے ایونٹ کی کوریج بند کر دی تھی۔ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کے بعد وہاں کی نجی کمپنیاں بھی پاکستان کے خلاف اقدامات میں شامل ہو گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی کوریج تمام تر انڈین پلیٹ فارمز کی جانب سے بند کر دی گئی ہے۔اسی طرح سے کم و بیش ایک دہائی بعد بالی وڈ میں کم بیک کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔یار دہے کہ پی ایس ایل کا سیزن 10 جاری ہے جس کے میچز کراچی، لاہور، ملتان، اور راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ہیں۔پی ایس ایل میں کُل چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اب تک 34 میں سے 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سب سے زیادہ فتوحات کے ساتھ سب سے اوپر ہے جبکہ ملتان سلطانز کا آخری نمبر ہے۔