پاکستان کی ائیرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کھول دی گئی ہیں اور تمام ائیرپورٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔بدھ کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قومی فضائی حدود شہری ہوابازی کے لیے دستیاب اور محفوظ ہیں۔بیان کے مطابق پاکستان نے انڈیا کے غیر ذمہ درانہ اقدامات کے باعث شہری ہوا بازی کو لاحق ہونے والے سنگین خطرات سے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کو آگاہ کردیا ہے۔اتھارٹی کے مطابق قومی فضائی حدود کے محفوظ اور موثر انتظام سے مقامی اور بین الاقوامی کمرشل فلائٹس کی پر امن اور مسلسل روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ رات انڈیا کی طرف سے حملے کے بعد پاکستان نے اپنی ایئر سپیس کو عارضی طور پر بند کرنے کے بعد اسلام آباد اور کراچی کی فضائی حدود کو بحال کر دیا تھا۔ تاہم لاہور کی ایئر پیس کو کھولنے کے بعد چند روٹس کے لیے دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔بدھ کی صبح سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ آپریشنل پابندیوں کے دوران ائیر سپیس کو 48 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو احتیاط برتنے کا کہا ہے کہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔بدھ کی دوپہر کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور کی فضائی حدود میں مختلف فضائی روٹس کو کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ بند کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق لاہور کی فضائی حدود کے روٹ جے 139، جے165 اور جے 186 روٹ فلائٹ آپریشن کے لیے بند کیے ہیں۔لاہور فضائی حدود کے یہ روٹس آپریشنل وجوہات کے بعد 24 گھنٹے کے لیے بند کیے گئے ہیں۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے تاہم اسلام آباد آنے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے معاونت کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔