کبھی سرحد پار سے آنے والی مہربان مسکراہٹ، آج سوالوں کے کٹہرے میں کھڑی ہے۔ بھارتی ٹینس اسٹار اور شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ایک ایسی پوسٹ شیئر کی، جس نے ان کے لیے پاکستانی سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا۔
پاکستانی عوام، جنہوں نے برسوں انہیں دل سے اپنایا، اب ان کے جنگ سے جڑے بیانیے پر سخت نالاں ہیں۔ ان کی پوسٹ کو بھارت کی جنگی مہم کی حمایت کے طور پر دیکھا گیا، جس پر لوگوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا: ”آپ ایک ماں ہیں، اور معصوم بچوں کی ہلاکت پر خاموشی یا حمایت؟ یہ ناقابلِ معافی ہے!“ ایک اور نے کہا: ”یہی تو رویہ اسرائیل کا ہے، جب وہ معصوم جانوں پر ظلم کرتا ہے۔“
ثانیہ ہمیشہ خواتین کے حقوق اور امن کی وکالت کرتی رہی ہیں، لیکن حالیہ بیان ان کے انہی دعووں سے متصادم نظر آیا۔ اذہان مرزا ملک، جو آدھا پاکستانی ہے، اسی تعلق کی بنیاد پر ثانیہ کو یہاں ہمیشہ عزت ملی، یہاں تک کہ ان کی طلاق پر بھی اکثریت نے ان کا ساتھ دیا۔