کانز: فلم فیسٹیول کے نائب صدر کو جنسی تشدد کے الزام پر معطل کر دیا گیا

image

کانز فلم فیسٹیول کے متوازی فلم ایونٹ کے نائب صدر کو ایونٹ کے دوران جنسی تشدد کے الزام میں معطل کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز کانز فلم فیسٹیول کے متوازی فلم ایونٹس میں سے ایک ’ ایسڈ کانز’ کے نائب صدر کو جنسی تشدد کے الزام میں معطل کردیا گیا۔

عینی شاہدین اور منتظمین نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ ایسڈ کانز ’ کے نائب صدر کو مبینہ طور پر جنسی تشدد میں ملوث ہونے پر عوامی تنقید اور مذمت کے بعد معطل کیا گیا۔

ایسڈ کانز ایونٹ باضابطہ طور پر کانز فلم فیسٹیول کا حصہ نہیں ہے، لیکن اس کا انعقاد بھی کانز فلم فیسٹیول کے ساتھ ہی ہوتا ہے اور اس کے کانز فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کے ساتھ کچھ تنظیمی روابط ہیں۔

اس واقعے کے بعد فرانس کے فلم بورڈ (سی این سی) کے زیر اہتمام جنسی حملے کے بارے میں ایک گول میز کانفرنس منعقد کی گئی جس کے دوران ایک خاتون کھڑی ہوئیں اور انہوں نے ایسڈ کانز فلم سیکشن کے ایک ایگزیکٹو پر جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

اس بارے میں کمرے میں موجود فرانسیسی رکن پارلیمنٹ ایروان بالاننٹ نے اے ایف پی کو بتایا،’ نوجوان خاتون نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کیا اور وہاں موجود خیراتی اداروں نے فوری طور پر ان کی دیکھ بھال کی ذمے داری لے لی۔’

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مرکزی کانز فیسٹیول میں جمعرات کے روز ’ پام ڈی اور’ کے ٹاپ پرائز کے لیے مقابلے میں شامل ایک فلم کے پریمیئر میں ایک فرانسیسی اداکار کو شرکت سے روک دیا گیا کیونکہ اس پر تین سابقہ ​​ساتھی خواتین نے عصمت دری کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ایسڈ کانز کے دو دیگر شریک صدور نے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا، ’ آج، ایک عوامی گول میز کانفرنس کے دوران، ہم نے ایک خاتون کی گواہی سنی جس میں ہمارے ایک رکن، جو فی الحال ایسڈ کے نائب صدر ہیں، کو سنگین افعال میں ملوث ٹھہرایا گیا ہے جو جنسی تشدد کے مترادف ہو سکتے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ نائب صدر کو احتیاطی تدبیر کے طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور ’ اس سلسلے میں تحقیقات کی ذمے داری ایک بیرونی ادارے کو سونپی گئی ہے۔’ قانونی وجوہات کی بنا پر نائب صدر کا نام نہیں بتایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کے منتظمین کو ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کی جانب سے جنسی تشدد پر سخت موقف اختیار کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا رہا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.