’جوہری صلاحیت امن کی ضامن،‘ یوم تکبیر پر ملکی خود مختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

image
پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 27 برس مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں یوم تکبیر منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دہرایا جبکہ افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیف نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کے لیے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے جاری پیغام میں کہا ہے کہ یوم تکبیر 1998 کے اس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایک ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، جنوبی ایشیا میں سٹریٹیجک توازن کو بحال کیا اور اپنے دفاع کا حق منوایا۔

پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور باوقار اور پرامن وجود کے لیے غیر متزلزل جستجو کی مظہر ہے۔

’پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو اس کے عوام کی اجتماعی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔ یوم تکبیر کا دن قیادت کی دور اندیشی، ہمارے سائنس دانوں اور انجینئروں کی ذہانت اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والی تمام شخصیات کی لاتعداد خدمات کو خراج تحسین ہے۔‘

پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ دن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ ’قابل اعتبار کم سے کم ڈیٹرنس‘ کے نظریے کی بھی توثیق کرتا ہے جو خطے میں امن اور سٹریٹیجک استحکام کو برقرار رکھنے کے اصول پر مبنی ہیں۔‘

’پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے تصادم میں تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔‘

افواج پاکستان نے پیغام میں مزید کہا کہ ’قوم کے تزویراتی اثاثوں کے ذمہ دار نگہبان کے طور پر، ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری جوہری صلاحیت محض دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔‘

پیغام میں کہا ہے کہ ’افواج پاکستان اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے قوم کے ساتھ کھڑی ہیں، ان قربانیوں کا احترام کرتے ہیں جن کی وجہ سے اس سنگ میل کو ممکن بنایا۔ طاقت، استحکام اور خود انحصاری کی طرف اپنا سفر جاری رکھیں گے۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.