ہم نے چار رفال طیارے مار گرائے، جنگ بندی کی درخواست بھی انڈیا نے کی: شہباز شریف

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’9 مئی کو انڈیا کے ایک حملے کے بعد پاکستان نے دشمن کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔‘

بدھ کو لاچین میں آذربائیجان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کے جوابی حملے کے بعد انڈیا نے جنگ بندی کی درخواست کی جسے قبول کر لیا گیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’22 اپریل کو پہلگام میں حملہ ہوا اور انڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا۔‘

’ہم نے معاملے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی لیکن انڈیا نے جھوٹا الزام لگا کر پاکستان پر حملہ کردیا۔‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے حملے میں خواتین اور بچے شہید ہوئے جبکہ پاکستان نے انڈیا کی فوجی تنصیبات پر حملے کیے لیکن سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا۔‘

وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ ’ہم نے فرانسیسی ساختہ انڈیا کے چار رفال طیارے بھی مار گرائے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’آج ہم پاکستان کا یومِ تکبیر اور آذربائیجان کا یومِ آزادی ایک ساتھ منا رہے ہیں، کیسا حسین اتفاق ہے کہ پاکستان آج ہی کے دن مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں آذربائیجان کے یوم آزادی پر پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘

’جب آرمینیا نے آذربائیجان پر حملہ کیا تو پاکستان اور ترکیہ اُس کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان نے بھی آذربائیجان کی آزادی کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالا۔‘

اس تقریب سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی خطاب کیا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.