پاکستان کی دوسرے ٹی 20 میں بنگلہ دیش کو شکست: ’آج بھی 200 سے زیادہ رنز انھیں کوئی بتائے پی ایس ایل ختم ہو گیا‘

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا مگر بنگلہ دیشی ٹیم 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کرکٹ
Getty Images

پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا مگر بنگلہ دیشی ٹیم 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دو سو دو رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی بیٹر اننگز کے آغاز ہی سے دباؤ میں نظر آئے اور پاکستان بولرز نے نفسیاتی برتری حاصل کرتے ہوئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بنگلا دیش کے سات کھلاڑیوں کو ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہونے دیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر تنزید حسین اور ٹیل اینڈر تنظیم حسن کے سوا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ اوپنر تنزید حسین نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

آخری لمحات میں آل راؤنڈر تنظیم حسن نے مزاحمت کرتے ہوئے 31 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سینچری سکور کی۔

جبکہ تنظیم حسن بھی ففٹی سکور کرنے میں کامیاب رہے۔

کرکٹ
Getty Images

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے انھوں نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اگرچہ پاکستان کی ٹیم نے اننگز کا آغاز اچھا نہیں کیا تھا اور ابتدا میں ہی ٹیم کو اس وقت پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب صائم ایوب صرف چار رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب کےآؤٹ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور صاحبزادہ فرحان نے تیز کھیلتے ہوئے چھ چھکے اور چار چوکے لگائے اور صرف 41 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ وہ بنگلہ دیشی بولر رشاد حسین کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد جلد ہی محمد حارث بھی پویلین لوٹ گئے، انھوں نے بھی ماڈرن کرکٹ کا انداز اپناتے ہوئے25 گیندوں پر 41 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

کپتان سلمان آغا آؤٹ ہونے والے اگلے کھلاڑی تھے جنھیں حسن محمود نے 19 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

ان کے بعد آنے والے شاداب خان صرف سات رنز بنا کر بنگلہ دیشی بولر حسن محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی اننگز کی ایک اور اہم بات مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز کی بیٹنگ تھی۔ انھوں نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ رشاد حسین کے حصے میں آئی۔

کرکٹ
Getty Images

’آج بھی 200 سے زیادہ رنز انھیں کوئی بتائے پی ایس ایل ختم ہو گیا‘

کرکٹ شائقین جہاں پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرنے پر خوش ہیں وہیں سوشل میڈیا پر وہ صاحبزادہ فرحان اور مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز کی شاندار بیٹنگ کے گن گا رہے ہیں۔

عمیر خان نامی ایک صارف نے حسن نواز کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 'حسن نواز میرے سمیت تمام ماہرین کو غلط ثابت کر رہے ہیں۔ پاکستان کو کیا شاندار مڈل آرڈر بیٹر ملا ہے، یقین مانیے وہ ایک خوبصورت بیٹر ہیں۔‘

https://twitter.com/ksz399/status/1928494747175297510

تحسین قاسم نے حسن نواز کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’حسن نواز پیدا ہی مڈل آرڈر میں کھیلنے کے لیے ہوئے ہیں۔ وہ واحد امید ہے جو ہمارے مڈل آرڈر کا مسئلہ حل کر سکتا ہے۔‘

https://twitter.com/Tehseenqasim/status/1928491701556908467

جبکہ سابق کرکٹر احمد شہزاد نے صاحبزادہ فرحان کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'صاحبزادہ فرحان کو موقع ملنے پر بہت خوشی ہے اور وہ اسے ثابت بھی کر رہے ہیں۔ انھوں نے شاندار آغاز کیا ہے، کیا اننگز ہے، کیا کھلاڑی ہے، ان کے لیے آسمان ہی حد ہے۔‘

https://twitter.com/iamAhmadshahzad/status/1928477983917961239

یاد رہے کہ صاحبزادہ فرحان کو فخر زمان کے ہاتھ میں انجری کے باعث آج کے میچ میں شامل کیا گیا تھا اور انھوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

مومنا نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ 'صاحبزادہ فرحان اس بات کی بہترین مثال ہیں کہ آپ کو کتنی مستقل مزاجی سے رنز بنانے چاہئیں اور منہ بند رکھتے ہوئے صبر سے اپنی باری کا انتظار کرنا چاہیے۔‘

https://twitter.com/IamMomina_19/status/1928471647419277559

جبکہ اقرا نامی صارف نے پاکستانی بیٹرز کے شاندار کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ

'پاکستان نے آج کے میچ میں بھی دو سو سے زیادہ رنز بنائے ہیں، ان کو کوئی بتائے کہ پی ایس ایل ختم ہو گیا ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.