حکومت کا عید کے دنوں میں جھولوں پر پابندی عائد

image

حکومت پنجاب نے عید الاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب میں عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، پارکس میں مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، اس سلسلے میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی جاچکی ہے تاکہ وہ یقینی بنائیں کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترتا ہو۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے گی کہ مستقل نصب جھولے تمام حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کررہے ہیں اور ان جھولوں پر پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کیونکہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں شہریوں، خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے، عارضی نصب جھولے حفاظتی پروٹوکولز کی پابندی نہیں کرتے اور اوورلوڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی ہوگی اور پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.