اہم نکات
عید الاضحیٰ پر ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد کمی
پنجاب میں ایئر پورٹس اور پاک فضائیہ کی ایئر بیسز کے گرد دفعہ 144 نافذ
بلوچستان میں فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک
ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کی ایف آئی آر والدہ کی مدعیت میں درج
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے پیکج کی منظوری دے دی ہے۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ اکنامک افیئرز اور وزارت خزانہ کی سفارتی کوششوں سے ایشیائی ڈویلپمینٹ بینک (اے ڈی بی) کے بورڈ ممبران کی اکثریت کی حمایت سے پیکج کی منظوری ہوئی۔
عید الاضحیٰ کے تین روز ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان
پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کرایوں میں رعایت کے علاوہ پانچ خصوصی ریل گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے عید الاضحیٰ کے تین روز کے دوران ٹرین کرایوں میں 20 فیصد کی خصوصی کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔
عید کے لیے پہلی خصوصی ٹرین پیر کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی جبکہ دوسری ٹرین آج منگل کو صبح بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گی۔
تیسری خصوصی ٹرین آج شام کو پانچ بجے براستہ ملتان، لاہور سے کراچی جائے گی۔
پنجاب میں ایئر پورٹس اور پاک فضائیہ کی ایئر بیسز کے گرد دفعہ 144 نافذ
صوبہ پنجاب میں ہوائی اڈوں اور ایئر بیسز کے گرد و نواح میں 15 کلومیٹر تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون/ لیزر لائٹ کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر پابندی عائد ہو گی۔
صوبہ بھر میں ان پابندیوں کا اطلاق 5 جون سے 20 جون تک ہو گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے، مذکورہ سرگرمیاں فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ اور فلائٹ سیفٹی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
پرندے کھلی آلائشوں کی جانب راغب ہوتے ہیں جو طیاروں اور مسافروں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتے ہیں۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئر پورٹس اور گرد و نواح میں صفائی کے خاص انتظام کو یقینی بنائیں۔
پاکستان کے بیشتر حصوں میں موسم گرم جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔
تاہم بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے جبکہ کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج اور بدھ کے روز آندھی، ژالہ باری یا موسل دھار بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
آج منگل کی صبح ریکارڈ کیے گئے بعض شہروں کے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد 20 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 25، کراچی 30، پشاور 21، کوئٹہ 23، گلگت 15، مری 13 اور مظفر آباد میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بلوچستان میں فورسز کی دو کارروائیوں میں انڈین سپانسرڈ 7 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آرپاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 2 جون کو بلوچستان میں فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں انٹیلی جینس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ انڈین سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئےضلع قلات کے جنرل ایریا مارگنڈ میں بھی انٹیلی جینس پر مبنی آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا اور اور فتنہ ال ہندوستان کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔بیان کے مطابق مارے گئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کی ایف آئی آر والدہ کی مدعیت میں درج
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کی ایف آئی آر ان کی والدہ کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ان کی والدہ نے مؤقف اپنایا کہ پیر کی شام پانچ بجے کے قریب ایک شخص اپنے گھر میں داخل ہوا اور ان کی بیٹی ثنا یوسف کو نشانہ بناتے ہوئے دو فائر کیے۔
والدہ کے مطابق گولی ثنا یوسف کے سینے میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ محلے دار کی گاڑی میں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔
والدہ کے مطابق ملزم نے کالی شرٹ اور پینٹ پہنی ہوئی تھی، درمیانہ قد اور سمارٹ جسامت تھی۔
والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی نند بھی اس وقت گھر میں موجود تھیں اور ملزم کی شناخت کر سکتے ہیں۔
مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں