میٹا کا اشتہارات کی دنیا میں انقلابی قدم

image

میٹا جو کہ فیس بک، انسٹاگرام اورواٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی ہے نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے 2026 کے اختتام تک اپنے اشتہاراتی نظام کو مکمل طور پر خودکار بنانے کا ہدف طے کرلیا۔ 

میٹا کمپنیز اور برانڈز کے اشتہارات بنانے کے لیے نیا اے آئی ایڈورٹائزنگ پلیٹ فارم یا ٹول متعارف کرائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے اس نئے پلیٹ فارم پر کاروباری افراد یا برانڈز صرف اپنی مصنوعات کی تصاویر، ویڈیوز اور بجٹ فراہم کریں گے، باقی تمام کام اے آئی انجام دے گا۔

یعنی اشتہار خود بخود تیار ہوگا، اس کا مواد اے آئی تخلیق کرے گا اور مطلوبہ صارفین کو ہدف بناکر اسے سوشل میڈیا پر دکھایا جائے گا۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ہم ایسا اے آئی پلیٹ فارم بنارہے ہیں جہاں کوئی بھی بزنس صرف اپنا مقصد اور بجٹ بتائے پھر باقی کا سارا کام اے آئی سنبھالے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی چھوٹے کاروباروں کے لیے خاص طور پر مددگار ہوگی، جو محدود وسائل کے ساتھ بھی مؤثر مارکیٹنگ کرسکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم صارفین کی دلچسپی اور رویے کی بنیاد پر اشتہارات کو مخصوص افراد تک پہنچائے گا اور انھیں اپنے بجٹ کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے مشورے بھی دے گا۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ قدم اشتہارات کی دنیا میں انقلابی تبدیلی لاسکتا ہے۔ تاہم، ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا کہ اس عمل میں برانڈ کنٹرول، مواد کے معیار اور صارف کے اعتماد کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہوگا۔

میٹا کا اے آئی پر مبنی یہ اشتہاری منصوبہ اس کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مستقبل کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو اشتہارات کا طریقہ کار مکمل طور پر بدل جائے گا، خاص طور پر چھوٹے کاروباروں کے لیے، جو اب کم خرچ میں مؤثر تشہیر کرسکیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.