’کافی شاپ میں ملاقات اور بے تحاشہ خون‘: گرل فرینڈ کے مشروب میں اسقاط حمل کی دوا ملانے کے الزام پر اقدام قتل کا مقدمہ

متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ اس چیک اپ کے بعد اسی روز وہ جسٹن بانٹا سے ایک کافی شاپ میں ملیں جس کےپولیس کے مطابق بعد ان کو شدید بلیڈنگ ہوئی جس پر انھیں شبہ ہوا کہ ان کے پارٹنر نے خفیہ طور پر اُن کے مشروب میں ابارشن کی دوا ملا دی ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص پر اپنی حاملہ گرل فرینڈ کے مشروب میں مبینہ طور پر اسقاط حمل کی دوا ملانے کے الزام میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

جسٹن انتھونی نامی شخص پر ان کی سابقہ گرل فرینڈ نے الزام عائد کیا ان کے ساتھی نے انھیں اعتماد میں لیے بغیر خاموشی اور رازداری سے اسقاط حمل کے لیے استعمال ہونے والی دوا ’پلان سی‘ کی گولیاں ملا دی تھیں۔

اس الزام پر پولیس نے کئی ماہ تک تحقیقات کیں، جس کے بعد جسٹن انتھونی بانٹا کو جمعے کے روز گرفتار کر لیا گیا۔

جسٹن کی سابقہ گرل فرینڈ کے مطابق جب انھوں نے گزشتہ سال جسٹن کو اپنے حمل کے بارے میں آگاہ کیا تو انھوں نے اسقاط حمل کا مشورہ دیا اور اس کے لیے تمام اخراجات اٹھانے کے لیے بھی حامی بھری لیکن وہ اپنا بچہ ضائع نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

پولیس کے مطابق اسی دوران جسٹن بانٹا سے ایک کافی شاپ میں ملاقات کے بعد اُن خاتون کا اچانک بے تحاشہ خون بہنے لگا۔ جس کے بعد وہ فوری ہسپتال کی ایمرجنسی سروس میں گئیں تاہم ان کا حمل ضائع ہو گیا۔

کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق جسٹن بانٹا پر اقدام قتل اور قانونی شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام بھی عائد کیا گیا اور اب وہ قانونی کارروائی کے منتظر ہیں۔

پولیس کے مطابق جب متاثرہ خاتون تقریباً چھ ہفتے کی حاملہ تھیں تو اُنھوں نے ڈاکٹر سے معائنہ کروایا جس نے اُنھیں بتایا کہ ان کا ہونے والا بچہ صحت مند ہے اور اس کے دل کی دھڑکن معمول کے مطابق اور صحت مندی کی تمام علامات درست ہیں۔

شیرف آفس کے بیان کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس چیک اپ کے بعد اسی روز وہ جسٹن بانٹا سے ایک کافی شاپ میں ملیں جس کے بعد ان کا بے تحاشہ خون بہا، جس پر انھیں اپنے پارٹنر پر شبہ ہوا۔

متاثرہ خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ جب اُنھوں نے جسٹن کو اپنے حمل کے بارے میں بتایا تو اُس نے انھیں آن لائن پلان سی میڈیسن خریدنے کی تجویز دی۔

پولیس نے جسٹن کا موبائل فون ضبط کر کے تشویش کی تو پتا چلا کہ اس میں سے کیس سے متعلق اہم شواہد خذف کر دیے گئے تھے۔

تحقیقات کاروں کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف میں آئی ٹی کے شعبے میں کام کرنے والے جسٹن بانٹا نے اپنے فون تک آن لائن رسائی حاصل کر کے اُس کو ری سیٹ کر دیا۔

اس کے بعد جسٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور اقدام قتل اور شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزامات پر انھیں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق جسٹن بانٹا کے خلاف تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ ٹیکساس میں اسقاطِ حمل کے حوالے سے امریکہ کے سخت ترین قوانین نافذ ہیں جہاں صرف انتہائی ایمرجنسی کی صورتحال میں ہی اس کی اجازت دی جاتی ہے۔

2021 میں نافذ ایک قانون کے تحت جب بچے کی دل کی دھڑکن سنائی دینے لگے تو اُس کے بعد اسقاطِ حمل ممنوع ہے تاہم طبی ہنگامی صورتحال میں استثنیٰ دیا جاتا ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.