بیٹے سمیت اغوا کیے گئے اسسٹنٹ کمشنر کی اطلاع پر 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان

image

بلوچستان کے ضلع زیارت سے اسسٹنٹ کمشنر کو بیٹے سمیت اغواکرکے ان کی سرکاری گاڑی بھی نذر آتش کردی گئی۔ مغوی سرکاری افسر سے معلومات فراہم کرنے پر پانچ کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت کے آفس سے جاری لیٹر میں بتایا گیا کہ 10 اگست کو اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل اور ان کے بیٹے کو دہشت گردوں نے زیزری کے مقام سے اغوا کرلیا، اس واقعہ کے سراغ اور مغویان کی بازیابی کے لیے فورسز کی جانب سے سر چ آپریشن جاری ہے۔

جنرل پبلک، قبائل اور میڈیا نمائندگان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جو کوئی بھی اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کے اغوا کاروں سے متعلق مصدقہ معلومات فراہم کرے گا اسے حکومت بلوچستان کی جانب سے نقد پانچ کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، معلومات فراہم کرنے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاءاللہ درانی نے "ہماری ویب" کو بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے پہلے دن پانچ گھنٹے آپریشن کیا گیا، جس میں اغوا کاروں کے راستوں اور گاڑی جس کو جلایا گیا، اس کا معائنہ کیا گیا، تاہم اس میں مغویوں کی بازیابی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

واضح رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر زیارت کو مسلح افراد اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر لے گئے اور انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نذرآتش کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر زیارت اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیارت کے علاقے زیزری میں تفریح کے لیے گئے تھے، جہاں مسلح افراد نے ان کو ان کے بیٹے سمیت اغوا کرلیا، مسلح افراد نے اے سی کے گن مینوں اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا تاہم ان کی سرکاری گاڑی کو نذر آتش کردیا۔

یاد رہے کہ 4 جون 2025 کو مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو اغوا کیا تھا جسے تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے۔ مذکورہ اغوا کی ذمہ داری کالعدم تنظیم (بی ایل ایف) نے قبول کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US