پاکستان کے 23 بہادر جوان شہید، 200 سے زائد افغان دہشت گرد جہنم واصل کردیے، آئی ایس پی آر

image

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان اور بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا گیا، تاہم پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ حملہ 11 اور 12 اکتوبر 2025 کی درمیانی رات افغانستان کی سرحد کے قریب متعدد مقامات پر کیا گیا۔ دشمن نے پاکستان کے سکیورٹی چوکیوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپوں کے دوران پاکستان کے 23 بہادر سپاہیوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 29 جوان زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد افغان طالبان اور ان سے منسلک دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ متعدد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی میں افغان سرزمین سے کیا گیا، جو خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک منظم سازش ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دشمن کی جانب سے کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کی صورت میں مزید سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال کیے جانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاک فوج کے ترجمان نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کے لہو سے وطنِ عزیز کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق، حملے کے بعد پاک فوج نے سرحدی علاقوں میں الرٹ لیول بڑھا دیا ہے اور دشمن کے ممکنہ ٹھکانوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US