پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور اوپنر سلمان بٹ نے بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تین سے چار مہینے کے لیے پاکستان سے باہر جا کر کسی اور ملک میں کرکٹ کھیلے اور اپنی خامیوں کو دور کریں۔
خصوصی گفتگو میں سلمان کا ماننا تھا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ فارم کے جو بھی مسئلے ہیں وہ ٹیکنیک سے نہیں ان کا تعلق ان کی اس وقت ذہنی حالت سے ہے۔
سلمان نے کہا کہ بابر کو کسی اور ملک میں جا کے تین سے چار مہینے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنی چاہیے، اور پھر وہ پاکستان واپس آئے تو میں یہ دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ پھر سے اپ کو پرانے بابر اعظم نظر آئیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم کو سوشل میڈیا پر جو کچھ کہا جاتا ہے اس کو مثبت انداز میں لینا چاہیے کیونکہ ایک طرح سے ان کے لیے بہت زیادہ سپورٹ موجود ہے۔ جو کچھ میڈیا پر آتا ہے جو کچھ لوگ کہتے ہیں بابر کے اوپر منحصر ہے کہ وہ اس کو کس طرح سے دیکھتے ہیں، کیونکہ ایک طرح سے ان کے لیے یہ سپورٹ بھی ہے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم تقریباً 84 انٹرنیشنل اننگز بغیر کوئی سینچری کیے کھیل چکا ہے، جس کی وجہ سے ان کے چاہنے والوں میں کافی پریشانیاں ہیں۔