راولپنڈی: چکلالہ کنٹونمنٹ میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوفزدہ

image

راولپنڈی کے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں آوارہ اور باؤلے کتوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

لالہ زار، شیر زمان کالونی، ڈھیری حسن آباد، ٹاہلی موہری چوک، غوثیہ چوک، جھاورا روڈ اور بکرا منڈی سمیت مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں کتوں نے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا۔

متاثرہ شہریوں کے مطابق، انہیں کئی بار کتے کے کاٹنے کے بعد فوری طبی امداد کے لیے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑا، تاہم متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی مستقل حل سامنے نہیں آ سکا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ وہ اس مسئلے کی شکایت تحریری اور زبانی طور پر کئی بار چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کو کرچکے ہیں، لیکن عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ علاقے کے امن اور سکون کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے۔

شہریوں نے حکام اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے فوری ایکشن لینے، آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر مہم شروع کرنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے اپیل کی ہے کہ اس سنگین عوامی مسئلے پر فوری توجہ دی جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے اور شہری محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US