کیا آپ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں؟ ہماری ویب سروے

image


پاکستان میں سیاسی جماعت پی ٹی آئی یعنی پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت قائم ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے- اس دوران ملک نے کئی معاشی اور سیاسی بحران دیکھے ہیں اور اب بھی کئی بحرانوں سے گزر رہا ہے- لیکن اگر بات عوام کی کی جائے تو یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام کی ایک بڑی تعداد کو موجودہ حکومت سے کئی امیدیں تھیں- مگر اس وقت پاکستانی عوام سے موجودہ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کیا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے- اور حکومتی جماعت اب مقبولیت کھوتی جارہی ہے-

حال ہی میں ہماری ویب نے اپنے فیس بک پیج پر اس سلسلے میں ایک سروے کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی عوام سے سوال کیا گیا کہ “ کیا آپ پی ٹی آئی حکومت کی اب تک کی کارکردگی سے خوش ہیں؟“ اور ساتھ ہی فیس بک صارفین سے ان کے جواب کی وجہ بھی پوچھی گئی-

اس سروے میں فیس بک پر موجود پاکستانی صارفین کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا-
 

image


سروے کے نتائج کے مطابق 65 فیصد افراد کا جواب نفی میں تھا اور ان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے بالکل بھی مطمئین نہیں ہیں بلکہ مزید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں- جبکہ دوسری جانب 35 فیصد افراد ایسے تھے جن کے نزدیک موجودہ حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے اور وہ درست سمت میں جارہی ہے-

سروے کے دوران عبدالاحد سیال نامی صارف کا کہنا تھا کہ “ یہ حکومت بالکل نا اہل ہے اور اس کی تازہ مثال آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا معاملہ ہے جو سب کے سامنے ہے“-

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نذیر بیگم کا کہنا تھا کہ “ نہ کسی کی جان محفوظ ہے اور نہ مال سڑکوں پر سر عام قتل اور پولیس کوئی کاروائی نہیں کرتی آپ نے تو ریاست مدینہ بنانے کا وعدہ کیا تھا“-
 

image


مرتضیٰ انور نامی صارف نے کہا کہ “ حکومت نے اتنی مہنگائی کردی ہے کہ غریب سے ایک وقت کی روٹی بھی چھن گئی ہے“-

دوسری جانب سروے کے دوران حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے فیصل امام نامی صارف کا کہنا تھا کہ “ حکومت بالکل ٹھیک ہے ایک سال میں دودھ کی ندیاں نہیں بہہ سکتیں عوام بھی تو مدینہ والے بن جائیں عوام ابو جہل والے ہیں اور کھوجتے مدینہ ہیں“ -

ارسلان بٹ نامی صارف نے حکومت کو درست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ “ اتنے سال کی گندگی ایک سال میں صاف نہیں ہوگی“-

تاہم سروے کے دوران ایک مخصوص تعداد ایسے افراد کی بھی سامنے آئی جن کا کہنا تھا کہ بلاشبہ وہ ابھی تک تو اس حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں لیکن پھر بھی انہیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ضرور ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوجائے گی بس مزید کچھ وقت دینے کی ضرورت ہے-

YOU MAY ALSO LIKE: