سعودیہ مخالف مہم پر دینی جماعتوں کا احتجاج

اس وقت وطن عزیز میں ایک مخصوص گروہ غیر ملکی آشیر باد سے ،برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے خلاف بھر پور پروپیگنڈا مہم چلارہا ہے۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت بڑے بڑے شہروں میں ایک ہی طرز کے بینر، اشتہارات اور پوسٹر نمایاں مقامات پر آویزاں کردیے گئے ہیں جو سعودی عرب کے خلاف انتہائی توہین آمیز مواد پر مشتمل ہیں۔ بعض بینروں اور تقسیم کیے جانے والے ہینڈ بلوں پر لکھا ہے ”آل سعود آل یہود“ جس سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سعودی عرب نہ صرف پاکستان بلکہ مسلمانوں کا ایک بہت بڑا دشمن ملک ہے اور اس کے حکمران یہودیوں کے ایجنٹ ہیں۔

اس شر انگیز مہم چلانے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ سعودی حکومت نے بحرین میں ”عوامی بغاوت“ کو کنٹرول کرنے کی خاطر بحرین کی دعوت پر اپنی فوج روانہ کی جس نے احتجاجی تحریک کو کچلنے میں بحرین کی مدد کی۔ اس ”جرم“ کی پاداش میں سعودی عرب کے حکمران خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بحرین کی آڑ میں چلائی جانے والی مخالفانہ مہم مخصوص فرقہ وارانہ تناظر میں دیکھی جارہی ہے۔ اس پروپیگنڈا مہم کے خلاف اہلسنت و الجماعت، جمعیت علمائے اسلام کے دونوں دھڑے، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت اہلحدیث نے بھی میدان میں آنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے 6اپریل 2011ء کو جامعہ عربیہ اسلامیہ اسکاؤٹ کالونی کراچی میں علماء کرام کا اجتماع ہوا جس میں مدارس کے نمائندوں سمیت اہلسنت والجماعت، جے یو آئی (ف) ، جے یو آئی (س)، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجتماع کے بعد علماء کرام نے میڈیا بریفنگ میں سعودی عرب کے خلاف شروع ہونے والی مہم کو حرمین شریفین کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔ علماء کرام نے کراچی میں لگے بینر اور پوسٹر ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔ جب حکومت نے علماء کرام کے اجتماع اور مطالبات پر کان نہیں دھرے تو 13 اپریل 2011ءکو جامعہ بنوریہ العالمیہ میں بھی 1300 سے زائد علماء اور مختلف مذہبی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ علماء کرام نے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے عزم کا ارادہ کیا۔ علاوہ ازیں حرمین شریفین کے خلاف چلائی جانے والی شر انگیز مہم کے خلاف اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں مطالبہ کیا گیا کہ کراچی میں ارض حرمین کے خلاف کی گئی وال چاکنگ کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے۔ ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت و الجماعت کے قائد علامہ محمد احمد لدھیانوی مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں، مولانا اورنگزیب فاروقی و دیگر نے کہا کہ اسلامی دنیا کی مرکزیت کو شکست و ر یخت سے دور چار کرنے، مسلمانوں میں فرقہ واریت اور امت مسلمہ سے باقی دنیا کو متنفر کرنے کے لیے سامراجی طاقتوں کی منصوبہ بندی انتہائی خطرناک ہے ۔ اس سلسلے میں ملک گیر یوم تحفظ حرمین منایا گیا ملک بھر کے علماء کرام نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا کہ حرمین کی دھرتی ہمیں جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس کی حفاظت کے لیے ہم جانوں پر کھیل جائیں گے۔

سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی، مصیبت اور آڑے وقت میں پاکستان اور عوام کا ساتھ دیا ہے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ سعودی حکمران ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ گویا سعودیہ پاکستان کا محسن ملک ہے اس کے خلاف شر پسند عناصر کی مخالفانہ مہم پر دینی طبقے کے علاوہ حکومت سمیت پاکستان کی اکثر سیاسی جماعتوں نے یوں چپ سادھ رکھی ہے جیسے انہیں کچھ معلوم ہی نہ ہو یا وہ اس معاملے کو غیر اہم سمجھ کر نظر انداز کر رہے ہیں۔ جس سے ان جماعتوں کے متعلق شکوک و شبہات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بالخصوص پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کی مجرمانہ اور پر اسرار خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ سعودی عرب کے میاں برادران پر کافی احسانات ہیں۔ سعودی حکمرا ن اس وقت میاں برادران کے لئے نجات دہندہ بنے جب پھانسی کا پھندا اور طویل قید ان کا مقدر بنتا نظر آرہا تھا ۔ انہوں نے ہی میاں نواز شریف کو قید تنہائی سے آزادی دلائی۔ اس کے باوجود میاں برادران نے سعودیہ کے خلاف پروپیگنڈا مہم کے خلاف لب کشائی کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔ جسے بجا طور پر افسوس ناک قرار دیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کے محسن، برادر اسلامی ملک کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر حکمرانوں نے بھی اپنے لب سی لیے ہیں اور وہ شرپسندوں کے خلاف کاروائی کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا سعودیہ کے خلاف نفرت پر مبنی شر اور فساد پھیلانے والا مواد جوں ہی منظر عام پر آیا حکمران اس کو روکنے کے لیے اقدام کرتے۔ مگر ہمارے حکمران اپنی دنیا میں یوں مگن ہیں جیسے وہ اپنے گردوپیش پیش آنے والے معاملات سے ہی لاعلم ہیں۔ اگر اب بھی دینی طبقے کے احتجاج کو نظر انداز کیا گیا تو اس سے بے چینی مزید بڑھے گی اور اس کے نتیجے میں ٹکراﺅ پیدا ہونے کے خدشات مزید بڑھ جائیں گے۔ لہٰذا پاکستان کی تمام سیاسی، دینی و مذہبی جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بھڑکتی ہوئی آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدام کریں بصورت دیگر حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس معاملے سے نبٹنا مشکل تر ہوجائے گا۔
Usman Hassan Zai
About the Author: Usman Hassan Zai Read More Articles by Usman Hassan Zai: 111 Articles with 77873 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.