عید کا مطلب کیا ہے؟ پاکستان میں عید کے خوبصورت رنگ

image
 
عید کا نام سنتے ہی دل و دماغ میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے، خوشبو دار دسترخوان، زرق برق لباس اور پیاروں کے ہمراہ گزرے کئے پل منظر میں گھومنے لگتے ہیں۔ دراصل یہ تمام خوشیاں وہ انعام ہیں جو اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان میں روزے رکھنے اور نیکیاں کرنے کے بعد عطا فرماتے ہیں
 
عید کے معنی اور تاریخ
عید عربی زبان کے لفظ عود سے نکلا ہے جس کے معنی بار بار آنے کے ہیں۔ عید بھی ہر سال آتی ہے۔ دنیا میں عید کا تصور بہت انسانی تہذیب جتنا ہی پرانا ہے کیونکہ انسان ہر دور میں خوشیاں منانے کا خواہاں رہا ہے اس لئے ہر دور میں کسی نہ کسی دن کو تہوار کی صورت منایا جاتا رہا ہے۔
 
تاریخ بتاتی ہے کہ حضرت ابراہیم کی قوم اس دن عید مناتی تھی جس دن آگ حضرت ابراہیم کے لئے پھولوں میں بدل گئی تھی اسی طرح حضرت موسیٰ کی قوم فرعون کے دریا برد ہونے پر عید منایا کرتی تھی اور حضرت عیسٰی کی قوم ان کی پیدائش کے دن کرسمس مناتی ہے اور ہم مسلمان سال میں دو عیدیں، عیدالفطر اور عید الضحٰی مناتے ہیں۔
 
image
 
پاکستان میں عید کیسے منائی جاتی ہے
یوں تو پورا عالم اسلام ہی عید مناتا ہے لیکن الگ الگ دن چاند نکلنے کی وجہ سے ممالک کے درمیان ایک یا دو دنوں کا فرق آجاتا ہے۔ پاکستان میں عید بہت جوش و خروش سے منائی جاتی یے۔ چاند نکلتے ہی مبارک سلامت کے پیغامات بھیجنے شروع کردیے جاتے ہیں۔ دودھ کی دکانوں پر رش بڑھ جاتا ہے اور خواتین مہندی کی کون تھامے نت نئے ڈیزائن بنانے لگتی ہیں یا پھر صبح کے کپڑے استری کررہی ہوتی ہیں
 
صبح اٹھتے ہی مرد حضرات عید کی نماز کے لئے جاتے ہیں اور نماز کے بعد سب سے گلے اور عید ملتے ہیں۔ گھر آکر سب کو عیدی بانٹی جاتی ہے جسے وصول کرتے ہوئے ایک بار پھر "اسلام وعلیکم" کہا جاتا ہے۔ ادھر خواتین تیار ہوکر بھی باورچی خانے میں پکوان تیار کرتی ہیں۔ پھر سب گھر والے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ سارا دن یونہی خوشیاں بانٹتے گزرتا ہے پھر رات میں بہویں اکثر اپنے میکے کی طرف روانہ ہوجاتی ہیں۔ عید کی یہ خوشیاں، رونقیں اور دعوتیں تین دن تک منائی جاتی ہیں
 
image
 
دسترخوان غریبوں کے لئے کشادہ رکھیں
گزشتہ سال سے پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے عید کا روایتی جوش و خروش دیکھنے میں نہیں آرہا البتہ لوگ ابھی بھی عید کی آمد پر خوش ہیں۔ اس پر مسرت موقع پر ہمیں ایسے لوگوں پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے جو غربت کے باعث عید کی خوشیاں منانے سے قاصر ہیں۔ اہنا دسترخوان ان کے لئے کشادہ ضرور کریں اور عید کی سچی خوشیاں حاصل کریں
YOU MAY ALSO LIKE: