باجی دال چاول والی٬ مشہور ریسٹورنٹ میں ملازمت کرنے والی خاتون نے اپنا موبائل ریسٹورنٹ بنا لیا

image
 
آج ہم آپ کو ملوا رہے ہیں باجی دال چاول والی سے، کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ملینیم مال کے قریب ان کے دال چاول بہت مشہور ہیں اور لوگ خاص طور پر یہاں دال چاول کھانے کیلئے آتے ہیں۔ ہم ان سے جاننے کی کوشش کریں گے کہ انہوں نے یہ چھوٹا سے ریسٹورنٹ کیسے بنایا۔
 
سوال:آپ کو چھوٹا سے چلتا پھرتا ریسٹورنٹ بنانے کا خیال کیسے آیا؟
جواب:دماغ میں کرنے کیلئے تو بہت کچھ تھا لیکن اس کیلئے سرمائے کی ضرورت تھی لیکن اللہ تعالیٰ نے ذہن میں ڈالا کہ اپنے ہاتھ کا ہنر آزماؤ تو پھر میں نے ٹھیلا بنایا اور اللہ کے کرم سے آج اس چھوٹی سی گاڑی میں بیٹھی ہوں۔
 
سوال: خواتین کو اس طرح سڑک پر کام کرنے کو عجیب سمجھا جاتا تھا، آپ کا کام کیسا چل رہا ہے؟
جواب:اللہ کا شکر کرتی ہوں اور لوگوں کی بھی شکر گزار ہوں، میں جب صبح کھانا تیار کرتی ہوں تو نڈھال ہوجاتی ہوں، پھر سارا دن یہاں کام کرتی ہوں، بائیک پر کھانا یہاں لے کر آتی ہوں۔
 
سوال: باجی دال چاول والی۔۔ انوکھا سے نام آپ نے کیسے سوچا؟
جواب:میرا ارادہ تھا کہ کچھ الگ سا کروں اور نام بھی الگ سا ہو تو میں نے اس لئے یہ نام رکھا۔
 
 
سوال: کیا اتنا زیادہ کھانا بنانے کیلئے آپ رات سے ہی تیاری شروع کرتی ہیں؟
جواب: میں صبح فجر سے پہلے اٹھ کر کام شروع کرتی ہوں، 4 سے 5 گھنٹے تیاری میں لگتے ہیں، میں تقریباً 4 رات بجے سے کام شروع کردیتی ہوں۔
 
سوال: کیا آپ نے اپنے کاروبار سے پہلے کوئی نوکری بھی کی؟
جواب:جی میں پہلے ریسٹورنٹس میں کام کرچکی ہوں اور ایونٹ منیجر اور مارکیٹنگ منیجر کے علاوہ مجھے شفٹ منیجر کے طور پر کام کرنے کا بھی تجربہ ہے۔
 
سوال:ذریعہ معاش نہ ہونے کی وجہ سے پریشان خواتین کو کیا پیغام دینا چاہیں گی؟
جواب: خواتین اپنے اندر ہمت پیدا کریں تو کچھ بھی ممکن ہے، یہ سچ ہے کہ عورتوں کو بہت مسائل درپیش آتے ہیں، آپ ایک کان سے سنیں اور دوسرے سے نکال دیں۔ اپنی منزل تلاش کریں اور اس پر چلتے جائیں۔
 
سوال:کیا آپ شادی اور دیگر تقریبات کیلئے آرڈر لیتی ہیں؟
جواب: ہم شادی اور دیگر تقریبات کیلئے بھی آرڈر پر کھانا تیار کرتے ہیں۔ میں ایونٹس کیلئے بڑی مقدار میں کھانا بنانے کیلئے ٹیم تیار کرچکی ہوں۔
 
image
 
سوال: آپ نے ٹھیلے سے گاڑی بنائی، آگے کیا کرنے کا ارادہ ہے؟
جواب:انسان تو بہت تو خواہشات کا پتلا ہے، میری خواہش ہے کہ ہر شہر اور ہر ملک میں میری برانچز ہوں اور ایسا ممکن بھی ہے اللہ نے چاہا تو ایسا ہو بھی سکتا ہے۔
 
سوال:اگر آپ ریسٹورنٹ قائم کریں گی تو کیسا ہوگا؟
جواب:اگر میں ریسٹورنٹ بناؤں گی تو وہ عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا اور معیاری ریسٹورنٹ ہوگا۔
 
بات چیت اختتام پر ہم نے بھی دال چاول کھائے اور گھر جیسا ذائقہ اور معیار ملا- آپ بھی اگر ملینیم مال کی طرف جائیں تو ایک بار یہ دال چاول ضرور کھا کر دیکھیں آپ کو بہت مزہ آئے گا۔
YOU MAY ALSO LIKE: