کراچی بورڈ کی جانب سے پیر کو میٹرک کے امتحانات کے نتائج جلد بازی میں جاری کرنے سے طلباء پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔
کراچی بورڈ کی جانب سے ویب سائٹ پر نمبروں کے اتار چڑھاؤ نے طلباء کو کنفیوژن اور مایوسی سے دوچار کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ کہ ان کے مارکس منٹوں کے اندر ہی تیزی سے تبدیل ہو گئے۔ مثال کے طور پر، ایک طالب علم نے اگر پہلے 715 نمبر دیکھے، تو دوبارہ دیکھنے پر 700 ہوگئے جبکہ کئی طالب علموں کو اچانک فیل قرار دیا گیا۔ اسی طرح بہت سے فیل طلباء کو پاس قرار دیا گیا۔
واضح رہے میٹرک کے امتحانات کے نتائج جولائی میں جاری ہوتے ہے البتہ 30 اگست تک موخر کیے گئے۔ آن لائن نتائج میں تضادات نے طلباء کو بے چین کر دیا ہے، بہت سے لوگ مسلسل بدلتے ہوئے مارکس پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ کافی الجھن کے باوجود، بورڈ نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔