لغتِ سائنس برائے جماعت ششم تا ہشتم - حصہ اول

بِسمِ اللہِ الرّحمٰنِ الرّحیم

غور سے پڑھنے کے لیے
انسان کی فطرت ہے کہ وہ لفظوں اور فقروں کے معنی جاننے کی کوشش کرتا ہے۔دراصل علم نام ہی معنی کی گہرائی تک پہنچنے کا ہے لیکن جب بغیر معنی و مفہوم جانے سائنس پڑھنے کی کوشش کی جاتی ہے تو الفاظ اور جُملے اپنی اپنایت ،چاشنی، خوبصورتی اور اثر پزیری کھو بیٹھتے ہیں ۔ اس کے برعکس جب الفاظ و فقرات اور مثالیں ماحول ، تہذیب ، ثقافت اور زبان سے مربوط کر دی جائیں تو نفسِ مضمون کی کھُل کر سمجھ آتی ہے اور سمجھی ہوئی بات تا دیر یاد داشت کا حصہ بنی رہتی ہے۔ تدریسی اصول و ضوابط کے مطابق اس لغت میں بھی الفاظ و فقرات کو ماحول سے مربوط کیا گیا ہے ۔ کبھی اصطلاحات و الفاظ کو جُملوں میں استعمال کر کے اور کبھی اشعار میں استعمال کرکے فہمِ سائنس کو آسان اور دلچسپ بنانے کی کوشش کی گئی ہے اور ساتھ ساتھ ادبی رنگ بھی بھرا گیا ہے تاکہ سائنس کی خُشکی اور بوریت رنگینی اورجاذبیت میں بدل جائے۔ناچیز آج کے رٹو طوطوں کے دُکھ بانٹنے اور اُنہیں سائنس کاحقیقی فہم دینے میں کتنا کامیاب ہوا ہے؟ فیصلہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔پاکستان کے چاروں صوبوں کی سائنس کی ششم سے جماعت ہشتم تک کی نصابی کتابوں اور بیرونِ ملک سے درآمد کی جانے والی کتب میں جو الفاظ استعمال ہوئے ہیں کم و بیش ان سب کو اس لغت میں شامل کیا گیا ہے تاکہ مڈل سطح تک سائنس کی یہ جامع لغت بن جائے۔انشاء اللہ اساتذہ ، طلباء اور دیگر طالبانِ علم و حکمت اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔یہ اور اس کے بعد آنے والی لغات سے ایک غلط فہمی بالکل دور ہو جائے کہ اردو شاید سائنس کی زبان نہیں فقط شاعری کی زبان ہے۔حقیقت یہ ہے کہ سائنس کی زبان ہوتی ہی لوگوں کی قومی اور مادری زبان ہے۔کسی غیر زبان میں سائنس پڑھنا اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مارنے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے۔ قاری کو انشاء اللہ یقین ہو جائے گا کہ جو الفاظ شاعری، ادب، مذہب اور ماحول میں استعمال ہوتے ہیں وہی الفاظ سائنسی اصطلاحات کے طور پر بھی استعمال ہوتے ہیں۔اگر ہمارا سائنسی نصاب قومی زبان اردو کے سانچے میں ڈھال کر نافذ کر دیا جائے تو سائنس فہمی کی پشت پر ہمارا پورا علمی، ادبی ، اسلامی اور تہذیبی سرمایہ کھڑا ہوگا جو ہمیں بہت جلد تحقیق و تخلیق کے خشک ریگ زاروں کو سر سبز و شاداب سبزہ زاروں میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا اور اس خاکسار کے نزدیک یہی ملتِ اسلامیہ کی نشاۃِ ثانیہ کا نقطہء آغاز ہو گا۔یہ مختصر سی کاوش بھی انشاء اللہ تحقیق و تخلیق کے نئے ابواب کی ساختِ ترکیبی میں خشتِ اوّل ثابت ہو گی۔اپنی قیمتی آراء سے ضرور نوازیئے گا ۔ شکریہ ۔

A
1. Absorb (جذب کرنا): ریتلی زمین نے بارش کا سارا پانی جذب کر لیا
ہیں جذبِ باہمی سے قائم نظام سارے پوشیدہ ہے یہ نکتہ تاروں کی زندگی میں (اقبالؒ)
2. (absorption)اِنجِذاب (جذب ہونے کا عمل):جس زمین میں پانی کا انجذاب زیادہ ہو وہ عموماً ریتلی ہوتی ہے۔
تھا بقدرِ ظرف و قوّت انجذاب و جذبِ حُسن جس نے ہر ذرّے کو اپنی حد میں تاباں کر دیا (بے نظیر)
3. (abundant)کثرت / فراوانی:سرزمینِ پاکستان میں معدنیات کی فراوانی ہے۔
دیکھ مت دل کی طرف اِتنی فراوانی سے یہ کبھی دام میں آتا نہیں آسانی سے (آصفؔ شفیع)
4. Accelerate (اسراع پیدا کرنا/ تیزی لانا / رفتار بڑھانا ): فضا سے زمین پر گرنے والی چیزوں میں اسراع پیدا ہوتا ہے۔اسراع کا لفظ قرآنِ مجید میں متعدد جگہوں پر استعمال ہوا ہے جیسے " وسارعو الیٰ مغفرۃ"
5. Acceleration (اسراع / تیزی ، سُرعت): جب کسی جسم کی رفتار بڑھتی ہے تو اس میں اسراع پیدا ہوتا ہے۔قرآن میں ہے " وسارعو الیٰ مغفرۃ (تیزی سے آؤ اپنے رب کی مغفرت کی طرف)
6. Accelerator (اسراع گر /اسراع پیدا کرنے والا / تیزی لانے والا / گاڑی کا ایکسیلریٹر)
7. Acid (تیزاب): گندھک کا تیزاب کپاس کا بیج جلا کر صاف کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
تعلیم کے تیزاب میں ڈال اس کی خودی کو ہو جائے ملائم تو جدھر چاہے اُسے پھیر (علامہ اقبالؒ)
8. Acid rain (تیزابی بارش): فضا میں کثافتیں بڑھ جائیں تو تیزابی بارش کا امکان ہوتا ہے۔ فضا میں موجود زہریلی کثافتیں بارش کے ساتھ زمین پر آتی ہیں جسے تیزابی بارش کہتے ہیں۔
تیزابی بارشیں ہوں گی کبھی سیلاب آئیں گے اگر یونہی رہے لچھن ہماری قوم کے یارو (اشتیاق احمد)
9. Acidity (تیزابیت): معدے کی جلن اکثر تیزابیت بڑھ جانے سے ہوتی ہے۔
10. Action (عمل /فعل / حرکت): عمل اور ردِّ عمل برابر مگر سمت میں مخالف ہوتے ہیں۔ یہ نیوٹن کا تیسرا قانون ہے۔
دشمن کا خیر جو بھی ارادہ ہے وہ تو ہے اپنے عمل پہ تم بھی کبھی غور کچھ کرو (مرتضیٰ برلاس)
11. Adapt(اختیار کرنا / مطابق بنانا):جانور اپنے رویے اور حرکات و سکنات اپنے ماحول کے مطابق اختیار کر لیتے ہیں۔
بات چبھتی ہوئی ترے منہ پر دل ہو گر اختیار میں کہ دوں (یادگارِ داغ)
12. adaptation (اختیار / مطابقت ): ماحول سے مطابقت پیدا کرنا بھی ایک فن ہے۔
مانیں نہ مانیں آپ کا یہ اختیار ہے ہم نیک و بد حضور کو سمجھائے جائیں گے
13. adjust(موافق بنانا): ماحول کے ساتھ موافقت نہ ہو تو زندگی دشوار ہو جاتی ہے۔
جو لوگ اس کے موافق ہیں دُم اُٹھا لیں وہ جو لوگ اس کے مخالف ہیں دم گرا دیں وہ (عادل لکھنوی)
14. adult (بالغ/ سیانا / ذی شعور): حکومت نے تعلیمِ بالغاں کے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔
یہ عقیدہ نہیں ہے اپنا ہی کہتے ہیں سارے بالغ و عاقل (میر تقی میرؔ)
15. advantage(امتیاز/ برتری / فائدہ / تفوّق/ فوقیت):سلیم پر نعمان کو فوقیت یہ ہے کہ اس کی نوکری گھر کے قریب ہے۔
یہ شرافت یہ سیادت یہ تقدّس یہ کمال یہ تنزّہ یہ تعلّی یہ تفوّق ہے کہیں (میر تقی میرؔ)
16. affect(اثر کرنا / متاثر کرنا ): فکر نہ کریں میری موجودگی آپ کے کام کو متاثر نہیں کرے گی۔
رنج راحت فزا نہیں ہوتا اثر اُس کو ذرا نہیں ہوتا (مومن خاں مومنؔ)
17. air mass (ہوا کا تول / ہوا کی مقدار): فٹ بال میں ہوا کی مقدار حد سے بڑھ جائے تو فٹ بال پھٹ جاتا ہے۔
گاہک سے تو کِلو میں چُکاتا ہے قیمتیں پر مال تولتا ہے ابھی تک وہ سیر سے
18. (air)ہوا / باد: دوسری مادی چیزوں کی طرح ہوا بھی وزن رکھتی ہے
ہمیں پتہ ہے ہوا کا مزاج رکھتے ہو مگر یہ کیا کہ ذرا دیر کو رُکے بھی نہیں (پروین شاکر)
19. air pressure(ہوائی دباؤ): ہوا کا چلنا دو علاقوں میں ہوائی دباؤ کے فرق کی وجہ ہوتا ہے۔
20. air resistance(ہوا کی مزاحمت): ہوا کی مزاحمت سائکل کی رفتار کو کم کر دیتی ہے۔
21. alternate(متبادل / ادل بدل کیا ہوا) / نعم البدل: ایک طریقہ ناکام ہو جائے تو متبادل طریقے اپنانے چاہیں۔
لفظوں میں کب سمٹتا ہے وہ بحرِ بیکراں شعروں کو حسنِ دوست کا نعم البدل نہ لکھ
22. alto(اونچا سُر / مردانہ آواز): اونچے سُر سے مت گاؤ کیونکہ ہمسائے میں کوئی پریشان ہو سکتا ہے۔
23. amount (مقدار/ رقم / قیمت ): اتنی رقم ساتھ لے جا کر کیا کرو گے؟
جنہوں نے کہ تعلیم کی قد ر وقیمت نہ جانی مسلّط ہوئی ان پہ ذلّت (حالیؔ)
24. amphibian (جَل تھَلیے/ دو زندگیوں والے جانور): مگر مچھ جل تھلیا ہے کیونکہ یہ خشکی اور پانی دونوں جگہوں پر رہ سکتا ہے۔جل کا مطلب پانی اور تھل کا مطلب خشکی ہے۔
رات جل تھل میری آنکھوں میں اُتر آیا تھا صورتِ ابر کوئی ٹوٹ کے برسا ہو گا (محسن نقوی)
25. amplitude(حیطہ (احاطہ سے)/ انتہائی بلندی/ سعتہ (وسعت سے): اونچی آواز کی موجوں کا حیطہ زیادہ ہوتا ہے۔
کہاں بھلائیے اس کو کہ وہ بچھڑ کے سدا خیال بن کے محیطِ حواس رہتا ہے (محسن نقوی)
26. analyze(تجزیہ کرنا):محکمہ زراعت کے لوگ کسانوں کی زمین کا تجزیہ کرکے انہیں اچھی فصل کے حصول کے لیے مفت مشورے دیتے ہیں۔
27. anatomy(تشریح الاعضاء): طب کا ایسا شعبہ جس میں جسم کے مختلف اعضاء کے افعال کی تشریح کی جاتی ہے۔
28. ancestor(بزرگ/ آباؤ اجداد): ہمارے آباؤ اجداد بہترین علمی روایات کے وارث تھے ۔ ہمیں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے۔
عزیزوں کی اعانت گُم بزرگوں کا ادب رُخصت جو دِل بدلا تو سب بدلا خُدا رُخصت تو سب رُخصت (اکبر الہ آبادی)
29. ancient(قدیم): ہڑپہ قدیم تہذیب کی بہت سی نشانیوں کا مظہر ہے
ہے طریقِ جدید خُشک مزاج میرے حق میں قدیم چال اچھی (اکبر الہ آبادی)
30. anemometer(باد پیما / ہوا کی رفتار ماپنے والا آلہ): باد پیما ہوا کی طاقت سے چلنے والا ایسا آلہ ہوتا ہے جس میں دو گھومنے والی پیالیاں لگی ہوتی ہیں۔
31. angle(زاویہ/ کونہ / گوشہ/ کُنج / کھُنج (پنجابی میں ): 45 درجے کے زاویے سے پھینکی ہوئی چیز سب سے زیادہ فاصلہ طے کرتی ہے/ کسی چیز کا جائزہ مختلف زاویہء نگاہ سے لینا چاہیے۔
بدلا ہوا ہے زاویہ اُس کی نگاہ کا ہم ڈھونڈھتے پھرتے ہیں پھر سایہ پناہ کا (اشتیاق احمد)
32. (angiosperm)درتخمی پودے / نہاں تخمی پودے / در تخمیے / نہاں تخمیے : ایسے پودے جن کے تخم پھل کے اندر ہوتے ہیں مثلاً سیب ، مالٹا وغیرہ۔
سب جگت ڈھونڈھ پھرا یار نہ پایا لیکن دل کے گوشے میں نہاں تھا مجھے معلوم نہ تھا (کلیاتِ سراج)
33. animalia(حیوانئے / حیوانات کے بارے میں) بہائم کی بابت۔انسانوں میں حیوانیت آ جائے تو معاشرے کا سکون تہہ و بالا ہو جاتا ہے۔
مسلمانوں کا دل جب پاک دیکھا لوم و لائم سے تو قوم اپنی نظر آنے لگی بدتر بہائم سے (حفیظ جالندھری)
34. antibiotic(جراثیم کُش / کِرم کُش / ضد حیویہ / ضد نامیہ ): ضمنی اثرات سے بچنے کے لیے جراثیم کُش ادویات کا استعمال انتہائی احتیاط کا متقاضی ہے۔
35. antibody(ضد جسم / دافع جسم ): خُون کے اندر بننے والا ایسا مواد جو جراثیم کو تلف کر دیتا ہے ۔
36. appliance(سامانِ ضرورت/ آلہ / سامان):سامانِ ضروریہ کے طور پر جدید آلات ہماری اوّلین ضرورت بن گئے ہیں۔
سامانِ تجارت میرا ایمان نہیں ہے ہر در پہ جھکے سر میرا ایمان نہیں ہے (ماجد دیوبندی)
37. apply(اطلاق ہونا / لگانا):نیوٹن کے تیسرے قانون کا اطلاق بہت سے فطری مظاہر پر ہوتا ہے۔
قید و اِطلاق کا نقاب اُٹھا بے حجابی اُٹھا حجاب اُٹھا (حرفِ تمنّا)
38. appropriate(مناسب / موزوں): تجربات موزوں حالات میں ہی درست نتائج دیتے ہیں۔
کیونکر نہ آتے خُلد سے آدم زمین پر موزوں وہیں وہ خوب ہے جو شے جہاں کی ہے (گلزارِ داغ)
39. approximately(قریباً / انداز ً): اس شخص کی عمر قریباً پچاس سال ہوگی۔
میری آنکھوں کو سدا رکھتا ہے نم اس کا غم مجھ کو اندازہ ء صحرا نہیں کرنے دیتا
40. arrange(انتظام کرنا / ترتیب دینا)تجربہ گاہ میں سامان ترتیب سے رکھنا چاہیے تاکہ تجربے کی انتظام کاری میں دشواری پیش نہ آئے۔
زندگی کیا ہے عناصر میں ظہورِ ترتیب موت کیا ہے انہی اجزاء کا پریشاں ہونا (غالبؔ)
41. artery( شریان): شریانیں ایسی نالیاں ہیں جو خون کو دل سے جسم کے مختلف حصوں تک پہنچاتی ہیں۔
تیر ہے اُن کا نشترِ مِژگاں اپنی شریان کا خدا حافظ (کلیاتِ قدرؔ)
42. arthropod(جوڑ پائے / جوڑ ٹانگیے): ایسے جانور جن کی ٹانگوں پر جوڑ ہوتے ہیں۔ مثلاً کیڑے مکوڑے وغیرہ۔
43. asexual(غیر جنسی / غیر صنفی )قلم یا داب کے ذریعے نیا پودا تیار کرنا غیر جنسی تولید کی مثال ہے۔
44. assemble (جوڑنا / ترتیب دینا): کمپنی نے پرزہ پرزہ جوڑ کر یہ شاہکار موٹر سائیکل تیار کیا ہے۔
جُڑتے ہوئے دیکھا نہیں ٹوٹے ہوئے دل کو گر جاتے ہیں جو اشک اُٹھائے نہیں جاتے
45. asteroid(سیارچہ / مصنوعی سیارہ ): اس وقت بہت سے مصنوعی سیارے خلاء میں چکر لگا کر معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
سیارچے ہیں مقابل مِرے تصوّر کے کہ حدِّ فکر مِری لامکان ہے ساقی (اشتیاق احمد)
46. astronomer(خلا نورد/ ہیئت دان / ماہرِ فلکیات):سائنس دانوں نے پلوٹو کو بونا گردان کر نو سیاروں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
47. atmosphere(فضا / کرّہ ہوائی/ ماحول / مضافات): زمین ایک ایسا سیارہ ہے جو چاروں طرف سےکرّہ ہوائی میں گھرا ہوا ہے۔
فضا میں پھیل چلی میری بات کی خوشبو ابھی تو میں نے ہواؤں سے کہا کچھ بھی نہیں (بشیر بدر)
48. atom(ایٹم / جوہر): ایٹم یا جوہر کسی عنصر کا وہ چھوٹے سے چھوٹا ذرہ ہے جو عام حالت میں اپنے وجود کو آزادانہ طور پر برقرار نہیں رکھ سکتا۔
جو چیرا حضرتِ انسان نے اب قلبِ جوہر کو توانائی کا بحرِ بیکراں اک ہاتھ آ گیا (اشتیاق احمد)
49. atomic number(ایٹمی عدد): ایٹمی عدد وہ عدد ہے جو کسی ایٹم میں موجود پروٹانوں کی تعداد کو ظاہر کرتا ہے۔
50. attract(کشش کرنا / اپنی طرف کھینچنا):مقناطیس کے مخالف قطب ایک دوسرے کو کشش کرتے ہیں۔
کی کششِ دل نے مرے ان میں سرایت ہمسائے میں سنتے ہیں کہ وہ آئے ہوئے ہیں (مرزاؔ)
51. automatic(خود کار): آجکل خود کار مشینوں سے عام طور پر کام کیا جاتا ہے۔
52. available(میسّر ہونا): بچوں کا نصاب اتنا مشکل ہے کہ ٹیوشن پڑھانے کے لیے افراد میسّر نہیں ہیں۔
پھول تو پھول ہیں کانٹا بھی میسّر نہ ہوا عمر بھر ہم نے سجائے ہیں گلستاں کیا کیا (شبِ آئینہ)
53. axis(محور): محور وہ خط یا نقطہ ہوتا ہے جس کے گرد کوئی چیز گھوم سکے۔
حُسن کا مصدر، عشق کا محور ذاتِ محمد خیر سراسر (افضال انورؔ)
B
54. bacteria ( بکٹیریا): یہ جانور نہیں بلکہ پودے ہیں۔ یہ طفیلی اور گند خور ہوتے ہیں۔
55. balance( ترازو / میزان/ توازن / بقایا): 1۔ ترازو سے پورا تولو2۔ متوازن زندگی گذارو3۔ میرے موبائل میں بقایا بیس روپے بچے ہیں۔
سب امرِ اہم عقل کی میزاں میں تُلے تھے عقدے وہ حل ہوئے جو کسی سے نہ کھُلے تھے (میر انیسؔ)
56. balanced forces(متوازن قوتیں): جس جسم پر متوازن قوتیں عمل کرتی ہیں وہ جسم توازن کی حالت میں کہلاتا ہے۔
57. bare(کھلا / بے ڈھکا / ننگا): بے ڈھکا کھانا کھانے سے بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔
صبح آیا جانبِ مشرق نظر اک نگارِ آتشیں رُخ، سر کھُلا (غالبؔ)
58. barometer(باد پیما / ہوا پیما ): کرّہ ہوائی کا دباؤ معلوم کرنے والا آلہ باد پیما کہلاتا ہے۔
59. battery(بیٹری ): وولٹیج پیدا کرنے والا ذریعہ بیٹری کہلاتا ہے۔
60. bed(بستر / کیاری / قطعہ/ سیج): پھولوں کی کیاری میں رنگ برنگے پھول کھلے ہوئے ہیں۔
کہتا ہے دل یہ مجھ سے جوں نقشِ پا ظفر تم چل کر اسی کے در پر بستر بچھا لو اپنا (کلیاتِ ظفرؔ)
نشتروں سے دلِ بلبل کو لہو کرتے ہیں کیاریوں میں شجرِ گل جو نمو کرتے ہیں (غنچہء آرزو)
61. behaviour(رویہ/ طرزِ عمل / طرزِ ادا):بعض جانوروں کے رویے اور عادات بڑی دلچسپ ہوتی ہیں۔
ہر رویے کی حد بھی ہوتی ہے اور کب تک یونہی ستائیے گا (مرتضیٰ برلاس)
62. beneficial(فائدہ مند / نفع رساں / منافع بخش): بکٹیریا فائدہ مند بھی ہوتے ہیں۔ دودھ سے دہی اور خمیر بکٹیریا ہی کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے۔
افعالِ قبیح و حَسن اک کھیل ہے اس کا کچھ نفع رساں ان میں ہیں کچھ ہیں ضرر آور
63. benefit(نفع / فائدہ): جانور پالنے سے انسان جانوروں کی عادات سے اچھی طرح واقفیت حاصل کر لیتا ہے۔
نفع بازی، رشوتیں ، ٹھیکے ، ذخیرے ، سازشیں کھا نہ جائے تم کو یہ دولت کے انباروں کا غم (کلیاتِ رزمیؔ)
64. best(بہترین/ سب سے اچھا): انسانی صحت کے لیے بہترین اور متوازی غذا ہلکی ، سادہ اور توانائی بخش ہوتی ہے۔
65. big bang(انفجارِ عظیم / عظیم دھماکہ): سائنس دانوں کا یہ مفروضہ کہ زمین ایک بہت بڑے دھماکے کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے انفجارِ عظیم کا نظریہ کہلاتا ہے۔
66. binary fission(دوپارگی / دوہری تقسیم/ دو نیمگی): ایک جاندار کا خلوی تقسیم کے ذریعے دو جانداروں میں تقسیم ہونا۔
دو نیم ان کی ٹھوکر سے صحرا و دریا سمٹ کر پہاڑ ان کی ہیبت سے رائی (اقبالؒ)
67. biomass(حیاتیاتی مادہ): زندہ اجسام کے گلنے سڑنے سے پیدا ہونے والا مواد جس کو توانائی کے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
68. bird(طائر / پرندہ / پنچھی / پکھیرو):شام ہوتے ہی پرندے اپنے گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔
اے طائرِ لاہوتی اس رزق سے موت اچھی ۔۔۔۔ جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی(اقبال)
69. blink( جھپکنا / ٹمٹمانا): زندگی ٹمٹماتے ہوئے دیے کی روشنی ہے۔
ٹمٹماتے رہے حسرتوں کے دیے مسکراتی رہی رات بھر چاندنی
70. blizzard(برف باد/برفانی طوفان): برف باد نے بستیوں کی بستیاں تباہ کر ڈالیں۔
طوفانِ حوادث سے ڈراتا ہے ہمیں کیا ہم لوگ تو اکثر تہہِ گرداب رہے ہیں
71. (block )گھیرنا / بند کرنا / روکنا :( برفانی تودہ گرنے سے راستہ بند ہو گیا۔
میں نے روکا بھی نہیں اور وہ ٹھہرا بھی نہیں حادثہ کیا ہے جسے دل نے بھلایا ہی نہیں
72. (blood)خون / لَہو / رَت/ دَم:دل کا کام خون کو جسم کے مختلف حصوں میں بھیجنا اور وصول کرنا ہے۔
خون دینا ہے پھر مجھے اخترؔ ایک نادار منتظر ہے مِرا (اقبال اختر)
73. blood tissue(خونی بافت / خونی ریشے): بعض اوقات بیمار خونی بافتوں پر تاب کار شعاعیں ڈال کر علاج کیا جاتا ہے ۔
74. blood vessel(خونی نالی/ خونی رگ): خونی رگوں میں جب کوئی ہلکا سا لوتھڑا جم جاتا ہے تو دل کا عارضہ لاحق ہونے کا امکان ہوتا ہے۔
75. blossom(پھولوں کا کھلنا / نشوونما پانا): موسمِ بہار میں ہر طرف خوش رنگ پھول کھلے ہوتے ہیں۔
ہر پھول کی قسمت میں کہاں نازِ عروساں کچھ پھول تو کھلتے ہیں مزاروں کے لیے
76. (boat)کشتی /ناؤ / بیڑی(پنجابی میں):پانی کے مخالف بہاؤ کی سمت میں چپوؤں سے کشتی چلانا مشکل ہوتا ہے۔
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
77. boil(ابالنا/ جوش دینا): پانی کا نقطہء ابال 100 درجے سینٹی گریڈ ہے۔
78. boiling point(نقطہء ابال / نقطہء جوش / نقطہء کھولاؤ): مختلف مائعات کا نقطہء جوش مختلف ہوتا ہے۔
طغیانیوں کے بعد تھی آبی آلودگی سیلاب کیا تھا ہم پہ یہ دوہرا عذاب تھا (اشتیاق احمد)
79. bone tissue(ہڈی ریشہ /ہڈی بافت): بعض اوقات متورّم (ورم زدہ ) ہڈی کی بافت کا علاج مشکل اور پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
80. bounce(اچھل کر لوٹنا): گیند اچھل کر لوٹی اور کھلاڑی کی ناک کی ہڈی توڑ ڈالی۔
81. brain(دماغ/ بھیجہ):انسانی عصبی نظام کا مرکزی حصہ ۔
بلبل کے کاروبار پہ ہیں خندہ ہائے گل کہتے ہیں جس کو عشق خلل ہے دماغ کا (غالبؔ)
82. bronchi(قصبی نالیاں): وہ نالیاں جن میں ٹریکیا نچلے سرے پر منقسم ہوتی ہیں۔
83. (bud)غنچہ / کلی / آنکھ:اَن کھِلا پھول جو بند شکل میں ہوتا ہے۔گنے کی پوریوں کے درمیان چشمہ یا آنکھ جو اُگ کر نئے پودے کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔
کبھی تو آس کے غنچے چٹک کے پھول بنیں کبھی تو ہجر کی یہ رات خواب ہو جائے (ہمراز نیّرؔ)
84. bundle(پلندہ / گٹھا / گٹھڑی): انسانی جسم ہڈیوں کا ایک گٹھا ہے جس کی وجہ سے جسم کی شکل متعین ہوتی ہے۔
گٹھڑی ہی گناہوں کی کیا کم ہے گراں باری جو اور زیادہ ہم کچھ بارِ گراں ڈھونڈھیں (کلیاتِ ظفرؔ)
85. (buoyant force/ buoancy) اچھال / اچھال کی قوت / روئے آب پر رہنے کی قوت):پانی کی قوتِ اچھال کی وجہ سے پانی کے ٹب میں بیٹھا ہوا انسان اپنے وزن کو کم محسوس کرتا ہے۔
اُچھل خزانے پہ اپنے نہ مثلِ فوارہ کرے گا دیکھ یہ تیرا تجھے اُچھال خراب (مضامینِ فرحت)
C
86. calcium(کیلشیم): سفید رنگ کا دھاتی عنصر جو عام طور پر چونے میں پایا جاتا ہے۔
87. calculator(کیلکولیٹر): چھوٹی سی حسابی مشین جو تیزی سے حساب کتاب کرتی ہے۔
88. calorie(حرارہ): حرارت یا توانائی ماپنے کی اکائی ۔
89. camera(کیمرہ / عکسالہ ): تصویر کشی کے لیے استعمال ہونے والا آلہ۔
90. camouflage(تلبیس / بھیس بدلنا / چھپانا): بٹیرکا رنگ گندم کی پکی ہوئی فصل جیسا ہوتا ہے ۔ اس لیے اس کی قدرتی تلبیس ہو جاتی ہے۔
ہے شیخ کے سر ایسی ہی تلبیس کی ٹوپی جس سے کہ پڑی کانپے ہے ابلیس کی ٹوپی (انشاؔ)
91. cancer(سرطان / راج پھوڑا): سرطان ایسا جڑوں کے جال والا پھوڑا ہوتا ہے جو آہستہ آہستہ پورے جسم میں پھیل جاتا ہے۔
92. (capacity)گنجائش: اس برتن مزید پانی کی گنجائش نہیں ہے۔
وسعت میں ہمیشہ سے جداگانہ ہیں دونوں دنیا میں نہیں دل میں ہے گنجائشِ دنیا (صفدر صدیق رضیؔ)
93. capillaries(شعری یا مونی نالیاں) ۔ خُون کی باریک رَگیں جو ہر عُضو میں رَگوں کا جال بَناتی ہَیں اور اِن میں خُون ، آکسیجَن ، خوراک اور بیکار مادّوں کا تَبادلہ ہوتا ہے۔
ہجر میں گھُل گھُل کے آدھا ہو گیا لے مسیحا اب میں مُو سا ہو گیا
94. capture(پکڑنا/ گرفت میں لینا / اسیر کرنا): جب کوئی ایٹم کسی الیکٹران کو اپنی گرفت میں لیتا ہے تو اس ایٹم پر منفی چارج آ جاتا ہے اور وہ منفی آئن بن جاتا ہے۔
جھگڑے پڑے ہیں میری گرفت و نجات کے دوزخ میں اور رحمتِ پرور دگار میں (راسخ دہلوی)
95. carbohydrate(نشاشتہ): کاربن ، ہائیڈروجن اور آکسیجن پر مشتمل ایک نامیاتی مرکّب۔
96. carbon(کاربن): ایک غیر دھاتی عنصر ہے جس کی قلمی شکلیں ہیرا اور گریفائٹ ہیں۔
97. carbon dioxide(کاربن ڈائی آکسائیڈ): انسان سانس لیتے وقت آکسیجن اور سانس چھوڑتے وقت کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتا ہے۔
98. cardiovascular system(قلب اور شریانوں کا نظام): قلب اور شریانی نظام درست رہتا ہے اگر نظامِ دورانِ خون میں خرابی واقع نہ ہو۔
99. carnivore(گوشت خور): شیر، چیتا اور لگڑ بھگڑ وغیرہ گوشت خور جانور ہیں۔
100. category(درجہ / زمرہ): ہاتھی نباتات خور جانوروں کے زمرے میں آتا ہے۔
پستیء قوم کے جب آگئے دن اے اکبرؔ اونچے درجوں میں ہوئے عقل کے دشمن پیدا (اکبر الہ آبادی)
101. caterpillar(سُنڈی / لاروا / تتلی کا پہلا روپ): سنڈی کا پہلا روپ لاروا(پہل روپ)، پھر پیوپا (منجھ روپ) اور آخری بالغ حشرہ(انت روپ) ہے۔
102. cell(خلیہ):خلیہ جانداروں کی بنیادی ساختی اکائی ہوتی ہے۔
جب سے تمہارے نام سے موسوم ہو گئے خَلیے دل و دماغ کے مسموم ہو گئے (اشتیاق احمد)
103. cell division(خلوی تقسیم): ایسا عمل جس میں موجودہ خلیہ دو یا دو سے زیادہ دُختر خلیوں میں تقسیم ہو جاتا ہے۔
104. cell membrane(خلوی جھلی / غشائے خلیہ): پتلی نیم سرایت پزیر جھلی جو خلیے کے اندرونی حصے کو بیرونی ماحول سے الگ کرتی ہے۔
غشائے خلیہ ، دیوارِ خلیہ اور آبِ خلیہ ہو گئے ہیں مرے خلیات کے حصے بخرے (اشتیاق احمد)
105. cell wall(خلوی دیوار): خلیے کی حفاظت کے لیے خلوی جھلی کے باہر ایک مضبوط دیوار ہوتی ہے جو خلوی دیوار کہلاتی ہے۔
106. cellular respiration(خلوی تنفّس): خلیے کا آکسیجن حاصل کرنا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ چھوڑنا خلوی تنفس کہلاتا ہے۔
107. Celsius(C0) (سینٹی گریڈ یا سیلسئس پیمانہ): ایسا پیمانہ جس میں 0 سے 100 تک پیمانے کو 100 درجوں میں تقسیم کیا ہوتا ہے۔ ہر درجہ ایک سینٹی گریڈ یا ایک سیلسئس کہلاتا ہے
108. cement(سیمنٹ / لفظی مطلب جوڑنے ولا): سیمنٹ عمارتیں بنانے میں کام آتا ہے۔
109. centimeter(سینٹی میٹر): ایک میٹر کا 100 واں حصہ
110. central nervous system(مرکزی عصبی نظام): انسان کا مرکزی عصبی نظام دماغ میں ہے جہاں سے پورے جسم کے افعال کنٹرول ہوتے ہیں۔
111. change(تبدیلی / بدلاؤ):تبدیلی دو طرح کی ہوتی ہے 1۔ طبعی 2۔ کیمیائی ۔ طبعی تبدیلی عارضی اور کیمیائی تبدیلی مستقل ہوتی ہے۔
بدل کے بھیس زمانے میں پھر سے آتے ہیں اگرچہ پیر ہے آدم جواں ہیں لات و منات (اقبالؒ)
112. change in motion (حرکت میں تبدیلی): حرکت میں تبدیلی پیدا کرکے کسی چیز کی رفتار کو کم و بیش کیا جا سکتا ہے۔
113. change in direction(سمت میں تبدیلی): قوت کی سمت تبدیل کرکے اسے زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
114. (change in speed) رفتار میں تبدیلی:رفتار تیز ہو تو فاصلہ جلدی طے ہو جاتا ہے۔
115. (characteristic)خصوصیت / خاصیّت: کچھ جانور عجیب و غریب خصوصیات کے مالک ہوتے ہیں مثلاً چمگادڑ الٹی لٹک کر سوتی اور آرام کرتی ہے۔
اِک فقر سے قوموں میں مسکینی و دلگیری اِک فقر سے قوموں میں خاصیّتِ اکسیری (علامہ اقبالؒ)
116. (chemical components)کیمیائی اجزاء: اس دوائی کے کیمیائی اجزاء بہت قیمتی ہیں۔
117. (chemical bond)کیمیائی بندھن / کیمیائی گرفت: بہت سے مرکبات میں ایٹم ایک دوسرے کے ساتھ کیمیائی بندھن کے ذریعے جڑے ہوتے ہیں۔
118. (chemical change): کیمیائی تبدیلی: کیمیائی تبدیلی مستقل ہوتی ہے جبکہ طبعی تبدیلی عارضی۔
119. (chemical energy)کیمیائی توانائی: کیمیائی مواد سے حاصل کی جانے والی توانائی کیمیائی توانائی کہلاتی ہے۔
120. (chemical equation)کیمیائی مساوات: متعاملات اور حاصلات کے درمیان مقداری اور عددی تعلق کو ظاہر کرنے والی مساوات۔
121. (chemical reaction)کیمیائی تعامل: کوئی بھی کیمیائی عمل کیمیائی تعامل کہلاتا ہے۔
122. (chemical property)کیمیائی خصوصیت: کیمیائی تعامل کے دوران نمودار ہونے والی خصوصیت
123. (chemical system)کیمیائی نظام: ایسا نظام جس میں کوئی کیمیائی تعامل وقوع پزیر ہوتا ہو۔
124. (chemical weathering): کیمیائی فرسودگی / کیمیائی ریزگی/ کیمیائی شکست و ریخت / کیمیائی موسم زدگی : ایسا عمل جس میں چٹانوں کی ریزگی(ریزہ ریزہ ہونا) اور تحلیل(حل ہونا) وقوع پزیر ہوتی ہے ۔
125. (chlorophyll) سبزینہ / سبز مادہ : روشنی، ہوا اور زمینی خوراک کے ملاپ سے پتوں میں تیار ہونے والا سبز مادہ۔
126. (chloroplast) سبز مایہ / سبز تکوینہ: پودوں کے خلیے کا سبز عضویہ جو ضیائی تالیف کے عمل کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
127. (choose)منتخب کرنا / چننا : اچھی فصل کے لیے اچھے بیج کا انتخاب بہت ضروری ہے۔
کھُلتا کسی پہ کیوں میرے دل کا معاملہ شعروں کے انتخاب نے رسوا کیا مجھے (غالبؔ)
128. (chromosomes) لونیے / چتر ریشے / رنگریشے (رنگدار ریشے)/چتر دھاگے: وراثتی مادہ ڈی این اے اور پروٹین سے بنے ہوئے چتر دھاگے جو جانداروں میں وراثتی خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔(چتر :چتری والا کیلا)
129. (cinder cone volcano)خاکستری مخروطی آتش فشاں: جلی ہوئی راکھ کی شکل کا مخروطی آتش فشاں پہاڑ۔
130. (electric circuit): برقی دور: وہ راستہ جس میں برقی رو کسی نقطے سے سفر شروع کرکے اسی نقطے پر واپس آتی ہے ایک برقی دور کہلاتا ہے۔
131. (circulatory system) نظامِ دورانِ خون: جسم میں خون کی گردش کا وہ نظام جس میں خون دل سے مختلف اعضا تک اور مختلف اعضا سے دل تک گردش کرتا ہے۔
132. cirro(بادل کا ٹکڑا)
133. (cirrus cloud)سفیدچھدرا بادل /چِٹّا وِرلا بدّل (پنجابی میں): ایسا سفید بادل جو فاصلے پر موجود چھوٹی چھوٹی ٹکڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
134. (classification) درجہ بندی / تقسیم : سائنس دانوں نے جانداروں کو مشترکہ خصوصیات کی بنیاد پر مختلف قبیلوں اور خاندانوں میں تقسیم کیا ہے جو درجہ بندی کہلاتا ہے۔
کہاں فلک کے جو درجے ہمارے گھر کے ہیں فرشتوں کے نہیں جو مرتبے بشر کے ہیں (ریاض البحر)
135. (classify) الگ الگ کرنا / درجہ بندی کرنا / شناخت کرنا: زندہ قومیں مختلف علوم و فنون کی اپنی زبان و تہذیب کے لحاظ سے درجہ بندی کرتی ہیں۔
136. (climate)آب و ہوا: آب و ہوا کے اعتبار سے پاکستان میں ہمہ قسم کے موسم پائے جاتے ہیں۔
میں جس کی آب و ہوا سے تھا سہم کر نکلا اُسی مقام پہ پھر بود و باش لے آئی (آفتابؔ احمد)
137. (cloning) تنسیل(نسل بڑھانا)/ کلون کرنے کا عمل: ایک خلیے کے ذریعے نسل بڑھانے کا عمل۔
138. (cloud)بادل / ابر : زمین پیاسی ہے سب لوگ ابرِباراں کے منتظر ہیں۔
ابر برسا ہے کہیں شام سے پہلے پہلے ہو گئی شام حسیں شام سے پہلے پہلے (حسن عباسی)
139. (coal) کوئلہ : پاکستان میں کوئلے کے بہت بڑے بڑے ذخائر ہیں جن کو اگر بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے تو لوڈ شیڈنگ سے ہمیشہ کے لیے نجات مل سکتی ہے۔
ایسی ٹھنڈی ہو گئی لالے کی آگ کوئلہ بجھ کر ہوا داغِ جگر (کلیاتِ قدرؔ)
140. (code) راز / رمزیہ تحریر / رمزیہ علامات: جاسوسی محکموں میں رمزیہ تحریروں اور علامات کو خوب استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن (علامہ اقبالؒ)
141. (cold front)سرد محاذ: کرّہ باد میں گرم اور سرد ہوا کی حد جہاں ٹھنڈی ہوا گرم ہوا کی جگہ لے لے۔
142. (collect)جمع کرنا / اکٹھا کرنا: بچوں نے اپنے جیب خرچ میں سے تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کرکے فٹ بال خریدا۔
جمع کرتے ہو کیوں رقیبوں کو اک تماشا ہوا گِلہ نہ ہوا (غالبؔ)
143. (collide)ٹکرانا / متصادم ہونا: گیند کا دیوار سے ٹکرا کر واپس لوٹنا نیوٹن کے تیسرے کے قانون کے مطابق ہے۔
ظرف اپنی جراتوں کا آزمانے کے لیے جب ملا ساحل تو خود ٹکرا گئے ساحل سے ہم
144. (color) رنگ : سفید روشنی منشور کے ذریعے سات رنگوں میں بکھر جاتی ہے۔
عجیب شخص تھا بارش کا رنگ دیکھ کے بھی کھلے دریچے پہ اک پھول دان چھوڑ گیا (پروین شاکر)
145. (column) کالم / خانہ: عمودی خانہ جو عموماً قیمتوں کے اندراج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
146. (comet)دم دار ستارہ / جھاڑو تارا / پوچھل تارا (پنجابی میں ):سورج کے گرد گھومنے والا ایک چھوٹا جسم جس کے مرکزے پر سورج کی روشنی پڑنے سے دم بنتی ہے۔اس کا مرکزہ برف ، جمی ہوئی گیسیں اور مٹی و پتھر کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
147. (comfortable)آرام دہ / مطمئن: مطمئن مزاج کا مالک انسان زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
جو کرتا آ کے یاں آرام وہ آرامِ جاں اپنا تو اپنی جانِ بے آرام کو آرام آ جاتا (کلیاتِ ظفرؔ)
148. (community)آبادی / وسیب / اجتماع: تمام جاندار اپنی آبادی اور وسیب میں ہی خوش رہتے ہیں۔
دلِ ویراں میں تری یاد سے آبادی ہے ہر گھڑی لاکھ تمنّا ،گھڑی فریادی ہے (سید محمد میرؔ)
149. (compare)موازنہ کرنا : چیزوں کا بغور موازنہ کرنے سے ان کا معیار پرکھا جا سکتا ہے۔
موازنے کی گھڑی آ ہی جائے گی اک دن گرفتہ دل جو ہیں ہونگے وہ شاداں و فرحاں (اشتیاق احمد)
150. (compass) قطب نما / مقناطیسی سوئی : قطب نما کی سوئی زمینی مقناطیسی اثر کے تحت حرکت کرتی ہے۔
151. (competition) مقابلہ : مقابلے کے اس دور میں جو محنت کرے گا وہ آگے نکل جائے گا۔
چلی ہے تھام کے بادل کے ہاتھ کو خوشبو ہوا کے ساتھ سفر کا مقابلہ ٹھہرا (پروین شاکر)
152. (compose)تشکیل دینا / صفحہ سازی/مل کر بننا :ان پیج اردو صفحہ سازی کے لیے بہترین سوفٹ وئر ہے۔
153. (composite volcano)مخلوط آتش فشاں: لاوے کی متبادل تہوں اورچٹانی ٹکڑوں کے ملاپ سے تشکیل پانے والا آتش فشاں۔
154. (composition) ساخت /بناوٹ /ترکیب: پانی کے ایک سالمے کی ساخت میں دو ایٹم ہائیڈروجن کے اور ایک ایٹم آکسیجن کا استعمال ہوتا ہے۔
قیامت میں ، قامت کی ترکیب سے ہر ایک عضو جن کا ہے ترتیب سے (کلیاتِ سراج)
155. (compost) آمیزہء کھاد / مخلوط کھاد: پودوں کے جھاڑ جھنکار کا ڈھیر جو کھاد تیار کرنے کے لیے سڑایا جاتا ہے۔
156. (compound) مرکّب : وہ چیز جس میں عناصر خاص ترکیب سے کیمیائی طریقے سے ملے ہوں۔
ٹکڑے تھے عضوِ قطع تھا جامہ حیات کا عالم مرکّبات میں تھا مفردات کا (میر انیس)
157. (compound microscope) مرکّب خوردبین : ایسی خوردبین جس میں ایک سے زائد عدسے لگے ہوں۔
158. (compress)دبانا: جانداروں کے زمین میں دب جانے سے بہت زیادہ درجہ حرارت پر رکازی ایندھن (fossil fuel) تیار ہوتا ہے۔
المدد المدد اے شافہء روزِ محشر بوجھ بھاری ہے گناہوں کا دبا جاتا ہوں (محامد خاتم النبیین)
159. (compression) دباؤ/ بھینچاؤ / داب: آواز کی موجیں ہوا کی تکثیف( دباؤ) اورتلطیف( کھولاؤ) پر مشتمل ہوتی ہیں۔
160. (computer)کمپیوٹر: تمام شعبہ ہائے زندگی کے متعلق سرعت رفتاری سے کام کرنے والا حسابی آلہ۔
کمپیوٹروں سے غزلیں لکھیں گے بشیر بدرؔ غالبؔ کو بھول جائے گی اکیسویں صدی (بشیر بدر)
161. (conclude) نتیجہ اخذ کرنا : بار بار کے تجربات سے کوئی نتیجہ اخذ کرنا سائنسی طرزِ فکرکی عکاسی کرتا ہے۔
آج تک کچھ نہ محبت کا نتیجہ نکلا یارب اِس نخل سے امیدِ ثمر ہے کہ نہیں (جانِ سُخن)
162. (conclusion) نتیجہ/ حاصل: کائناتی شعاعوں (cosmic rays) کے منبع کے بارے میں سائنس دان ابھی تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچے۔
طے شام تلک ہو گی کہیں آج کی منزل رخصت کرو لوگوں کو بس اب رونے سے حاصل؟ (انیسؔ)
163. (condensation) تکثیف / بستگی: چیزوں کی کثافت یا برودت (ٹھنڈک) بڑھ جانے کا عمل ۔
کہاں تک میری جانب سے رہے گی بستگی تم کو گرہ دل کی کہیں کھولو ذرا ایمان سے بولو (کلیاتِ ظفرؔ)
164. (condense) کثیف بنانا / منجمد کرنا / بستہ کرنا / ٹھوس بنانا:بھاپ کے درجہ حرارت کو کم کر کے اس کی تکثیف کر کے پانی بنایا جاتا ہے اور پانی کی تکثیف کر کے برف بنائی جاتی ہے۔یخ بستہ مشروبات معدے کے لیے مُضِر ہیں۔
165. (condition)حالت/ کیفیّت / شرط باندھنا: پانی ٹھوس، مائع ، گیس تینوں حالتوں میں پایا جاتا ہے۔
کیفیتِ چشم اس کی مجھے یاد ہے سوداؔ ساغر کو میرے ہاتھ سے لینا کہ چلا میں (سوداؔ)
166. (conduct)طرزِ عمل /ایصال ہونا برقی ایصال کے ذریعے توانائی کا انتقال۔
گر مجھ سے پوچھتا ہے حقیقت میں ہم نشیں ایصالِ نفع ہے مرے نزدیک اصل دین (بے نظیر)
167. (conduction)ایصالیت: ایصالیت توانائی منتقل کرنے کا ایسا طریقہ ہے جس میں کسی گرم کی گئی چیز کے ایٹم یا سالمے اپنی ہی جگہ پر تھرتھرا کر توانائی ملحقہ ایٹموں یا سالموں میں منتقل کر دیتے ہیں۔ اس طرح توانائی یا حرارت ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچ جاتی ہے۔
168. (conductors) موصِل: حرارت یا توانائی کو بذریعہ ایصالیت ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے والا ذریعہ۔
169. (consequences) نتائج: اس تجربے کے نتائج درست نہیں نکلے۔
نتائج جو ہیں مغربی علم و فن کے وہ ہیں ہند میں جلوہ گر سو برس سے (حالیؔ)
170. (conservation) بقا / ہمیشگی / تحفظ: توانائی نہ تو پیدا کی جا سکتی ہے اور نہ ہی فنا بلکہ ایک شکل سے دوسری شکل میں تبدیل ہو جاتی ہے۔اسے قانون بقائے توانائی کہتے ہیں۔
غیروں کو الزام نہ دو خود اپنے عمل پر غور کرو کون تمہاری کشتِ بقا میں کانٹے بونے والا ہے (مرتضیٰ برلاس)
171. (conservation of energy) بقائے توانائی / ِ تحفّظِ توانائی۔
172. (conservation of mass) بقائے مادہ / تحفّظِ مادہ : کسی عمل کے دوران مادہ نہ تو فنا کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی پیدا۔اسے قانون بقائے مادہ کہتے ہیں۔
173. (conserve)بقا ہونا / حفاظت رکھنا: اس کائنات میں توانائی کو بقا حاصِل ہے۔
بھرا زہر جس جام میں سر بر ہے وہ آبِِ بقا ہم کو آتا نظر ہے (حالیؔ)
174. (consist of )مشتمل ہونا : ہمارے ہاں صبح کا ناشتہ اکثر آلو انڈہ اور پراٹھے پر مشتمل ہوتا ہے۔
ہے مشتمل نمودِ صور پر وجودِ بحر یاں کیا دھرا ہے قطرہء موج و حباب میں (غالبؔ)
175. (consistent) پختہ / مستقل مزاج/ ثابت قدم: اعتبار جمانے کے لیے آدمی کو چاہیے کہ اپنے قول پر پختہ رہے۔مستقل مزاجی سے کیا گیا کام ہی بہتر نتائج دیتا ہے۔
عزمِ محکم کی بدولت دل رہا ثابت قدم سینکڑوں طوفان اس ساحل سے ٹکراتے رہے
176. (constant) مستقل / یکساں :کائنات میں توانائی کی مقدار ہمیشہ مستقل رہتی ہے۔
اے قلق کیونکہ چھوڑ دوں وحشت وضع میں اپنی مستقل ہوں میں (کلیاتِ قلق میرٹھی)
177. (constantly)مستقل انداز سے / لگاتار / متواتر: لگاتار جیسے " روز کے ٹپکے سے پتھر بھی گھِس جاتا ہے"
رواں پیہم دواں سیلابِِ تیرو سنگ کی آندھی مسلسل اور متواتر فسادِ جنگ کی آندھی (حفیظؔ جالندھری)
178. (consumer)صارف/ صرف کنندہ: پودے خوراک پیدا کرنے والے پیداکار (producers) ہیں اور جانور صارف۔
آلودہ خواہش نہ ہو نفسِ عارف باطن میں ہو مصروف بظاہر صارف (لحنِ صریر)
179. (contain) رکھنا: وہ اپنے پاس ہمیشہ چاقو رکھتا ہے۔
رکھیو غالبؔ مجھےاس تلخ نوائی پہ معاف آج کچھ درد میرے دل میں سوا ہوتا ہے (غالبؔ)
180. (container) ظرف / ڈبہ : تیل کے ڈبے میں اچانک آتشزدگی سے قرب و جوار میں کہرام مچ گیا۔
ہر طرف ظرفِ وضو بھرتے ہیں زاہد ہوئی صبح ساقی اٹھ ہم بھی صراحی میں مئے ناب بھریں (قائم ؔ)
181. (content)مشمولات / مواد: اس کتاب کے مشمولات میں بارہ ابواب ہیں۔
ہے مشمول عالم پہ رحمت تری طلب پر یہاں تک اجازت تری (کلیاتِ بے نظیر)
182. (continent) براعظم : براعظم افریقہ میں بھوک اور افلاس کا راج ہے۔
چھپا بیٹھا وہ افریقہ کے بَن میں میں ڈھونڈوں برِّ اعظم ایشیا میں(بین الاقوامی محبوب)
183. (contrast)امتزاج / موازنہ کرنا: ٹی وی میں رنگوں کا امتزاج قائم کرنے کے لیے الگ سے بٹن لگا ہوتا ہے۔
صبا خرام ، خزاں پیرہن ، بہار بدن ! وہ موسموں کا عجب امتزاج رکھتا ہے (محسن نقوی)
184. (control) اختیار / قابو: کائنات اور اس میں موجود حقائق کو قابو میں لانے کا حکم قرآنِ مجید ہمیں دیتا ہے۔
بات چبھتی ہوئی ترے منہ پر دل ہو گر اختیار میں کہہ دوں (یادگارِ داغ)
185. (controlled)قابو کردہ / کنٹرول شدہ: ایٹمی ریکٹر کی کارکردگی کو کنٹرول کرنے کے لیے کنٹرول کرنے والی سلاخیں استعمال کی جاتی ہیں۔
186. (convection)حملِ حرارت / ترسیلِ حرارت: حرارت کی ترسیل کا وہ طریقہ جس میں کوئی سیال چیز کے ایٹم یا سالمے بذاتِ خود حرارت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاتے ہیں۔جیسے ہوا اور پانی کے ذریعے حرارت کا انتقال۔
187. (coordinate) ربط قائم کرنا / معاونت کرنا: شریک گرفتی بندھنوں (covalent bonds) میں ایٹم ایک دوسرے کے ساتھ مشترک الیکٹرانوں کے ذریعے مربوط انداز میں جُڑے ہوتے ہیں۔
فرد قائم ربطِ ملّت سے ہے تنہا کچھ نہیں موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں (اقبالؒ)
وہ اپنے گھر کے دریچوں سے جھانکتا کم ہے تعلّقات تو اب بھی ہیں رابطہ کم ہے (نوازؔ دیوبندی)
188. (core) مرکزی منطقہ / مرکزی حصہ / قلب : سورج کا مرکزی حصہ پگھلے ہوئے مادے پر مشتمل ہوتا ہے۔
اپنے مرکز سے اگر دور نکل جاؤ گے خاک ہو جاؤ گے افسانوں میں ڈھل جاؤ گے
189. (covalent bond)شریک گرفتی بندھن: ایک جیسے یا مختلف عناصر کے ایٹموں کے الیکٹران باہمی شراکت سے گرفت مضبوط کر لیتے ہیں جس سے ایک بندھن وجود میں آتا ہے جو شریک گرفتی بندھن کہلاتا ہے۔
190. (create)تخلیق کرنا / وجود میں لانا: اپنی زبان کے نئے الفاظ اور نئی چیزیں تخلیق کرنے والی قومیں کبھی پیچھے نہیں رہتیں۔
تخلیق کے سفر کی کہانی بِسر گئی تازہ غزل کہی تو پرانی بسر گئی (بیدلؔ حیدری)
191. (crest)فراز / چوٹی / انتہائی بلندی: لہر یا موج کا بلند ترین حصہ۔
نمود جس کی فرازِ خودی سے ہو، وہ جمیل جو ہو نشیب میں پیدا، قبیح و نامحبوب(علامہ اقبالؔ)
192. (crop) ٖفصل / کھیتی /فصل کاٹنا / تراش خراش کرنا: آجکل گندم کی فصل کاٹنے کے لیے جدید آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔
فصل کو باڑ ہی اب کھا رہی ہے میں ایسے موڑ پر لایا گیا ہوں (اشتیاق احمد)
193. (crust) قِشر / چھلکا / پوست / کھال / جلد: تمام معدنیات قشرِ ارض میں ہی موجود ہیں۔
یہ زمیں جس پہ رہتے ہیں ہم لوگ اِس کے اوپر کا قِشر ہے ٹھنڈا (سائنس و فلسفہ)
194. (crystal) بلور / قلم : ایسی دھات جس کے ایٹم یا سالمے مخصوص اور بار بار یکساں انداز سے دہرائی جانے والی ساخت پر مشتمل ہوں۔
ان کا گورا وہ بدن ہے کہ برابر اس کے سیمِ خالص نہیں ، موتی نہیں، بلور نہیں (نظیر اکبرآبادی)
195. (crystallization) عملِ قلماؤ / تقلیم / قلم بندی /قلمیت / قلم پزیری: مصری اور نیلے تھوتھے کی قلمیں صاف اور واضح انداز میں نظر آتی ہیں۔
196. (cubic)مکعب نما / سہ رُخہ :کمرہ مکعب نما شکل کا ہوتا ہے کیونکہ اس کی لمبائی ، چوڑائی اور اونچائی تین رخوں کو ظاہر کرتی ہے۔
197. (cubic centimeter)مکعب سینٹی میٹر: کسی چیز کا حجم ماپنے کی اکائی ہے۔
198. (cure)علاج کرنا / اچھا کرنا: اکسیرِ اعظم امرت دھارا ہر مرض کا علاج سمجھا جاتا ہے۔
طبیبوں سے میں کیا پوچھوں علاجِ دردِ دل اپنا مرض جب زندگی خود ہو تو پھر اس کی دوا کیا ہے
199. (cycle)چکر / دور: اکائی وقت میں پورے کیے گئے دور یا چکر تعدد (frequency) کہلاتے ہیں۔
کھاتا ہوا زمین پہ چکّر پھرا ہوں میں گردش میں آسماں کے برابر پھرا ہوں میں (مصحفی)
200. (cytoplasm)خلیہ مائع/ خلو مائع : خلیے کے مرکزے کے باہر خلیے کا مائع حالت میں مادہ۔
D
201. (dam)ڈیم / بڑا تالاب/ پُشتہ / بند : پانی کے بہاؤ کو روکنے والا بند
202. (data)اعداد و شمار / مواد: اعداد و شمار کے ساتھ کی گئی بات میں بڑا وزن ہوتا ہے۔
203. (data table)اعداد و شمار کی فہرست: سائنسی تجربات سے حاصل کی گئی اعدادوشمار کی فہرست کے ذریعے ہی کوئی حتمی نتیجہ نکالا جا سکتا ہے۔
204. (daughter cell)دُختری خلیہ: ایسا خلیہ جو کسی دوسرے خلیے (جدی خلیے ) کے تقسیم ہونے سے پیدا ہوا ہو۔
205. (decay) انحطاط / زوال پزیری / تزّلزل: تابکاری کے عمل میں تابکار مادے کا کسی دوسرے مادے میں بدل جانایا تابکار شعاعوں کے اخراج سے اس تابکار مادے کی مقدار میں کمی آ جانا۔
مگر دینِ برحق کا بوسیدہ ایواں تزلزّل میں مدّت سے ہیں جس کے ارکاں (حالیؔ)
206. (decomposer)تحلیلیہ / تحلیل کنندہ :غذا کو تحلیل کرنے والا بکٹیریا۔
ہو گئے تحلیل سب اعضا مرے پا کر گداز رفتہ رفتہ ہجر کا اندوہ مجھ کو کھا گیا (میرؔ)
207. (decrease)کم کرنا / تخفیف کرنا: پرہیز کے ذریعے کوئی قوم بیماریوں میں خاطر خواہ کمی لا سکتی ہے۔
کیجئے کچھ تو ستم کی تخفیف ٹُک تو ہو مجھ کو الم کی تخفیف (حسرتؔ)
208. (defend) بچانا / مدافعت کرنا: فصل کو ضرر رساں کیڑوں مکوڑوں سے بچانے کے لیے کسان زہریلی ادویات کا چھڑکاؤ کرتا ہے۔
میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو نیک جو راہ ہو اس رہ پہ چلانا مجھ کو (علامہ اقبالؒ)
209. (deficient)ناقص / نامکمّل / ناتمام / ادھورا:آج کے انسان کی ناقص صحت ناقص غذاؤں اور خواہشات کی بہتات کی وجہ سے ہے۔
نہ جانے کون سا آدم ہے آپ کا معیار کہ ہم تو عرش پہ جا کر بھی ناتمام آئے (شعلہء گُل)
210. (deficiency) کمی / نقص/ کسر : نامیاتی کھاد کی کمی فصل پر منفی اثرات ڈالتی ہے۔
میں سوچتا ہوں جو انساں کے دُم لگی ہوتی کسر جو باقی ہے وہ بھی نہ رہ گئی ہوتی (عادل لکھنوی)
211. (define) تعریف کرنا / توضیح کرنا / معنی بیان کرنا : تمام اصطلاحات کی تعریفیں سمجھ کر ذہن نشیں کر لیں تو سائنس کی کتابوں کا فہم کافی حد تک آسان ہو جاتا ہے۔
تعریف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا کیسی زمیں بنائی کیا آسماں بنایا (اسماعیل میرٹھی)
212. (definite)معیّن / مقرّر / واضح: ٹھوس چیزیں معیّن شکل و صورت رکھتی ہیں جبکہ مائع کی اپنی کوئی شکل نہیں ہوتی۔ اسے جس برتن میں ڈالیں وہی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
موت کا ایک دن معیّن ہے نیند کیوں رات بھر نہیں (غالب)
213. (delta)ڈیلٹا : وہ مثلث نما زمین جو کسی دریا کے دھانے پر بن جاتی ہے۔
214. (density)کثافت / گنجانیت / گھنا پن / ٹھوس پن : جس چیز کی تھوڑی جگہ میں زیادہ مقدار سما جائے اس کی کثافت زیادہ ہوتی ہے۔
لطافت بے کثافت جلوہ پیدا کر نہیں سکتی چمن زنگار ہے آئینہء بادِ بہاری کا (غالبؔ)
215. (dependant variable)تابع متغیّرہ: گراف کھینچتے ہوئے دو مقداروں کی ضرورت ہوتی ہے، ایک تابع متغیرہ اور دوسری آزاد متغیرہ۔
216. (deposition)رسوبی عمل /عملِ جماؤ: رسوبی عمل وہ عمل ہے جس میں کیمیائی تعامل کے دوران کچھ مواد رسوب کی صورت میں تہ نشیں ہو جائے۔
وہ مے جس کی موجِ صفا تہہ نشیں وہ مے جس کی مستی میں لغزش نہیں (مومنؔ)
217. (derived)اخذ کیا گیا: کچھ مقداریں دوسری مقداروں سے اخذ کی گئی ہوتی ہیں۔
ہوں سب اپنے گناہ سے ماخوذ ہم ہوں جُرمِ نگاہ سے ماخوذ( حسرتؔ لکھنوی)
218. (descend)نزول ہونا / درجے میں کم ہونا: ترتیبِ نزولی میں ہم زیادہ سے کم کی طرف چلتے ہیں۔
یہی حق سے کرتی ہے بندوں کو غافل ہوئے ہیں عذاب اس سے قوموں پہ نازل (حالیؔ)
219. (describe) بیان کرنا: سبق کے فہم کا مطلب یہ ہے کہ طالب علم اسے اپنے لفظوں میں تحریری اور تقریری طور بیان کرنے کے قابل ہو۔
یہ مسائلِ تصوّف یہ تیرا بیان غالب تجھے ہم ولی سمجھتے جو نہ بادہ خوار ہوتا (غالبؔ)
220. (desert)صحرا / ریگستان: اونٹ کو صحرا کا جہاز بھی کہتے ہیں۔
صحرا کی سمت جاتے ہو کیوں شہر چھوڑ کر ویرانیوں کی دل کے نگر میں کمی نہیں
221. (design) نقشہ / خاکہ / ڈیزائن: نقشہ نویس نے عمارت کا خوب نقشہ بنایا ہے۔
نقوشِ پا سے ہمارے اُگے ہیں لالہء و گل رہِ بہار سے ہم بے نشاں نہیں گذرے
222. (develop)مکمل بنانا / تعمیر کرنا / ترقیاتی کام کرنا:اللہ کی شان دیکھئے کہ چھوٹے سے بیج کو قدرت ایک مکمل پودا بنا دیتی ہے
اپنی کیا اچھی عمارت پر ہو نازاں غافلو دیکھ لو اگلوں کی یاں تعمیر کو اچھی طرح (بہادر شاہ ظفر)
223. (development)ترقی / نشوونما/نمو: افسوس کہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہ ہو سکا۔
مسلسل بارشیں بھی سبزہء و گُل لا نہیں سکتیں زمیں جب بے نمو ہو ، آسماں سے کچھ نہیں ہوتا (سید گلزار بخاری)
224. (diagram)تصویر / نقشہ: سائنس کے بیشتر تصوّرات بغیر تصویروں اور نقشوں کے سمجھ نہیں آتے۔
225. (dichotomous key) دو دالہ کلید: دو دالہ کلید میں دو دالی پودوں کا تفصیلی جدول ہوتاہے۔
226. (difference)فرق / اختلاف: پودوں اور جانوروں میں بڑا فرق یہ ہے کہ پودے زمین کے ساتھ جمے رہتے ہیں جبکہ جانور اپنی جگہ آسانی سے بدل لیتے ہیں۔
مختلف ہیں یار سے یار ، آشنا سے آشنا عشق نے ڈالا ہے تیرے ، سب دلوں میں اختلاف
227. (digest) ہضم کرنا: کھانے کے بعد ہمدرد کی کارمینا کھائیے۔پھر لکڑ ہضم پتھر ہضم۔
خصالت عجب گرم دھرتے ہیں شہ کہ ایسا شراب ہضم کرتے ہیں شہ (قطب مشتری)
228. (digestive system) نظامِ ہضم: بُسیار خوری ہی اکثرنظامِ ہضم کی خرابی کا باعث بنتی ہے۔
229. (directly) براہِ راست: پودے جانوروں کی زندگی پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔
وہ جب سے شہرِ خرابات کو روانہ ہوا براہِ راست ملاقات کو زمانہ ہوا (پروین شاکر)
230. (disappearing trait) غائب ہونے کی عادت:عموماً بل بنا کر رہنے والے جانوروں کی عادت ہے کہ وہ انسان کو دیکھتے ہی اپنے بل میں گھس جاتے ہیں۔
231. (discuss) بحث کرنا / بات چیت کرنا: عمومی طور پر کسی سائنسی موضوع کی تعریف کے بعد ہم اس پر سیر حاص بحث کرتے ہیں۔
اب آئے ہو تو نہ رخصت کی بات چیت چلے خدا کے واسطے جاتے ہیں ہوش آئے ہوئے(ریاض البحر)
232. (disperse) منتشر ہونا / بکھرنا / کِھنڈ جانا (سرائیکی میں ) / نکھڑنا( پنجابی میں ): منشور سے گذر کر روشنی سات رنگوں میں منتشر ہو جاتی ہے۔
بکھر ہم یوں گئے سب مرد اور زن کہ جاوے ٹوٹ جوں جھاڑو کا بندھن (دیوانِ ریختہ)
233. (dissolve) حل ہونا / گھُل جانا: آئنی مرکبات (نمک وغیرہ) آئنی محلول(پانی وغیرہ) میں ہی حل ہوتے ہیں۔
چہرے پہ حیا کا روپ ، جیسے دریا میں شفق سی گھُل رہی ہے (محسن نقوی)
234. (distance)فاصلہ/پندھ/پینڈا/دوری:لاہور سے اسلام آباد کا فاصلہ قریباً تین سو کلومیٹر ہے۔
کب تک آکر تنہا بیٹھا کاگ سنیہے بھیجوں کب تک دور رہے گی منزل، سانول موڑ مہار (تنویر شاہد محمد زئی)
کہاں گردانتے تھے فاصلوں کو دلوں کے درمیاں ہونے سے پہلے (احمد امتیاز)
235. (distinctive)نمایاں / امتیازی: اونٹ میں امتیازی وصف یہ ہے کہ یہ بغیر خوراک کھائے کافی دنوں تک گذارا کر سکتا ہے۔
سب کہاں کچھ لالہ و گُل میں نمایاں ہو گئیں خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں (غالبؔ)
236. (distribute)تقسیم کرنا / مُنقسم کرنا : درست تقسیمِ کار کام کو سہل اور آسان بنا دیتی ہے۔
رزق ، ملبوس ، مکاں ، سانس، مرض ، قرض، دوا منقسم ہو گیا انساں انہی افکار کے بیچ (محسن نقوی)
237. (disturb)پریشان کرنا / مضطرب کرنا / خلل پیدا کرنا : ماحول کی ہم آہنگی نہ ہو تو آدمی مضطرب اور پریشان ہی رہتا ہے۔
نہ توحید میں کچھ خلل اس سے آئے نہ اسلام بگڑے نہ ایمان جائے (حالیؔ)
238. (diversity)تنوّع/ اختلاف: کائنات میں اشیائے آب و گل کا تنوع ہی اس کے حُسن کی اصل بنیاد ہے۔
اختلافات ہوتے رہتے ہیں آنا جانا تھا آتے جاتے تو! (نوازؔ دیوبندی)
239. (DNA) ڈی این اے ۔نسلی وراثت کا ذمہ دار مادہ۔
240. (dominant gene)غالب جین: ایسا جین جس کی خصوصیات دوسرے جینز پر غالب ہوں۔
241. (draw) کھینچنا / نقاشی کرنا / اخذ کرنا: نقاشی بذریعہ کمپیوٹر کے لیے آجکل بہت سے سوفٹ ویئر تیار ہو چکے ہیں۔
اگر چاہوں تو نقشہ کھینچ کر الفاظ میں رکھ دوں مگر تیرے تخیّل سے فزوں تر ہے وہ نظّارہ (اقبالؒ)
242. (dump)پھینکنا / ٹھکانے لگانا / مٹی یا معدنی مادے کا تودہ: سائنس دان تابکار مادے کو استعمال کے بعد بچنے والا زہریلا پھوک کسی مھفوظ جگہ پر ٹھکانے لگاتے ہیں۔
اٹھا کر پھینک دو باہر گلی میں نئی تہذیب کے ہیں انڈے گندے
E
243. (earthquake)زلزلہ/ بھونچال/ بھوکم: اکثر زلزلے زمین کے اندر کی پلیٹیں اپنی جگہ سے کھسکنے یا زمین میں موجود لاوے کے دباؤ کی وجہ سے آتے ہیں۔
کتنے آتش فشاں ہیں سینے میں ہر گھڑی زلزلوں کی زد میں ہوں
244. (earthworm)کینچوا / گڈویا (پنجابی میں):کینچوے اکثر گیلی مٹی میں رہتے ہیں اور مٹی کو غذا کے طور پر کھاتے ہیں۔
سُن اِس ماجرے کو سبھوں نے کہا کہاں کیچوے یہ کہاں اژدھا (میرؔ)
245. (echo)گونج: جب اپنی ہی آواز کسی رکاوٹ سے ٹکرا کر واپس آتی ہے تو گونج سنائی دیتی ہے۔
جس قصر کا تھا سربفلک گنبدِ اقبال ادبار کی اب گونج رہی اس میں صدا ہے (حالیؔ)
246. (eclipse)گرہن (چاند گرہن ، سورج گرہن): چاند گرہن کے وقت زمین ، سورج اور چاند ایک ہی سیدھ میں ہوتے ہیں۔
نکھرتے ہیں جو یاں وہ گدلاتے بھی ہیں چمکتے ہیں جو یاں وہ گہناتے بھی ہیں (حالیؔ)
247. (ecologist)ماہرِ ماحولیات: وہ سائنس دان جو ماحول کا مطالعہ کرتے ہیں۔
248. (ecology)ماحولیات: جانداروں اور ان کے ماحول کے باہمی تعلّق کا مطالعہ۔
جمی ہے دیر سے کمرے میں غیبتوں کی نشست فضا میں گرد ہے ، ماحول میں کدورت ہے (بشیر بدرؔ)
249. (ecosystem)ماحولیاتی نظام: جانداروں کا ماحول جس میں وہ ایک دوسرے پر انحصار کرکے زندگی گذارتے ہیں۔
250. (effect)اثر / تاثیر: گندگی کے ماحول پر انتہائی مضر اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔
ستارہ شریعت کا تاباں نہ ہوتا اثر علمِ دیں کا نمایاں نہ ہوتا (حالیؔ)
251. (efficient)مستعد / محنتی/کارگذار/ سخت کوش / جاں فشاں: مستعدی اور محنت سے کیا گیا کام ضرور رنگ لاتا ہے۔
نہیں کرتے کھیتی میں وہ جاں فشانی نہ ہل جوتتے ہیں نہ دیتے ہیں پانی (حالیؔ)
252. (egg)انڈا / بیضہ: طب میں روغنِ بیضہء مرغ(مرغی کے انڈے کا تیل) کئی بیماریوں کے لیے بطورِ علاج استعمال ہوتا ہے۔
اگر بگلے کے انڈے تم بٹھا دو اس جزیرے میں عجب کیا ہے جو پیدا اس سے ہوں زاغِ بیابانی (کلیاتِ منیر)
253. (electric current) برقی رو/ برقِ رواں: کسی موصِل میں الیکٹرانوں کے بہاؤ کو برقی رو کہتے ہیں۔
ٹھہری ہوئی جھیلوں میں اک برقِ رواں جیسے ان حیرتی آنکھوں میں یوں دوڑتی دنیا ہے (بشیر بدرؔ)
254. (electric energy)برقی توانائی: بجلی کے ذریعے پیدا کی جانے والی توانائی برقی توانائی کہلاتی ہے۔
255. (electricity)بجلی / برق:منفی اور مثبت چارجوں سے بجلی بنتی ہے۔
وہ بجلی کا کڑکا تھا یا صوتِ ہادی عرب کی زمیں جس نے ساری ہلا دی (حالیؔ)
256. (electromagnet) برقی مقناطیس: جب کسی موصِل میں سے بجلی گذاری جاتی ہے تو اس میں مقناطیسی اثرات پیدا ہو جاتے ہیں۔ وہ موصِل برقی مقناطیس کہلاتا ہے۔
257. (electromagnetic spectrum)برقی مقناطیسی طیف/ برقی مقناطیسی پٹی: برقی مقناطیسی موجوں کی حدودِ کار کا تعین کرنے والے تعددات(frequencies) کی پٹی۔
258. (electromagnetism) برقی مقناطیسیت : بجلی گذارنے سے کسی موصل میں پیدا ہونے والےبرقی مقناطیسی اثرات۔
259. (electron)الیکٹران / برقیہ: ایٹم کے گرد گھومنے والے منفی چارج کے حامل ذرّات۔
260. (element)عنصر: وہ خالص چیز جس کے سارے ایٹم ایک جیسے ہو اور وہ مزید سادہ تر اجزا میں تقسیم نہ ہو سکے۔
زندگی کیا ہے عناصر میں ظہورِ ترتیب موت کیا ہے انہی اجزا کا پریشاں ہونا (غالب)
261. (elevation)اونچائی / بلندی / رفعت :
نگہ بلند، سُخن دلنواز، جاں پُر سوز یہی ہے رختِ سفر میرِ کارواں کے لیے (اقبالؒ)
262. (elliptical)بیضوی / انڈہ نما: زمین بالکل گول نہیں ہے بلکہ بیضوی شکل کی ہے۔
263. (emit)نکلنا / خارج کرنا: جب کسی ایٹم سے ایک الیکٹران خارج ہوتا ہے تو اس پر اکائی مثبت چارج آ جاتا ہے اور وہ مثبت آئن بن جاتا ہے۔
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے (غالبؔ)
264. (endangered species)خطرے میں گھری انواع: جانوروں اور پودوں کی وہ قسمیں جن کی زندگیوں کو شکاریوں یا دوسرے عوامل سے خطرہ لاحق رہتا ہے۔
265. (endothermic reaction) حرارت گیر تعامل: وہ کیمیائی عمل جس کے دوران حرارت جذب ہوتی ہے۔
266. (energy)توانائی: کام کرنے کی صلاحیت توانائی کہلاتی ہے۔
بیدلؔ میرے نقّاد جو روپوش ہیں مجھ سے شاید مرے لہجے میں توانائی بہت ہے (بیدل حیدری)
267. (energy resources)توانائی کے وسائل/ توانائی کے ذرائع: پاکستان میں توانائی کے قدرتی وسائل بہت ہیں مگر ان کو ان کو استعمال کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔
268. (ensure)یقینی بنانا : اس بات کو یقینی بنائیں کہ پڑھا ہوا سبق سمجھ بھی آیا ہے یا فقط رٹہ ہی لگایا ہے۔
میری حالت میں افاقہ ہو یقینی تو نہیں یوں تو ہونے کو مرے درد کا درماں ہو گا (نیم روز)
269. (environment)ماحول: ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔
270. (environmental change)ماحولیاتی تبدیلیاں: ماحولیاتی تبدیلیاں جانداروں کی زندگیوں پر زبردست طریقے سے اثر انداز ہوتی ہیں۔
271. (epithelial) سطحی بافتیں / برحلمی بافتیں: ایک ابتدائی حیوانی بافت جو خلیات کے ایک دوسرے کے مزید قریب آ جانےکے باعث ایک نمایاں صورت اختیار کر لیتی۔ یہ کھلی سطحوں، نالیوں اور گڑھا نما جگہوں پر پائی جاتی ہیں۔
272. (equal)برابر / مساوی: وہ مقداریں جو ایک جیسی ہوں برابر مقداریں کہلاتی ہیں
چلے آؤ ظفر کے ساتھ ہنستے بولتے پیارے برابر آتے آتے پیچھے رہ جانے کا کیا باعث (کلیاتِ ظفر)
273. (equation)مساوات: کیمیائی مساوات میں متعاملات اور حاصلات کی مقدار برابر ہوتی ہے۔
نہ غم بُرا ہے نہ عیش و نشاط بہتر ہے سبھی مساوی ہیں یاں یہ فقیر کا گھر ہے (قائم دہلوی)
274. (equator)خطِ استوا:وہ خط جو زمین کو ارضی محور پر دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔
275. (equilibrium) توازن: کوئی جسم اس وقت توازن کی حالت میں ہوتا ہے جب اس پر لگنے والی تمام قوتوں کا حاصل صفر ہو۔
276. (erosion) کٹاؤ / بُردگی/ فرسودگی/ اکل (کھا جانا جیسے تیزاب دھات کو کھاتا ہے) : پانی ، برف ، پتھر یا کسی مادے کی فرسودگی یا کٹاؤ کا عمل۔
تلوار ماریں ڈھنگ جو دیکھے لگاؤ کے پہنائےمجھ کو یار نے کپڑے کٹاؤ کے (کلیاتِ منیر)
277. (error)غلطی / خطا: کوئی سائنسی تجربہ کرتے ہوئے کئی دانستہ یا غیر دانستہ غلطیاں سر زد ہو جاتی ہیں۔
خطائیں دیکھتا بھی ہے ، عطائیں کم نہیں کرتا ہے سمجھ میں کچھ نہیں آتا وہ اتنا مہرباں کیوں ہے؟
278. (esophagus)غذائی نالی: حلق سے معدے تک جانے والی نالی۔
279. (establish)قائم کرنا/ بنیاد ڈالنا:حکومت کو چاہیے کہ ہر ضلع میں سائنسی تحقیق و ترجمہ کا ایک ادارہ ضرور قائم کرے۔
تو ہو نہ جس میں قائم وہ شے ہی کون سی ہے اِس میں قیام تیرا اُس میں قیام تیرا (شعاعِ مہر)
280. (estimate)اندازہ لگانا / تخمینہ لگانا/ قیاس کرنا: انسان کسی چیز کی ظاہری حالت دیکھ کر اس کے معیار اور مقدار کسی حد تک تک اندازہ لگا لیتا ہے۔
کیا ملے مبدائے فیاض سے دیکھیں ہم کو آج اندازہء تسلیم و رضا کرتے ہیں (ایاز علی)
281. (estimation)اندازہ / تخمینہ: اس مجوزہ (تجویز کردہ) عمارت کا تخمینہ دو کروڑ روپے ہے۔
282. (eukaryotic cell) حقیقی المرکز خلیہ: ایسا خلیہ جس میں ایک ترقی یافتہ اور حقیقی مرکزہ پایا جاتا ہے۔
283. (evaluate)جانچنا / قدر پیمائی کرنا / تقویم کرنا (قیمت لگانا): ان مسائل کی صحت کو جانچنے کے لیے کچھ مشاہدات اور اعدادوشمار کی ضرورت ہے۔
284. (evaporation) تبخیر : کسی مائع کی حرارت کے ذریعے بخارات میں تبدیلی۔
285. (evaporate) بخارات بننا: گرمیوں میں تالاب کا پانی چند دن میں بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
ہوا میں ابھی تک نہیں کچھ غبار رطوبت لگی اُڑنے بن کر بخار (بے نظیر شاہ)
286. (evidence)ثبوت / شواہد: ثبوت اور شواہد کے بغیر کوئی مقدمہ عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا۔
یہی ہماری وفا کا ثبوت کیا کم ہے بچھڑ کے تجھ سے کوئی آرزو نہ کی ہم نے
287. (evolution) ارتقا / تشکیل / نمو : پودوں اور جانوروں کے ارتقائی عمل کے نتیجے میں ان کی اچھی اچھی نسلیں تیار ہو رہی ہیں۔
کسی کے ذہن میں گر ہے بلند پروازی تو علم فلسفہ سلّم ہے ارتقا کے لیے (بے نظیر شاہ)
288. (example) مثال:مثال کے ذریعے سمجھائی گئی بات تا دیر یاد رہتی ہے۔
اپنی اصلیت سے ہو آگاہ اے غافل کہ تو قطرہ ہے لیکن مثالِ بحرِ بے پایاں بھی ہے (اقبالؒ)
289. (excrete)خارج ہونا: جسم سے فاضل اور فالتو مادے خارج نہ ہوں تو انسان بیمار ہو جاتا ہے۔
جو خارج نہیں ذات سے یہ نمود یقیناً دوامی ہے کل کا وجود (بے نظیر شاہ)
290. (excretory system) نظامِ اخراج: خوراک کے ہضم ہونے کے بعد جسم سے فالتو اور فاضل مادوں کے اخراج کا نظام۔
291. (exoskeleton) باہری خول / بر کالبد:ہڈی یا کھال سے بنا ہوا بیرونی ڈھانچہ۔
292. (exothermic reaction) حرارت زا تعامل / بر حرارتی تعامل:ایسا تعامل جس میں حرارت خارج ہو۔
293. (expand) توسیع دینا / پھیلانا: سائنسی علوم و فنون فہم کو توسیع دینے کے لیے ضروری ہے کہ یہ قوم کی اپنی زبان میں پڑھی جائے۔
وقتِ رُخصت وہ چپ رہے عابدؔ آنکھ میں پھیلتا گیا کاجل
294. (experiment) تجربہ : تجربے کے ذریعے سمجھی ہوئی بات دل و دماغ پر پختہ نقش قائم کرتی ہے۔
تجھے بھی ذوق نئے تجربات کا ہوگا ہمیں بھی شوق تھا کچھ بخت آزمائی کا (پروین شاکر)
295. (explanation) وضاحت / تشریح / تفہیم:ماحول سے لی گئی مثالوں اور الفاظ کے ذریعے سائنسی موضوعات کی تفہیم بہتر انداز میں ہوتی ہے۔
ایک سفر کی تشریحیں چاند ، چکور ، چنبیلی رات!! (محسن نقوی)
296. (express) : واضح کرنا / وضاحت کرنا / اظہار کرنا: جس شخص کے پاس ذخیرہء الفاظ زیادہ ہو گا اتنا وہ اپنے مؤقف کی وضاحت بہتر طریقے سے کر سکے گا۔
حوصلہ اے جراتِ اظہار پھر آزمائش ہے تری اک بار پھر (مرتضیٰ برلاس)
297. (external)بیرونی: خار چرمیہ خاندان کے جانوروں کی بیرونی جلد خاردار ہوتی ہے۔
298. (extinct) نابود / ناپید / معدوم / فنا : کئی جانوروں کی نسلیں ناپید ہو چکی ہیں مثلاً حیوان المہیب (ڈائنوسار)۔
قاصد ہی کیا جہان سے ناپید ہو گیا چلتا نہیں پتا مرے خط کے جواب کا (ظہیر دہلوی)
F
299. (fact)حقیقت: تحقیق میں دراصل اشیاء و معاملات کی حقیقت جانی جاتی ہے۔
حقیقت میں وہ لطفِ زندگی پایا نہیں کرتے جو یادِ مصطفیٰ سے دل کو بہلایا نہیں کرتے
300. (factor)جُز / عامل: ریاضی کی رقم کا کوئی جُز یا وہ عامل جس پر کوئی چیز انحصار کرے مثلاً فلاں چیز کا انحصار فلاں فلاں عوامل پر ہے۔
Ishtiaq Ahmad
About the Author: Ishtiaq Ahmad Read More Articles by Ishtiaq Ahmad: 52 Articles with 179306 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.