میں نے جب لکھنا سیکھا تھا

آج ممتاز شاعر ناصر کاظمی کی 85 ویں سالگرہ ہے۔ اس مناسبت سے مجھے علیم الحقی کا ناول “عشق کا عین“ یاد آگیا جس میں ناصر کاظمی کی ایک نظم کی انتہائی خوبصورتی سے تشریح کی گئی تھی، دل چاہا کہ آپ سب سے بھی اس کو شئیر کروں۔

میں نے جب لکھنا سیکھا تھا
پہلے تیرا نام لکھا تھا

میں وہ اسم عظیم ہوں جس کو
جن و ملک نے سجدہ کیا تھا

میں وہ صبر صمیم ہوں جس نے
بار امانت سر پر لیا تھا

تو نے کیوں میرا ہاتھ نہ تھاما
جب میں راستے سے بھٹکا تھا

پہلی بارش بھیجنے والے
میں تیرے درشن کا پیاسا تھا
(ناصر کاظمی)

”اور ہم نے آسمانوں زمین اور پہاڑوں کو اپنی امانت دکھائی اسے کسی نے قبول نہ کیا کہ اٹھائے اور ڈر گئے جب کہ انسان نے اس کو اٹھا لیا بے شک یہ بڑا ظالم اور نادان ہے۔“( سورہ احزاب آیت ۷۲)

الله نے پکارا… ہے کوئی جو میری ایک امانت کا بوجھ اٹھائے… یہ سن کر سمندر کی سانسیں ٹوٹنے لگیں… پہاڑ ہیبت سے لرزنے لگے… پوری کائنات پر لرزہ طاری ہو گیا… کسی کو طاقت نہ تھی کہ وہ یہ بوجھ اٹھاتا… پھر الله نے وہ امانت انسان کو سونپ دی… اور انسان اسے اٹھائے مضطرب اور سرگرداں ہے… یہ کائنات کا سب سے بڑا صبر ہے…

وہ امانت الله کی تمام صفات کا پر تو ہے… ہلکا سا عکس…

”اس نے جو چیز بنائی خوب بنائی اور انسان کی پیدائش مٹی سے شروع کی (۷) پھر اس کی اولاد نچڑے ہوئے حقیر پانی سے بنائی (۸) پھر اس کے اعضا درست کیے اور اس میں اپنی روح پھونکی اور تمہارے لیے کان اور آنکھیں اور دل بنایا تم بہت تھوڑا شکر کرتے ہو (٩)۔“( سورة السَّجدَة)

الله نے اپنی تمام صفات انسان کو سونپ دی… رحم، کرم، قہر، جبر، پوری ٩٩ صفات… اور اپنا اسم ذات نور سے لکھ کر پہلے ہی اس کی پیشانی میں رکھ دیا… الله نے جب جن و ملائک کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کرو تو وہ شرک کا حکم نعوذ باللہ نہیں دیا تھا… وہ سجدہ آدم کے لئے نہیں تھا بلکہ وہ تو پیشانی میں محفوظ اسم ذات کے لئے تھا… الله کے لئے تھا… اس لئے شاعر نے کہا کہ میں وہ اسم عظیم ہوں جس کو جن و ملک نے سجدہ کیا تھا… پھر اپنی ٩٩ صفات کا عکس انسان پر ڈالا تو اس نے یہ بتا دیا کہ انسان اس کا خلیفہ، اس کا نائب ہے… اس میں اتنا صبر ہے کہ وہ یہ بوجھ اٹھا سکتا ہے… تو انسان میں رحیمی بھی ہے… جباری بھی ہے…اور قہاری بھی ہے… اب انسان کا سب سے بڑا مسئلہ ان صفات کہ درمیان توازن قائم رکھنا ہے… رحمتوں کا اور صفات کا یہ توازن صرف ایک انسان نے قائم کر کے دکھایا ہے… اور وہ ہیں… رحمت العالمین حضرت محمد مصطفی صل الله علیھ وآلہ وسلم…

یوں انسانیت سرخرو هوئی اور امانت کا حق ادا ہوا…

(علیم حقی کی کتاب “عشق کا عین سے ماخوذ)
Asif Mehar
About the Author: Asif Mehar Read More Articles by Asif Mehar: 10 Articles with 29187 views My friends say that I am intelligent... but I do not trust them... View More