پرکشش وجیہہ عمران خان کو اللہ تعالی نے ایشیا کا سب سے
بڑا لیڈر بننے کا موقع دیا ہے۔اس سے پہلے ایسی محبت اور مقبولیت پاکستانی
ایٹم بم کے بانی ذوالفقار علی بھٹو صاحب کے حصے میں ہی آئی تھی ۔بھٹو صاحب
اور عمران خان میں مجھے بہت سی باتیں مشترک نظر آتی ہیں ، بھٹو صاحب نے بیک
وقت چار نشستوں پہ انتخاب لڑا تھا جن میں سے تین سیٹوں پہ وہ جیت گئے تھے ،وہ
ایک بہادر جراتمند اور حب الوطنی سے سرشارلیڈرتھے جب وہ گرجتےتھے تو بڑی
عالمی طاقتوں کو بھی سانپ سونگھ جاتاتھا۔ بھٹو صاحب دنیا میں پاکستانی قوم
کا بلند مقام و مرتبہ چاہتے تھے تقدیر انہیں اگر تھوڑی سی مہلت اور دیتی تو
پاکستان ایک عظیم مملکت اور مضبوط معاشی طاقت بن کر ابھرتا ، لیکن پاکستان
دشمن عالمی طاقتوں کو یہ کہاں گوارہ تھا، بھٹوصاحب کو ایک ایسے جھوٹے کیس
میں سزائے موت دلائی گئی جس کا کوئی سر تھا نہ پیر ۔
عمران خان پانچ نشستوں پہ الیکشن لڑتے ہیں اور حیران کن طور پہ پانچوں پہ
جیت جاتے ہیں ۔چار چار دہائیوں سے پاکستان پہ راج کرنے والے بڑے بڑے سیاسی
برج الیکشن 2018 میں خاک چاٹنے پہ مجبور ہیں ۔ قوم نے ان پہ مکمل اعتماد کا
اظہار کیاہے، اور شائد قدرت بھی ان کا ساتھ دے رہی ہے ۔تحریک انصاف کی
شاندار فتح اللہ تعالی کی طرف سے عمران خان کے لئے ایک موقع ہے کہ اگر وہ
کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کر دکھائیں وگرنہ سیاسی قبرستان میں ابھی بہت سی
قبروں کی مزید گنجائش باقی ہے ۔
طویل جلاوطنی کے بعد نواز شریف کو بھی اللہ نے2013کے الیکشن میں ایک بار
پھر موقع دیا تھا کہ جس وطن سے انہیں اتنا عزت واحترام اور عیش نصیب ہواہے
وہ اس کی حالت میں کچھ بہتری لا سکیں ، انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ سنہری
موقع بھی ضائع کردیا اور آج پاکستانی سیاست میں میاں نوازشریف کی سیاست کا
باب ہمیشہ کے لئے بند ہوچکا ۔
عمران خان یاد رکھیں !
پاکستانی قوم نے یہ اعتبار یہ محبت ان کے ساتھ ذاتی مفادات کےلئے جمع ہونے
والے موسمی بٹیروں کو نہیں بلکہ ان کی اپنی ذات کو دی ہے ۔انتخابات کے بعد
اب ان کی ذمہ داریاں بہت بڑھ گئی ہیں ، انہیں اب ایک ذمہ دار شفیق قائد
بننا چاہیئے جس کے بازو سب کے لئے وا ہوں ۔ غیرذمہ دارانہ اوئے طوئے سے
گریز کرکے اب مفاہمت کی بات کرنی چاہئے ۔ جیتنے کے بعد جس دانشمندی کا
انہوں نے لہجہ اپنایا ایک زمانہ اس کا قائل ہوچکا ہے ۔عمران خان مستقل
مزاجی اور بلند تر عزم و حوصلے کا نام ہے، انہوں نے جس طرح " شوکت خانم
کینسر ہسپتال" کا خواب پوراکیاتھا خدا کرے اب ان کے نئے پاکستان کا خواب
بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے۔
خان صاحب !
بڑے عرصے بعد پاکستانی قوم کو آپ کی شکل میں امیدوں کا چراغ میسر آیا ہے ،
خدارا اسے بجھنے نہ دیجئے گا۔ آپ کی ٹیم کے سارے چہرے آزمائے ہوئے ہیں ،
قوم ان کی حقیقت جانتی ہے ۔ پاکستان نے آپ کو ووٹ کیاہے اس عمران خان کو جس
نے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایک خواب (شوکت خانم ہسپتال)دیکھا اور
پھر دنیا کو دکھایا کہ ایک شخص بھی اگر سچے عزم کے ساتھ آگے بڑھے تو اسے
دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ہمیں وہ عمران خان چاہئے جو امریکہ سے
ڈکٹیشن لے نہ بھارت سے دبے،جو غلط منصوبہ بندی کا شکار ہو نہ اپنوں کی
سازشوں کا ۔
آگے بڑھیئے عمران خان قوم آپ کے ساتھ ہے ۔ |