فلسفہ قربانی……!

 روز ازل سے ہی اﷲ تبارک و تعالیٰ کا ضابطہ رہا ہے کہ محبوبان بارگاہ الٰہی کو امتحان اور آزمائش کی سخت ترین منزلوں سے گزرنا پڑتا ہے، اور قدم قدم پر جاں نثاری او رتسلیم ورضا کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔ امت مسلمہ کا اجماع ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے بعد تمام مخلوقات میں انبیائے کرام علیہم السلام کا مرتبہ ہے، اور وہی اﷲ تعالیٰ کے سب سے زیادہ قریب واقرب ہیں جو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے بھیجی گئی آزمائش میں پورے اترے اور انہوں نے اﷲ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لئے ربّ کریم کے ہر حکم کے سامنے سر تسلیم خم کیا۔ انبیائے کرام علیہم السلام کو اشاعت دین کی محنت کے سبب امتحان وآزمائش سے دو چار ہونا پڑا، ہر نبی اور رسول کے امتحان کا انداز مختلف تھا۔ اﷲ تعالیٰ کے انہیں برگزیدہ پیغمبروں میں سے ایک سیّدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام ہیں، آپ علیہ السلام اﷲ تعالیٰ کے جلیل القدر پیغمبر اور تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کے پیکر تھے۔ اﷲ تعالیٰ نے انہیں اپنا خلیل ( گہرا دوست) قرار دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ساری زندگی استقامت دین کے لیے پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں سے عبارت ہے۔ اﷲ ربّ العزت کو آپ علیہ السلام کا جذبہ قربانی و استقامت اسقدر پسند آیا ،کہ یہی جذبہ قربانی ہر دور کے لیے ایمانی معیار اور کسوٹی قرار دیا گیا ہے۔ آپ علیہ السلام ہر امتحان وآزمائش میں کامیاب وکامران ہوئے۔ یہاں تک کہ عقیدہ توحید بیان کرنے او ربت شکنی کی پاداش میں آپ علیہ السلام کو بادشاہ نمرود نے آگ میں ڈالا تو آپ علیہ السلام عظمت دین اور عقیدہ توحید کی سر بلندی کے لیے پوری طرح ثابت قدم رہے۔ بالآخر اﷲ تعالیٰ کا فرمان مبارک جاری ہوا ’’ ہم نے حکم دیا آگ کو، اے آگ! سرد ہو جا اور ابراہیم علیہ السلام پر سلامتی والی ہو جا‘‘ ( سورۃ الانبیاء آیت 69) ۔ شاعر مشرق علامہ محمداقبال نے اس حقیقت کو بہت خوب صورت انداز میں بیان کیا ہے۔
آج بھی ہو جو ابراہیم علیہ السلام کا ایماں پیدا
آگ کر سکتی ہے انداز گلستاں پیدا

ابھی یہ آزمائش ختم نہ ہوئی تھی کہ اس کے بعد پنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام اور بیوی حضرت حاجرہ کو فاران کے بیابان میں چھوڑنے کا حکم ملا۔ یہ بھی کوئی معمولی امتحان نہ تھا، سخت آزمائش کا مرحلہ تھا۔ بڑھاپے کی تمناؤں کا مرکز، راتوں اور دنوں کی دعاؤں کا ثمر، قلب ونظر کا چراغ سیّدنا حضرت اسماعیل علیہ السلام، جس کو آپ صرف حکم الٰہی کی تعمیل میں ایک بے آب وگیاہ مقام پر چھوڑ آتے ہیں، اس طرح کہ پیچھے مڑکر بھی نہیں دیکھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ شفقت پدری جوش میں آجائے اور حکم ربانی کی تعمیل میں لغزش ہو جائے۔ ان کٹھن منزلوں کو عبور کرنے کے بعد اب تیسری آزمائش کی تیاری ہے، جو پہلے دونوں امتحانوں سے کہیں زیادہ سخت ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام تین رات متواتر خواب دیکھتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ فرما رہے ہیں ’’ اے ابراہیم ! تو ہماری راہ میں اپنے اکلوتے بیٹے کو قربان کر دے‘‘ حضرت ابراہیم علیہ السلام تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کا پیکر بن کر تیار ہو گئے۔چوں کہ اس امتحان وآزمائش میں بیٹا بھی شریک تھا اس لیے باپ نے اطاعت شعار اور فرماں بردار بیٹے کو اپنا خواب اوراﷲ تعالیٰ کا حکم سنایا اور اپنے نو عمر فرزند سے پوچھا ، اے میرے بیٹے میں نے خواب میں دیکھا کہ میں تجھے ذبح کر رہاہوں ، بتا تیری کیا مرضی ہے ؟ ‘‘ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے سے رائے اس لیے نہیں پوچھی کہ اگر بیٹے کی رائے ہو گی تو ایسا کروں گاورنہ میں اپنے بیٹے کو ذبح نہیں کروں گا۔ نہیں !نہیں! ایسا ہر گز نہیں۔ بلکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے رائے اس لیے پوچھی تھی کہ میری نبوت کا وارث اس آزمائش میں پورا اترتا ہے یا نہیں اور یہ بھی معلوم ہوجائے کہ اﷲ کے حکم کے بارے میں بیٹے کا تصور کیا ہے؟

حضرت اسماعیل علیہ السلام کی فرمابرداری دیکھئے ،وہ بیٹا بھی تو کوئی عام بیٹانہیں تھا ، وہ بھی آخر خلیل اﷲ کا فرزند ارجمند تھا، اور اپنے والد کی طرح اول العزم، ثابت قدم ، عزیمت واستقامت، تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کے پیکر تھا ۔ اگر باپ خلیل اﷲ کے مرتبہ پر فائز تھا تو بیٹے کے سر پر بھی ذبیح اﷲ کا تاج سجنے والا تھا، کیونکہ آپ علیہ السلام ہی کی صلب اطہر سے آقائے دو جہاں ،تاجدارانبیاء،شفیع روزجزا، جناب حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم ،اپنے نورمبین سے اس جہان کو دائمی روشنی سے منور کرنے والے تھے۔ اس لیے وارث نبوت نے بھی اطاعت کی حد کر دی۔آپ علیہ السلام نے اپنے باپ کے آگے سر کو جھکا دیا اور یہ بھی نہیں پوچھا کہ ابا جا ن مجھ سے کیا جرم سر زد ہوا ہے ؟میری خطا کیا ہے؟ جو آپ مجھے موت کے حوالے کرنے جا رہے ہیں، بلکہ قربان جاؤں! اس بیٹے پر جس نے نہایت عاجزی وانکساری سے اپنے باپ کے آگے گردن جھکاتے ہوئے جوکلمات اپنی زبان سے ارشاد فرمائے وہ قیامت تک نسل انسانی کے لیے مشعل راہ بن گئے۔ چنانچہ آپ نے ارشاد فرمایا (ترجمہ) ’’اس (بیٹے) نے کہااے ابا جان!آپ وہی کیجئے جس کا آپ کو حکم دیا گیاہے، انشاء اﷲ ! آپ مجھے عنقریب صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔ ( الصفّٰ، آیت 102 )۔
یہ فیضان نظر تھا کہ مکتب کی کرامت تھی
سکھائے کس نے اسماعیل کو آداب فرزندی

اے اباجان! میں روؤں گا نہیں اور نہ ہی میں چلاؤں گا اور نہ ہی آپ کو اس کام سے منع کروں گا،اب آپ چلئے اور اس حکم کی تعمیل میں دیر نہ کیجئے۔انشاء اﷲ ! آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے‘‘۔ اب آگے بڑھ کر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو پیشانی کے بل لٹا دیا اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اﷲ تعالیٰ کے عشق میں اپنی گردن مبارک زمین پر رکھ دی ، اور باپ نے چھری کو چلانا شروع کیا تو آسمان دنیا کے فرشتے پہلی دفعہ اطاعت خداوندی اور تسلیم و رضا کا یہ عالی شان منظر دیکھ کر ششدر رہ گئے ، قریب تھا کہ چھری چل جاتی ، لیکن اﷲ کریم کی طرف سے ندا آئی ، اے ابراہیم تم نے خواب کو سچ کر دکھایا ، یہ ایک بڑی آزمائش تھی تم اس میں کامیاب ہوئے اور اﷲ تعالیٰ نے جنت سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے بدلے قربانی کیلئے ایک دنبہ بھیج دیا ، اور یوں یہ سنت ابراہیمی قیامت تک ہر صاحب استطاعت پر واجب کردی ۔ حقیقت یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جانب سے بارگاہ خدا وندی میں حضرت اسماعیل کی یہ قربانی، ایک عظیم اور یاد گار قربانی تھی جس کی مثال دینے سے آج تک دنیا قاصر ہے۔ چشم فلک نے بھی اطاعت الٰہی کا ایسا منظر نہ دیکھا تھا۔ صبرو استقامت اور جاں نثاری بھی محو حیرت تھے کہ ایسا باپ جسے بڑھاپے میں اولاد نصیب ہوئی، اسی پر وہ چھری پھیرنے چلا ہے۔
خدائے پاک نے خود ان کی ایسی تربیت کی تھی
شعور و فکر و دانائی کی وہ دولت انہیں دی تھی

اﷲ ربّ العالمین کی جناب میں قربانی کا ثبوت انسانی تاریخ کے آغاز ہی سے ملتا ہے۔ بنی نوع انسان کے والدحضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں ہابیل اور قابیل کی قربانی کا ذکر قرآن کریم میں کچھ اس طرح ہے ’’ اور سنا دیجیے، انہیں حال آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کا سچا، جب کہ ان دونوں نے قربانی پیش کی، تو ان دونوں میں سے ایک کی قبول ہوئی اور دوسرے کی نہ ہوئی ، تو اس (قابیل) نے کہا ، میں تجھے ضرور قتل کردوں گا، اس ( ہابیل) نے کہا بے شک ، اﷲ تو پرہیز گاروں ہی سے قبول فرماتا ہے۔‘‘ (سورۃ المائدۃ، آیت27) اس کے بعد بھی تقریباً تمام الہامی اور غیر الہامی مذاہب او رمعاشروں میں قربانی کا تصور ہمیں ملتا ہے۔ لیکن یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کو پوری تاریخ انسانی میں ایک منفرد اور بلند مقام حاصل ہے۔ تاریخ کے اوراق اس عظیم قربانی کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ ان کی اس عظیم المرتبت قربانی کو تا قیامت امت محمدیہ صلی اﷲ علیہ وسلم کے لیے قانون الٰہی بنا دیا گیا ہے۔

حضرت زید بن ارقم رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے بعض صحابہ نے عرض کیا ’’ یا رسول اﷲ ! ان قربانیوں کی حقیقت اور تاریخ کیا ہے ؟ ‘‘ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ یہ تمہارے ( روحانی اور نسلی) مورث حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔‘‘ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا’’یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ! ان قربانیوں میں ہمارا کیا اجر ہے ؟ ‘‘ رسول کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ قربانی کے جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ہے۔‘‘ (مسند احمد، سنن ابن ماجہ) اسی طرح ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا ’’یوم النحر (دس ذوالجہ) میں ابن آدم کا کوئی عمل اﷲ تعالیٰ کے نزدیک خون بہانے (قربانی کرنے) سے زیادہ پیارا نہیں ہے۔ اور قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگ ، بال او رکھروں کے ساتھ آئے گا۔ قربانی کا خون زمین پر گرنے سے قبل خدا کے نزدیک مقام قبولیت کو پہنچ جاتا ہے۔ لہٰذا! اسے خوش دلی سے کرو۔‘‘ (ابو داؤد، ترمذی، ابن ماجہ) حضور پاک صلی اﷲ علیہ وسلم نے صرف قربانی کے فضائل او رحکم بیان نہیں فرمایا، بلکہ ان پر عمل کرکے بھی دکھلایا ہے۔ حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں’’ رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم مدینے میں دس سال مقیم رہے ، اس عرصے میں آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ہر سال قربانی کی۔‘‘ (مشکوٰۃ ترمذی) جبکہ حضرت انس ؓ فرماتے ہیں ’’ اﷲ کے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم دو مینڈھوں کی قربانی کیا کرتے تھے اور میں بھی دو ہی مینڈھوں کی قربانی کیا کرتا۔‘‘

اگر ایک جانب قربانی کا حکم اور اس کے فضائل وارد ہوئے ہیں تو دوسری جانب قربانی نہ کرنے والے کے بارے میں بھی سخت وعیدیں بیان کی گئی ہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جسے وسعت ہو اور اس کے باوجود وہ قربانی نہ کرے، وہ ہماری عید گاہ کے قریب بھی نہ آئے‘‘ (ابن ماجہ)۔ عیدالاضحی پر جانوروں کی قربانی جہاں ایک عظیم عبادت ہے، وہاں تجدید عہد وفا بھی ہے۔ قربانی درحقیقت اس وعدے کو دہرانے کا نام ہے کہ ہمارا جینا، ہمارا مرنا او رہماری پوری زندگی اﷲ تعالیٰ کے لیے ہے۔ یہی ایک مسلمان کی زندگی کا حقیقی مقصد ہے۔ بندگی کے اظہار کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنا بندہ مومن کا شیوہ ہے۔ قربانی کا مقصد اصلی تقویٰ اورپرہیز گاری کا حصول ہے۔ قرآن مجید میں اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے’’ خدا تک نہ ان (قربانی کے جانوروں) کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ ہی خون، بلکہ اس تک تمہاری پرہیز گاری پہنچی ہے‘‘ (سورۃ الحج)۔ عظیم سنت ابراہیمی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ ہم دین کی عظمت وسر بلندی، اسلام کی ترویج واشاعت، اعلائے کلمۃ اﷲ، اسلام کی بقاء اورامت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔بلاشبہ جذبہ قربانی کا شوق بارگاہ الٰہی میں ہمارے تقویٰ کا اظہار اور قرب الٰہی کا ذریعہ ہے۔

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 1004 Articles with 816621 views Journalist and Columnist.. View More