احمد عقیل روبی کی کتاب ’’کھرے کھوٹے‘‘ میں ایک کہانی,
واقعہ, قصہ, داستان آپ جو بھی نام دیں پڑھنے کا اتفاق ھوا میری نظر میں یہ
سبق ھے اگر ہم حاصل کر لیں تو یہ بھی ہماری بہتری کے لیے کافی سمجھتا ھوں....
آپکے لیے کچھ تبدیلی وقت ؤ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے چند الفاظ, جملے,
فقرے اپنی طرف سے شامل کر رہا ھوں امید ھے کہ آپکو پسند آۓ گا.
ایک بار پاکستان کے فلمی نامور اداکار محمد علی صاحب (مرحوم) نے کسی مصیبت
زدہ شخص کو 50 ہزار روپے قرض دینے سے پہلے اس سے تین روپے مانگے تھے۔۔۔ آخر
یہ کیا کہانی تھی ؟کیا وجہ تھی ؟جان کر آپ کو ایک نہیں کئی سبق حاصل ہونگے۔
کوٹھی کے خوبصورت لان میں سردی کی ایک دوپہر عقیل روبی صاحب اور علی بھائی
بیٹھے گفتگو کر رہے تھے۔ چپڑاسی نے علی بھائی سے آ کر کہا کہ باہر کوئی
آدمی آپ سے ملنے آیا ہے۔ یہ اس کا چوتھا چکر ہے۔ علی بھائی نے اسے بلوا
لیا۔ کاروباری سا آدمی معلوم ہوتا ہے۔
لباس صاف ستھرا مگر چہرے پر پریشانی جھلک رہی تھی۔ شیو بڑھی ہوئی‘ سرخ
آنکھیں اور بال قدرے سفید لیکن پریشان حال وہ آدمی سلام کرکے کرسی پر بیٹھ
گیا تو علی بھائی نے کہا۔ جی فرمایئے.....
’’فرمانے کے قابل کہاں ہوں صاحب جی! کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
اس آدمی نے بڑی گھمبیر آواز میں کہا اور میری طرف دیکھا جیسے وہ علی
بھائی سے کچھ تنہائی میں کہنا چاہتا تھا۔ علی بھائی نے اس سے کہا:
’’آپ ان کی فکر نہ کیجئے جو کہنا ہے کہئے‘‘
اس آدمی نے کہا ....
’’چوبرجی میں میری برف کی فیکٹری ہے علی صاحب!‘‘
’’جی‘‘
’’لیکن کاروباری حماقتوں کے سبب وہ اب میرے ہاتھ سے جا رہی ہے‘‘
’’کیوں‘ کیسے جا رہی ہے؟‘‘ علی بھائی نے تفصیل جاننے کے لئے پوچھا
’’ایک آدمی سے میں نے 70ہزار روپے قرض لئے تھے لیکن میں لوٹا نہیں سکا۔‘‘
وہ آدمی بولا ’’میں نے کچھ پیسے سنبھال کر رکھے تھے لیکن چور لے گئے۔ اب
وہ آدمی اس فیکٹری کی قرقی لے کر آ رہا ہے۔‘‘ یہ کہہ کر وہ آدمی رونے
لگا اور علی بھائی اسے غور سے دیکھتے رہے اور اس سے کہنے لگے۔آپ کا برف
خانہ میانی صاحب والی سڑک سے ملحقہ تو نہیں؟
’’جی جی وہی‘‘ وہ آدمی بولا ۔۔۔۔۔۔ ’’علی بھائی میں صاحب اولاد ہوں اگر یہ
فیکٹری چلی گئی تو میرا گھر برباد ہو جائے گا‘ میں مجبور ہو کر آپ کے پاس
آیا ہوں۔‘‘
’’فرمایئے میں کیا کر سکتا ہوں؟‘‘
’’میرے پاس بیس ہزار ہیں‘ پچاس ہزار آپ مجھے ادھار دے دیں میں آپ کو
قسطوں میں لوٹا دوں گا۔‘‘
علی بھائی نے مسکرا کر اس آدمی کو دیکھا۔ سگریٹ ہاتھ میں اور مجھے مخاطب
ہو کر کہنے لگے:
’’روبی بھائی! یہ آسمان بھی بڑا ڈرامہ باز ہے۔ کیسے کیسے ڈرامے دکھاتا ہے۔
شطرنج کی چالیں چلتا ہے۔ کبھی مات کبھی جیت۔‘‘ یہ بات کہی اور اٹھ کر اندر
چلے گئے۔( میں یہاں کہتا ھوں کہ اللہ کی ذات بڑی بے نیاز ھے اللہ نے انسان
اپنی عبادت اور لوگوں کی بھلائی کے لیے پیدا فرمایا ھے اسی لیے کائنات میں
کبھی خوشی, کبھی غم, کل کے دوست آج کے دشمن, کل کے امیر آج کے غریب, فقیر,
بے کس, لاچار ھو جانا اللہ کی طرف سے سبق ھوتا ھے) علی صاحب واپس آئے تو
ان کے ہاتھوں میں نوٹوں کا ایک بنڈل تھا۔ کرسی پر بیٹھ گئے اور اس آدمی سے
کہنے لگے:
’’پہلے تو آپ کی داڑھی ہوتی تھی۔‘‘
وہ آدمی حیران رہ گیا اور چونک کر کہنے لگا ’’جی! یہ بہت پرانی بات ہے‘‘
’’جی میں پرانی بات ہی کر رہا ہوں‘‘ علی بھائی اچانک کہیں کھو گئے۔ سگریٹ
کا دھواں چھوڑ کر کچھ تلاش کرتے رہے۔ پھر اس آدمی سے کہنے لگے:
’’آپ کے پاس کیا تین روپے ٹوٹے ہوئے ہیں؟‘‘
’’جی جی ،ہیں‘‘ اس آدمی نے جیب میں ہاتھ ڈال کر کچھ نوٹ نکالے اور ان میں
سے تین روپے نکال کر علی بھائی کی طرف بڑھا دیئے۔ علی بھائی نے وہ پکڑ لئے
اور نوٹوں کا بنڈل اٹھا کر اس آدمی کی طرف بڑھایا۔
’’یہ پچاس ہزار روپے ہیں‘ لے جایئے‘‘
اس آدمی کی آنکھوں میں آنسو تھے اور نوٹ پکڑتے ہوئے اس کے ہاتھ کپکپا
رہے تھے۔ اس آدمی نے جذبات کی گرفت سے نکل کر پوچھا:
’’علی بھائی مگر یہ تین روپے آپ نے کس لئے ۔۔۔۔۔۔؟‘‘
علی بھائی نے اس کی بات کاٹ کر کہا ’’یہ میں نے آپ سے اپنے تین دن کی
مزدوری لی ہے۔‘‘
’’مزدوری …مجھ سے! میں آپ کی بات نہیں سمجھا۔‘‘ اس آدمی نے یہ بات پوچھی
تو ایک حیرت اس کے چہرے پر پھیلی ہوئی تھی۔
’’1952ء میں جب میں لاہور آیا تھا تو میں نے آپ کے برف خانے میں برف کی
سلیں اٹھا کر قبرستان لے جانے کی مزدوری کی تھی۔‘‘
علی بھائی نے مسکرا کر جواب دیا۔ یہ جواب میرے اور اس آدمی کے لئے دنیا کا
سب سے بڑا انکشاف تھا۔ علی بھائی نے مزید بات آگے بڑھائی۔
’’مگر آپ نے جب مجھے کام سے نکالا تو میرے تین دن کی مزدوری رکھ لی تھی۔
وہ آج میں نے وصول کر لی ہے۔‘‘ علی بھائی نے مسکرا کر وہ تین روپے جیب میں
ڈال لئے۔
’’آپ یہ پچاس ہزار لے جائیں‘ جب آپ سہولت محسوس کریں دے دیجئے گا۔‘‘
علی بھائی یہ بات کہہ کر مزے سے سگریٹ پینے لگے۔ میں اور وہ آدمی کرسیوں
پر یوں بیٹھے تھے جیسے ہم زندہ آدمی نہ ہوں بلکہ فرعون کے عہد کی دو حنوط
شدہ ممیاں کرسی پر رکھی ہوں۔
میرے اہل وطن کے حکمرانون, نوجوانوں, اہل علم ؤ ہنر دانش رکھنے والوں اللہ
کی رضا کیا اور وہ مالک کائنات کب کسی کو حکمرانی کے تاج سے ذلت کی دلدل
میں دھکیل دیں کوئی نہیں جانتا اس لیے سر جھکاؤ اور انسانیت کی قدر کرو
اللہ پاک اجر عطا فرماۓ گا اسکا ضرور ان شاءاللہ......
|