تاریخ سے ہمیں زرا بھی واقفیت نہیں ورنہ ہم یہ بتا سکتے
کہ موسم کا آغاز کب اور کیوں ہوا؟موسم ہماری زندگی سے جڑی سب سے اہم شے ہے
اور موسم کے بغیر ہم جینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے یہی وجہ ہے کہ اس کے
لیئے علیٰدہ سے ایک محکمہ قائم کرنا پڑا جسے محکمہ موسمیات کہتے ہیں۔اکژ َموسم
محکمہ موسمیات سے آنکھ مچولی کھیلتا رہتا ہے۔محکمہ موسمیات اگر موسم کے خشک
اور گرم رہنے کی خبر دے تو اُسی روز بارش آ جاتی ہے اور اگر مطلع اب آلود
رہنے کی اطلاع دے تو اگلے دس روز تک آسمان پر بادل نمودار نہیں ہوتے اور
ایک مرتبہ تو اس محکمہ نے رمضان کے مہینہ میں لوگوں کو بارش کی خوش خبری دی
اگلے ایک ہفتے تک بارش نہ ہوئی اور جب ان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے
وضاحت پیش کی کہ دراصل ہمارا اشارا رحمت کی بارش کی طرف تھا۔عام طور پر
موسم کی چار اقسام ہیں ان میں سردی اور گرمی کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے لوگ
گرمیوں میں سردی اورسردیوں میں گرمی کو پسند کرتے ہیں یعنی گرمیوں میں
ٹھنڈے پانی سے نہاتے ہیں اور سردیوں میں آگ سینکتے ہیں ہمارے ہاں چار اقسام
کے موسم پائے جاتے ہیں مگر ان کے علاوہ بھی کچھ اور اقسام پائی جاتی ہیں
جیسے کہ دل کا موسم،محبت کا موسم اور الیکشن کا موسم وغیرہ،مگر ہم خوف فساد
خلق سے ا ن کا ذکر کرنے سے باز رہتے ہیں اور اپنے موضوع کی طرف چلتے ہیں -
گرمی
گرمی کے موسم میں بہت زیادہ گرمی پڑتی ہے یہ گرمی حد سے زیادہ ہوتی ہے اور
اس کو اتارنے کے لیئے بندے کوکچھ نہ کچھ سرگرمی دکھانی چاہیئے یہی وجہ ہے
کہ لوگ دوسروں پر اپنی گرمی اتارتے ہیں گرمیوں میں پسینہ چوٹی سے ایڑی تک
بہتا ہے جیسے کہ کوئی دریا بہ رہا ہو۔دریا تو سارا سال بہتے ہیں بلکہ بہتے
رہنے کی کوشش کرتے ہیں مگر گرمیوں میں یہ بہ نکلتے ہیں اور سیلاب آ جاتا ہے
چاروں طرف پانی پھیل جاتا ہے حکومت اس پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیئے کوئی
مناسب بندوبست نہیں کرتی کیونکہ ذخیرہ اندوزی جرم ہے۔
سردی
سردیوں کا موسم مختصر مگر پر اثر ہوتا ہے۔بندے کو نہ چاہتے ہوئے بھی سردی
لگ جاتی ہے۔سردیوں میں اگر کسی سے ہاتھ ملائے جائیں اور اس کے ہاتھ ٹھنڈے
ہوں تو لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ سردمہری سے پیش آ رہا ہے۔ اسی وجہ سے لوگ گرم
جوشی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اپنے ہاتھوں کو گرم رکھنے کے لیئے
مسلتے ہیں تاکہ وہ جس سے ہاتھ ملائیں اس کی مٹھی گرم ہو سکے بعض اوقات مٹھی
اس طرع بھی گرم نہ ہو تو پھر اس میں کچھ پیسے رکھ دیئے جاتے ہیں۔سردیوں میں
کسی کو گرم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اس پر ایک گلاس ٹھنڈا پانی ڈال دو
اور پھر اسے گرم ہوتا دیکھو۔ دسمبر کا مہینہ بھی سردیوں میں آتا ہے شاعروں
اور ادیبوں کے لیئے یہ بڑا خاص اور اہم مہینہ ہوتا ہے جو غزلیں سارا سال
شائع نہیں ہو پاتیں وہ دسمبر کے مہینے میں شائع ہو جاتی ہیں -
بہار
بہار کا موسم بہت ہی خوبصورت ہوتا ہے۔ہر طرف پھول کھلے ہوتے ہیں لوگ پھولوں
کو پسند کرتے ہیں اکثر لوگ پھول دینا پسند کرتے ہیں مگر پھول لینایعنی
خریدنا کوئی پسند نہیں کرتاکیونکہ پھول بہت مہنگے ہوتے ہیں اکثر اوقات پھول
دینا بھی مہنگا پڑ جاتا ہے۔
گوبھی کا پھول بھی پھولوں کی ایک قسم ہے مگر کچھ لوگ اسے پھول تسلیم نہیں
کرتے یہی وجہ ہے کہ گوبھی کھانے سے پیٹ میں درد ہوتا ہے۔
خزاں
خزاں کا موسم اجڑا اجڑا اور ویران ساہوتا ہے۔پھول مرجھا جاتے ہیں اور
درختوں سے پتے جھڑ جاتے ہیں۔سنا ہے پہلے خزاں کا دورانیہ طویل ہوا کرتا
تھاپھر ایک مرتبہ احمد ندیم قاسمی نے خدا سے دعا کی کہ یہاں پر خزاں کو
گزرنے کی بھی مجال نہ ہو یہ دعا کچھ حد تک قبول ہو گئی اور ا ب خزاں کا
دورانیہ کم ہو گیا ہے۔ |