حکومت کے تین ماہ کا تنقیدی جائزہ

پاکستانی عوام کی حالت اکہتر سال کے سفر کے بعد بھی کولہوکے بیل سے بھی بدتر ہے۔ اکہتر سالوں سے امید کے ٹرک کی بتی کے پیچھے بھاگ بھاگ کر ہانپ چلے ہیں

کولہو ہمارے زرعی معاشرے کا ایک اہم اثاثہ ہوا کرتا تھا۔ اس میں اردو محاورے والا بیل، صبح کے وقت آنکھوں پر پٹی باندھ کر لمبے سفر پر روانہ کر دیا جاتا تھا، دسیوں کلو میٹرکا سفر طے کرنے کے بعدشام کو جب اس کی آنکھوں سے پٹی کھلتی تھی تو وہ اسی جگہ موجود ہوتا جہاں صبح تھا۔اس کا سفر مگر بے مقصد نہیں ہوتا تھاتیل اور کھل اس لمبے سفر کا ثمر ہوتے تھے۔ تیل کسان کے جبکہ کھل بیل کے حصے میں آتی تھی۔سفر با مقصد ہو تو رائیگان نہیں جاتا بے شک دائرے ہی میں ہو۔

معاشر ے کی منزل کا تعین، راہ کا ادراک اور اجتماعی سعی کو کامیابی میں بدل دینے والے کو رہنماء کہا جاتا ہے۔رہنمائی کی اہلیت ہر فرد میں ہوتی ہے۔اپنی ذات میں اس اہلیت کو تلاش کر کے اپنی ذات ، خاندان اور معاشرے کے لیے مثبت طور پر استعمال کرنا ہر اس فرد کے لیے ممکن ہے جو اس کی جستجو رکھتا ہے۔فطرت انسان کی ہر چاہت کو پورا کرنے اور ہر سوال کا جوب دینے کی استعداد رکھتی ہے۔البتہ چاہنا اور سوال کرنا لازمی ہے ۔ کوئی جواب بنا سوال اٹھائے نہیں دیا جاتانہ بلا چاہت کوئی خواہش پوری کی جاتی ہے۔سوال اٹھانے اور چاہت کے اظہار کے لیے بنیادی علم انسان کو مہیا کیا جاتا ہے۔ ہم درسگاہوں میں دراصل اس علم کے استعمال کا سلیقہ سیکھتے ہیں۔کسان کے علم کا سلیقہ ہے کہ وہ بیل کو مدد گار بنا کر استفادہ حاصل کرتا ہے۔ ابن رشد نے لوگوں کو زمین ماپنے کا گر بتایا تھاحالانکہ اس نے کسی سے سیکھا نہ تھا۔خالد بن ولید کے پاس جنگی مہارت خداداد تھی۔عمر بن عبدالعزیز کے پاس محبت و رواری کا علم ذاتی تھا۔ معاشرے میں ادیب ، موسیقار ، خطیب، سیاسی رہنماء ، طبیب اور سپہ سالار بن جانے والوں کے پاس علم خداداد ہوتا ہے۔

سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنے اپنے علم سے لیس ہوتے ہیں ، جماعت ان کے علم کو Channellize کرتی ہے۔ایک فرداگر وزیر اعظم بنا دیا جاتا ہے تو ہو سکتا ہے اسی جماعت میں اس سے زیادہ علم والا موجود ہو۔ حکمرانوں پر تنقید کا بنیادی مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ سیاسی جماعت خود احتسابی کے عمل سے گذر کر بہتر سے بہترین افراد کو سامنے لائے۔ تنقید ی علم بھی خداد اد ہوتا ہے البتہ سلیقہ سیکھنا پڑتا ہے ۔اور تنقید کو برداشت کرنا بھی سلیقہ کا متقاضی ہوتا ہے۔

2014کے دھرنے کے دوران حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ درجنوں غلط الزام لگائے گئے۔ ان کی ذات اور خاندان کو تضحیک کا نشانہ ہی نہیں بنایا گیا بلکہ عوام کے لیے رستے بند کر کے سیاسی مخالفین کے لیے قبریں بھی کھود لی گئی تھیں۔اجتماعات میں ان پر جوتے پھینکے گئے، منہ کالے کیے گئے ، سر پھاڑے گئے اور گولیاں تک چلائی گئیں مگر حکمرانوں کے پاس تنقید کو برداشت کرنے کا سلیقہ تھا۔موجودہ حکمرانوں کی خامیوں میں سر فہرست تنقید برداشت کرنے کے سلیقے کا فقدان ہے۔ زبانی تنقید کے بدلے گالی دی جاتی ہیں، اخبار تنقید کرے تو اس کے مدیر کو لا پتہ کر دیا جاتا ہے۔ماوراے قانوں مقدمے اورصحافیوں کو چن چن کر ملازمت سے نکالنا ثابت کرتا ہے کہ یہ لوگ علم کے استعمال کے سلیقے ہی سے نا بلد نہیں بلکہ ان میں وہ خدا داد علمی استعداد ہی مفقود ہے۔

امن بنیادی انسانی ضرورت ہے ۔حکومت افراد اور معاشرے کی پاسبان ہوا کرتی ہے۔مگر اس حکومت کے دور میں معاشرے کا پاسبان سمجھی جانی والی پولیس کا ایک افسر ملک کے درالحکومت سے سورج کی روشنی میں اور کھلے بازار سے اغوا کر لیا جاتا ہے۔ جگہ جگہ لگے پولیس کے ناکوں کو عبور کر کے ملکی سرحد پر موجود چیتا نظر وطن کے رکھوالوں کی نظروں سے چھپا کر اسے دوسرے ملک لے جایا جاتا ہے اور وہاں سے اس کی تشدد زدہ لاش واپس بھیجی جاتی ہے۔اور وفاقی وزیر مملکت براے داخلہ اس خبر ہی کو غلط بتاتے ہیں پھر دلیل ختم ہو جانے کے بعد سارے معاملے کو حساس بتا کر چپ کا روزہ رکھ لیتے ہیں۔ موت سے بڑی حساسیت کیا ہوتی ہے ۔ وزیر باتدبیر کے پاس اس کا جواب نہیں ہے ۔ کیا حکمران پارٹی میں قابلیت کی یہی انتہا ہے یا کوئی بہتر علم والا موجود ہے۔ یہ عوام کا وہ سوال ہے جس کا جواب حکمرانوں پر قرض ہے ۔ یاد رکھنا چاہیے کہ قرض اور فرض ایسے واجبات ہوتے ہیں کہ ان سے انکار انسان کو معاشرے میں بے وقعت کر دیتا ہے۔

دولت مند اور حکمران ہمسایہ غریبوں کے لیے سایہ دار درخت کی مانند ہوتے ہیں ۔ میٹھا پھل نہ بھی کھائیں سائے سے مستفید ہوتے ہیں۔ مگر اس حکومت میں شامل دولت مند حکمران طاقت کے نشے میں ایسے سرشار ہیں کہ وہ انسان کی عظمت، احسان کی خصلت ، اپنے وقار اور حکومت کی ساکھ ہی کو بھول چکے ہیں۔ مہاجر اور غریب ہمسائے کی گائے کے اعمال پر ان کو اس قدر غصہ آتا ہے کہ گائے کوہی اپنے گھر میں باندھ لیتے ہیں مگر ان کا غصہ سرد نہیں ہوتا۔ غریب ہمسائے کے گھر کی پردہ دار خواتین کو جیل بجھواتے ہیں مگر غصہ پھر بھی نہیں اترتا ۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کو اس علاقے ہی سے اٹھا کر ان کی نظروں سے دور بھیج دیا جائے۔ ایسا واقعہ تو کتابوں میں پڑہا نہ دانشمندوں کی زبانی سنا۔اگر حکمران ایسے نہیں ہوا کرتے تھے توجان لیں اب ہمارے موجودہ حکمران ایسے ہی ہیں۔

حکومت کے جن وزیروں اور مشیروں کا کام عوام کو خبروں کی فراہمی میں مدد کرنا ہے۔ وہ اپنے فرض منصبی کو چھوڑ کر با باعزت شہریوں کی پگڑیاں اچھالنا خود پر فرض کیے ہوئے ہیں۔ پارلیمان میں اپنی بد زبانی پر معافی مانگ کر دروازے سے نکل کر گلا پھاڑ کر پھر وہی الفاظ استعمال کرتے ہیں اور اپنی اس غیر اخلاقی جرات پر خود ہی نازان ہوتے ہیں۔مخالفین کو گالی دینا۔ ان کے نام بگاڑنا، بے بنیاد الزام لگانا اور اس پر مصر ہونا ان کے نزدیک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ایسی سطحی سوچ پر کوئی ٹوک دے تو اس کو ریاست کی طاقت سے ڈرا کر اطمینان پاتے ہیں۔واقعات اور اطلاعات کو عوام سے چھپانا اور غلط اطلاعات فراہم کرنا ان کا شیوہ ہے۔ اگر کوئی صحافی ایسی بات لکھ دے جو ان کے خوشامدی من کو پسند نہ آئے تو ایسے صحافی کو ریاستی طاقت کے بل بوتے پر اٹھا لینا اور غائب کر دینا ان لوگوں کا وطیرہ ہے۔ لوگ قانون اور قاعدے کی بات کریں تو اس صحافی کو لوہے کی مقفل زنجیروں میں جکڑ کر اس کی تصاویر اخباروں میں چھپوا کر اپنے من کے رانجھے کو راضی کرتے ہیں۔ اتنی بڑی حکمران پارٹی کے پاس علم سے لیس بس یہی چند دانے ہیں ۔ عوام اس بات پر یقین کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ عوام کا حق ہے کہ ان پر مسلط ہی کرنا ہے تو ایسا آدمی مسلط کریں ۔ جو کم از کم پارٹی کے ساتھ مخلص ہوْ۔پارٹی سے عوام کو متنفر کرنے والوں کو کون پارٹی کا ہمدرد مانے گا۔

معیشت کا شعبہ زیادہ سنجیدہ شمار ہوتا ہے۔ مگر اسی شعبے کو غیر سنجیدہ لوگوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اس شعبے کو چلانے والے ایک صاحب ٹی وی پر بیٹھ کر بتاتے ہیں کہ ان کی وزارت میں تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد صرف تیس روپے بچے ہیں۔غربت کا جتنا ڈھندورا اس حکومت کے دور میں پیٹا گیا ہے وہ ملکی ہی نہیں عالمی ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کشکول توڑنے اور خود داری کا راگ الاپنے والوں نے ملکوں ملکوں پھر کر بتایا ہے کہ ہمارے پاس قرض کی قسط ادا کرنے کے لیے رقم نہیں ہے۔ حالانکہ ملک میں سرکاری ملازمیں 48 سے 56 گھنٹے ہفتے میں کام کرتے ہیں اور پرائیویٹ سیکٹر میں لوگ ستر ستر گھنٹے تک کام کرتے ہیں ۔ ملک میں غریب اور متوسط طبقہ گھڑی کو دیکھے بغیر محنت میں جتا ہوا ہے۔ عوام کی طرف سے صحت و تعلیم کے لیے کوئی دباو ہے نہ مہنگائی کے خلاف کوئی آواز بلند کرتا ہے۔ بلند ہے تو صرف حکمرانوں کے اخراجات کا تخمینہ۔ اس کے باوجو د عرب و چین تک ہماری نااہلی اور غربت کے چرچے ہیں ۔ ہم ایسی ایٹمی طاقت ہیں جو طالب علموں اور موبائل کے صارفین سے چندے مانگتے ہیں ۔ ریل کے مسافروں سے زبردستی چندہ وصول کیا جاتا ہے مگر ہوائی جہاز کے مسافر اس سے مستثنیٰ ہیں۔جنرل سیلزٹیکس کے خاتمے کا ْ لارا ْ لگا کر عوام کو کرپشن کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ملک میں اپنے ذاتی سرمائے سے کاروبار کرنے والے سیاسی مخالفین کو چن چن کر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بیرون ملک سے دولت کما کر ملک کے اندر سرمایہ کاری کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جا رہا ہے۔اور ملک کے اندر اپنی محنت اور ذہانت سے آگے بڑہنے والوں کو یہ طعنہ دیا جاتا ہے کہ صرف انھوں ہی نے کیوں ترقی کی ہے۔ ان جیسے دوسرے کیوں ان سے پیچھے ہیں ۔کیا قابلیت کا یہی موسی ہے یا معاشرے کو معیشت کے کوہ طور تک پہنچانے کے لیے کوئی صاحب علم بھی موجود ہے۔

قانون کی حکمرانی کا جھنڈا بلند کرتے ہوے ہم فلیگ پوسٹ ہی کو گرا بیٹھے ہیں۔وزیر اعظم صاحب سپریم کورٹ کی بار بار کی تلقین کے باوجود اپنا گھر ریگولائز کرانے پر راضی نہیں ہیں۔وزیر اور مشیر عدالت کے سمن ہی وصول نہیں کرتے یا عدالت کے بلانے پر عدالت ہی نہیں جاتے۔کابینہ کی میٹنگز میں نیب زدہ، بنک زدہ اور غیر ملکی شہریت کے لوگ دھڑلے سے بیٹھتے ہیں۔ البتہ ان کو عدالت سے یہ گلہ ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین کو قانونی رعائت کیوں دی جاتی ہے۔صدر مملکت اور وزیر اعظم صاحب خود عدالتی استثناء کی چھتری تلے براجمان ہیں۔ ملک کے تحقیقاتی اداروں کو کرپشن کے وہ کیس ثابت کرنے کے لیے فارغ کر دیا گیا ہے جو عشروں قبل ثابت نہ ہو کر بند ہو چکے ہیں۔ٖغریب دوکان داروں، گھوم پھر کو پھل سبزی فروخت کرنے والوں پر قانون کو نافذ کیا جاتا ہے۔ وزیروں کے اقرباء البتہ قانون سے بالا ہیں۔

تعلیم کا حشر نشر کر دیا گیا ہے کے پی کے اور پنجاب میں سینکڑوں سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور استادوں کو بلا وجہ حراساں کرنا اسی دور حکومت میں ممکن ہوا۔ خاص طور پر پنجاب میں تو تعلیم دشمنی جیسا رویہ اختیار کیا گیا۔ پچاس لاکھ گھر بنا کر دینے کی ٹھوس پالیسی سامنے نہیں آئی۔نوکریاں دینے کی بنیاد رکھنے میں بھی ناکامی ہی کا سامنا ہے۔تعلیم یافتہ بے روزگار مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔زراعت مشکلات کا شکار ہے اور کسان پر حکومتی سرمایہ کاری بند کر دی گئی ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں امید کے دیے بجھ رہے ہیں۔ حکمرانوں کی البتہ پانچوں دیسی گھی میں اور سر درآمد کردہ کڑاہی میں ہے۔

کولہو کے بیل کا گول دائرے میں سفر نتیجہ خیز ہوتا ہے ۔پاکستانی عوام کی حالت اکہتر سال کے سفر کے بعد ہی کولہوکے بیل سے بھی بدتر ہے۔ اکہتر سالوں سے امید کے ٹرک کی بتی کے پیچھے بھاگ بھاگ کر ہانپ چلے ہیں۔ اب تو لوگ مرنے سے بھی خوف زدہ ہیں کہ شہر خموشاں میں پلاٹ صرف نقد ادائیگی پر ہی ملتا ہے۔ حکومت سے گذارش ہے کہ مفلس اور بے وسیلہ لوگوں کے مر جانے پر میت کو دفنانے کے علاوہ کوئی اور سستا اور قانونی طریقہ نکالے کہ مرنا توآسان ہو سکے
 

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 135 Articles with 149954 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.