عام انتخابات 2019 میں کانگریس اور دیگر سیکولر پارٹیاں
بی جے پی کو شکست دینے کے بجائے مسلم قیادت والی پارٹیوں کو ختم کرنے کے
مشن پر کام کررہی ہیں ۔2014 میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد ہر محاذ پر یہ
بات ہوتی رہی کہ 2019 کا عام الیکشن تمام سیکولر پارٹیاں متحدہوکر لڑیں گی
۔بی جے پی کی شکست اس کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ تاہم الیکشن کی تاریخوں کا
اعلان ہونے کے بعد سیکولر پارٹیوں میں وہ جوش اور جذبہ نظر نہیں آرہاہے اس
کے باوجود کانگریس نے کچھ ریاستوں میں وہاں کی علاقائی پارٹیوں کے ساتھ
اتحاد کرلیاہے ۔کچھ ریاستوں میں وہاں کی علاقائی پارٹیوں نے کانگریس کو نظر
انداز کرکے اپنا آپسی اتحاد کیاہے ۔کچھ جگہوں پر اتحاد نہیں ہوسکاہے تو
وہاں نرم گوشہ اپنایا جارہاہے۔عام انتخابات 2019 میں سیکولر پارٹیوں کے
درمیان تشکیل پانے والے اتحاد اور الائنس میں صرف مسلم قیادت والی سیکولر
پارٹیوں کو نظر انداز کیاگیاہے اور یہ کانگریس سمیت سبھی سیکولر پارٹیوں نے
مل کر کیا ہے ۔
ایس پی ؍بی ایس پی نے یوپی میں پیس پارٹی کو اتحاد میں شامل نہیں کیا ،
راشٹریہ علماء کونسل کو کوئی توجہ نہیں دی۔ کرناٹک اور دیگر کئی ریاستوں
میں کانگریس نے ایس ڈی پی آئی کو کوئی اہمیت نہیں دی اوراب آسام میں بھی
کانگریس یوڈی ایف سے اتحاد نہیں کررہی ہے ۔
آسام میں 35 فیصد مسلم آبادی ہے ۔شروع سے کانگریس کو وہاں مسلمانوں کی
حمایت ملتی رہی ۔ کانگریس نے مسلم ووٹ حاصل کرکے حکومت کرنے کے باوجود
مسلمانوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ ان کے خلاف مسائل کھڑے کرنے
کی کوشش کی ۔ غربت ،جہالت اور دیگر پسماندگی کو دور کرنے کیلئے کانگریس نے
کبھی بھی پہل نہیں کی ۔موجودہ دور میں آسام کی سب سے بڑی پروبلم این آرسی
ایشو ہے جس کی وجہ بھی کانگریس ہی ہے ۔کانگریس کی راجیوگاندھی حکومت نے
آسام آکورڈ پر دستخط کرکے اس معاملے کو تقویت بخشی ۔ اس کے بعد کئی مرتبہ
حکومت بننے کے باوجود کانگریس نے اسے حل کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ شہریت چھن
جانے کا خوف دلاکر ان سے ووٹ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ۔
بنیادی مسائل سے دوچار آسام کو گذشتہ بیس سالوں کے دوران مولانا بدرالدین
اجمل کی قیادت ملی ۔انہوں نے آسام کے مسلمانوں سے غربت ،جہالت اور تعلیمی
پسماندگی دور کرنے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنا شروع کیا ۔ تعلیمی اداروں ،اسکو
ل اور کالجز قائم کئے ۔ یتیم خانے بنوائے ۔بیواؤں ،غریبوں اور معاشی طور پر
پسماندہ لوگوں کیلئے وظیفہ جاری کیا ۔ مرکز المعارف اور اجمل فاؤنڈیشن کے
ذریعہ آسام میں متعدد طرح کے وہ رفاہی اور فلاحی کام کررہے ہیں اور
ہندوستان میں اس کی نظیر بہت کم ملتی ہے۔
اس دوران انہوں نے سیاست میں بھی قدم رکھا ۔2005 میں آل انڈیا یونائٹیڈ
ڈیمو کریٹک فرنٹ کے نام سے سیاسی پارٹی تشکیل دی ۔ 2009کے لوک سبھا
انتخابات میں 16 فیصد ووٹ حاصل کرکے انہوں نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ
کیا ۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے 14 فیصد ووٹ حاصل کرکے تین
لوک سبھا سیٹوں پر جیت حاصل کی ۔ اسمبلی انتخابات میں بھی یو ڈی ایف کا ووٹ
فیصد قابل ذکر ہے ۔کانگریس اور بی جے پی آسام کی تمام سیٹوں پر اپنا
امیدوار اتارتی ہے لیکن یو ڈی ایف صرف 15 فیصد سیٹوں پر اپنا امیدوار
اتارتی ہے او ر اس میں وہ 13 سے 16 فیصد ووٹ حاصل کرلیتی ہے ۔2006؍2011 اور
2016 کے اسمبلی انتخابات میں آسام کی 126 سیٹ والی اسمبلی میں یو ڈی ایف
صرف 50 امیدواروں کو اتار کرکے 16 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے
۔2016 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 121 سیٹوں پر صرف 30 فیصد ووٹ
حاصل کیا جبکہ یو ڈی ایف نے 50 سیٹوں پر 14 فیصد ووٹ حاصل کیا ۔ بی جے پی
نے 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے حکومت سازی کی ۔مطلب واضح ہے کہ اگر کانگریس یوڈی
ایف کے ساتھ اتحاد کرلیتی توآج آسام میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہوتی ۔
آسام میں مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی یو ڈی ایف اپنا وجود اور شناخت
بناچکی ہے ۔ 16 فیصد ووٹ پر ان کا قبضہ مسلسل برقرار ہے ۔ اس لئے اب یو ڈی
ایف کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتاہے ۔ کانگریس اسے نظر انداز کرکے بی جے پی
کو فائدہ پہونچاسکتی ہے لیکن وہ خود حکومت نہیں بناسکتی ہے ۔کانگریس کی
قیادت خود اس بات کا اندازہ کرچکی ہے اس لئے اس اس کی پوری کوشش یو ڈی ایف
کے وجود ختم کرنے پر مرکوز ہوگئی ہے ۔آسام میں کانگریس اب جیتنے کے بجائے
یو ڈی ایف کے وجود کو ختم کرنے کے مشن پر کام کررہی ہے ۔ چناں چہ 2016 کے
اسمبلی انتخابات میں یو ڈی ایف نے اتحاد کی پوری کوشش کی لیکن کانگریس نے
کوئی توجہ نہیں دی ۔نتیجہ آنے کے بعد ترون گگوئی نے کہاہمیں بی جے پی کی
جیت پر افسوس نہیں ہے ،نہ کانگریس کی شکست کا غم ہے ہاں خوشی ہے کہ یو ڈی
ایف کنگ میکر کار وال اداکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ۔ 2019 کے عام انتخابات
میں بھی کانگریس اسی ایجنڈا پر کام کررہی ہے ۔ بہار ،یوپی اور کرناٹک سمیت
کئی ریاستوں میں کانگریس نئی تشکیل شدہ پارٹیوں کو اپنے اتحاد میں شامل
کررہی ہے لیکن یوڈی ایف کے ساتھ وہ آسام میں اتحاد کرنے پر آمادہ نہیں ہے ۔
ترون گگوئی اپنا پراناڈائیلاگ دہرانے لگے ہیں ’’ہو از اجمل ؟‘‘ اجمل کون
ہیں ۔
مسلم ووٹوں پر کانگریس اپنا قبضہ سمجھتی ہے ۔ مسلم ووٹوں پر کانگریس مسلم
قیادت کو جیتنے نہیں دینا چاہتی ہے ۔ مسلم لیڈر شپ کے وجود کو کانگریس ابھر
نے نہیں دینا چاہتی ہے ۔کانگریس آزادی کے بعد سے ہی مسلمانوں کو اپنے ماتحت
رکھنے کی کوشش کی ہے اور جس نے بھی کانگریس کی اس پالیسی کے خلاف اپنی
شناخت قائم کرنے کی جدوجہد کی ہے، کانگریس نے اسے بی جے پی اور آر ایس ایس
کا ایجنٹ ثابت کرکے خود مسلمانوں کو ان سے بدظن کرنے کی مہم چلائی ہے ۔
مسلمانوں کے درمیان ان کے خلاف لابی کھڑی کی ہے ۔مولانا ابوالکلام آزاد سے
لیکر غلام نبی آزاد تک دسیوں مسلم رہنماکی فہرست ہے جو کانگریس کی استحصالی
سیاست کے شکار ہوچکے ہیں ۔پارٹی ٹائم لائن کی اتباع او رایسی کئی مجبوریاں
تھی جس نے انہیں لب کشائی نہیں کرنے دی ۔ چند ماہ قبل کانگریس کے قدآور
رہنما غلام نبی آزاد نے اپنا درد بیان کیاتھااب ہمیں ریلیوں میں کانگریسی
امیدوار نہیں بلا رہے ہیں ۔ بہر حال کانگریس کا حصہ بننانے کے بجائے اپنا
علاحدہ پلیٹ فارم تشکیل دیکرمولانا بدرالدین اجمل ، اسد الدین اویسی اور اس
طرح کے کئی لوگ سیاسی میدان میں اپنی شبیہ بنانا چاہتے ہیں ۔کانگریس کا حصہ
بننے کے بجائے ایک سیکولر پارٹی بناکر سیاست میں مسلمانوں کی نمائندگی
کرانا چاہتے ہیں تو کانگریس اسے پہلی فرصت میں ختم کرنا چاہ رہی ہے ۔اس مہم
اور مشن کے تحت کانگریس ایسی پارٹیوں کو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیتی ہے ۔
انہیں ووٹ کاٹنے والی پارٹی بتاتی ہے ،انہیں بی جے پی کی بی ٹیم تک قرار
دیتی ہے ۔ مسلمانوں کو بی جے پی ،بجرنگ دل اور آر ایس ایس کا خوف دلاکر یہ
کہتی ہے کہ اگر مرکز میں ہماری حکومت نہیں رہے گی تو مسلمانوں کا وجود
ہندوستان سے مٹ جائے گا۔ کچھ تنظیموں اور ملی رہنماکو کانگریس اس مشن کی
تکمیل پر لگادیتی ہے جو مسلم قیادت والی سیکولر پارٹیوں سے مسلمانوں کو بد
ظن کرکے کانگریس کی حمایت میں مہم چلاتے ہیں اور انہیں ووٹ کٹوا کے طور پر
پیش کرتے ہیں ۔ مسلمانوں سے ہمدردانہ اپیل کرتے ہیں کہ ہندوستان میں
مسلمانوں کے تحفظ ،ان کی بقا اور وجود کیلئے ووٹوں کی تقسیم سے بچنا اور
کانگریس کو مرکز میں پہونچانا ضروری ہے ورنہ ہندوستان اندلس بن جائے گا ۔
آسام میں مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی یو ڈی ایف کی حیثیت کانگریس کے
برابر ہے ۔فی الحال لوک سبھا میں دونوں پارٹی سے تین تین ایم پی ہیں
۔مولانا اجمل نے اول دن سے اتحاد کرنے کی کوشش کی ۔آسام کے مشن 14 کو پورا
کرنے کیلئے انہوں نے کانگریس کاطرف دوستی کاہاتھ بڑھایا ۔ 14 میں سے صرف چا
رسیٹوں پراپنا امیدوار اتارنا چاہا ۔10 سیٹیں کانگریس کیلئے چھوڑی دی لیکن
کانگریس نے اتحاد کے منصوبہ پر کوئی توجہ نہیں دی اور اب تقریبا اتحاد کی
تمام امیدیں معدوم ہوچکی ہے ۔حالاں کہ کانگریس سے اتحاد مولانا بدرالدین
اجمل کی کوئی کوئی مجبوری نہیں ہے ۔2014 اور دیگر تمام انتخابات میں تنہا
انہوں نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ان کی پارٹی سے تین ایم پی ہیں ۔ایک سروے کے
مطابق2019میں بھی تقریبا پانچ سیٹوں پر ان کی کامیابی یقینی ہے ۔ ہاں اگر
اتحاد ہوجاتا تو تقریبا 14 میں سے 12 سیٹوں پر سیکولر اتحاد کی کامیابی
یقینی ہوجاتی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔بی جے پی اور اے جی پی تقریبا 7 سے 8
سیٹوں پر جیت حاصل کرلے گی ۔ یو ڈی ایف بھی پانچ پر جیت حاصل کرنے میں
کامیاب ہوجائے گی ۔کانگریس کا ووٹ فیصد کم ہوگا ۔دو سیٹوں سے زیادہ پر اس
کی جیت بھی مشکل ہے ۔ کانگریسی لیڈروں کی زبان میں آسام لوک سبھا انتخابات
میں کانگریس ایک ووٹ کٹو ا پارٹی کا کردار نبھائے گی ۔ |