وکلاء جدوجہدپر’’ جسٹس آف پیس‘‘ کے اختیارات کی بحالی

تقریباًفروری کے وسط میں سپریم کورٹ کی کمیٹی جس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کررہے تھے کی طرف سے ’’ جوڈیشنل پالیسی2019‘‘ متعارف کروائی گئی جس میں چند ترامیم شامل کی گئی تھیں جن کے تحت صرف چار دنوں میں قتل کے مقد مہ کا فیصلہ ، ضمانت بذریعہ تھانیدار(SHO)، جانشینی سرٹیفکیٹ بذریعہ نادرا اور ضابطہ فوجداری کی دفعات 22-Aاور 22-Bکے تحت دائرہونے والی پٹیشن کا خاتمہ یعنی جسٹس آف پیس کے اختیارات کو ختم کیا جانا شامل تھا ۔

مذکورہ ترامیم کے بعد وکلاء کی طرف سے بھر پور احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے تحت ہر جمعرات کے روز ماتحت عدالتوں میں وکلاء کی طرف سے مکمل ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جاتا تھا یہ سلسلہ ایک ماہ اور کچھ دن ہی جاری رہا اوراِس دوران وکلاء نمائندگان نے سپریم کورٹ کی کمیٹی سے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جو بالآخر کامیاب رہا اور 22اپریل کوفریقین کی باہمی رضا مندی سے ایک ــ’’پریس ریلیز‘‘ جاری کرتے ہوئے مذکورہ ترامیم جلد واپس لینے کا عندیہ دیا گیا۔اِس طرح وکلاء نے بھی فوری احتجاج کی کال واپس لیتے ہوئے پورے ملک میں ہڑتال اورعدالتی بائیکاٹ کا سلسلہ ختم کردیا۔
وکلاء جدوجہد کے نتیجہ میں ضابطہ فوجداری کی دفعات 22-Aاور 22-Bکی بحالی سے اب سائلین کی دادرسی ممکن ہے اِس طرح جب پولیس کسی سائل کی بات نہیں سنتی ہے تو وہ مجوزہ دفعات کے تحت ’’جسٹس آف پیس ‘‘سے رجوع کرتا ہے اِس کے بعدعدالت قانون کے مطابق سائل کی درخواست پر سماعت کے بعدپولیس کو اندراج مقدمہ یا درخواست کو خارج کرنے کا حکم صادر فرماتی ہے جوکہ انصاف کی فراہمی اور دادرسی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔

اگراُس دور کی بات کی جائے جس میں مذکورہ دفعات معطل رہیں تو ’’ ڈسٹرکٹ کمپلینٹ افسر‘‘ جوکہ ایک ’’ایس پی صاحب ‘‘ہیں نے کئی ایسے فیصلے کئے جو قانون کے منافی تھے کیونکہ ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کا آئین ہر خاص وعام کو برابریعنی مساوی حقوق فراہم کرنے کادرس دیتا ہے۔مثال کے طور پر ’’خیانت ِمجرمانہ کے بدلے فراڈاور ڈکیتی کے بدلے چوری وغیرہ کے مقدمات درج کئے گئے جس سے سائلین کی شنوائی اور انصاف کی فراہمی ناممکن ہوگئی تھی۔ ’’مذکورہ ترامیم ‘‘ کی بحالی سے ہمارا ملک ’’پولیس اسٹیٹ‘‘ بننے سے بچ گیا ہے ۔اِس طرح پیشہ وکالت سے منسلک افراد کا استحصال نہیں ہوگا اوراب دوبارہ سائلین کو انصاف کے حصول کیلئے دربدر بھی نہیں ہوناپڑے گا۔

میری ذاتی رائے میں در اصل عدلیہ پر بوجھ فوجداری مقدمات کا نہیں بلکہ دیوانی مقدمات کا ہے ۔بہتر یہ ہوگا کہ ’’ضابطہ دیوانی‘‘ میں ایسی ترامیم لائی جائیں جن کی وجہ سے دیوانی اور جھوٹی مقدمہ بازی کی طوالت ختم کی جاسکے کیونکہ آج تک’’ ضابطہ دیوانی‘‘ پرارباب ِاختیار نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ اِسی لئے اِن مقدمات کی کاروائیاں نسل در نسل چلتی ہیں یاپھر ماتحت عدلیہ کے جج صاحبان کو ’’ٹارگٹ‘‘ دیا جائے کہ روزانہ ،ہفت وار یا ماہانہ بنیاد وں پر مقررہ مقدمات کے فیصلہ لازمی کئے جائیں۔

آخر میں ، میں اُمید کرتا ہوں کہ چیف جسٹس آف پاکستان بہت جلدملک میں ’’عدالتی نظام ‘‘ کی تبدیلی کیلئے موجودہ حکومت سے مل کر کوئی ایساقدم اٹھائے گے جس کا مقصد صرف اور صرف سائلین تک انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا اور آنے والی نسلوں کیلئے ایسا ــ’’پاکستان‘‘ چھوڑ کر جاناہوگا جس میں مساوی قانون سب کیلئے اور انصاف کی ہر ممکن فراہمی لازمی جزوہوگی۔ویسے بھی ہمارے وزیراعظم نے ملک کو ’’ریاستِ مدینہ‘‘ کی طرز پرحقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کا اعلان اور تمام ’’دیوانی مقدمات‘‘کا فیصلہ ایک سال میں سنانے کاوعدہ اپنے پہلے ’’قوم سے خطاب‘‘ میں کیا ہواہے جو ہر پاکستانی کی خواہش کے عین مطابق ہے ۔آخر میں، میں اِس دعا کے ساتھ اپنے کالم کا اختتام کرنا چاہوں گاکہ’’اﷲ پاک ملکِ پاکستان میں انصاف و قانون کا بہترین نظام رائج فرمائے ۔آمین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

Shahzad Imran Rana
About the Author: Shahzad Imran Rana Read More Articles by Shahzad Imran Rana: 68 Articles with 50870 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.