فواد چوہدری ،جدید سائنس اور مولوی

سابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری جب سے وزیرسائنس وٹیکنالوجی بنے ہیں وہ مخالفین کی بجائے اپنے ہی لوگوں کے خلاف برسرپیکارہیں حالانکہ جب وہ وزیراطلاعات تھے توانہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے ناک میں دم کیاہوا تھا اورپنچاب کے محاذپرفیاض الحسن چوہان ان سے دوقدم آگے جاکرکھیل رہے تھے فیاض الحسن سے جب سے وزارت واپس لی گئی ہے وہ گوشہ تنہائی میں چلے گئے ہیں مگر فوادچوہدری نے اپنی تلوارنیام میں نہیں ڈالی ہے وہ بدستورحملہ آورہیں مگراس مرتبہ وہ زیادہ تراپنی ہی صفوں پرپلٹ پلٹ کرحملے کررہے ہیں ۔انہوں نے حکومتی صفوں میں ہلچل مچائی ہوئی ہے ۔

فوادچوہدری کوجب وزارت اطلاعات کی ذمے داریوں سے ہٹاکروزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی دی گئی توپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سابق چیئرمین عمر سیف نے بی بی سی کو بتایا کہ تاثر تو یہ ملتا ہے کہ یہ وزارت تو سزا کے طور پر دی جاتی ہے یا بطور کانسولیشن پرائز(حوصلہ افزائی)کے دی جاتی ہے۔ فواد چوہدری نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور وہ پیشہ ورانہ طور پر بھی ایک وکیل ہیں۔ جس سے ظاہرہوتاہے کہ انہیں سائنس اینڈٹیکنالوجی کی وزارت سزادکے طورپرہی دی گئی ہے ۔ اگرچہ فوادچوہدری نے اس کی خوب صورت تشریح کی ہے اورکہاہے کہ چین ،کوریااورملائشیاجیسے ترقی یافتہ ملکوں میں وزیرسائنس اینڈٹیکناجی کی حیثیت ڈپٹی وزیراعظم جیسی ہوتی ہے ۔اگرملک نے ترقی کرنی ہے تووزارت سائنس وٹیکنالوجی کواہمیت دیناہوگی ۔

فوادچوہدری جارحانہ مزاج کے کھلاڑی ہیں جب تک مخالفین کے بخیے نہ ادھیڑیں انہیں آرام نہیں آتا جب وہ وزیراطلاعات تھے توایم ڈی پی ٹی وی سے پنگالے بیٹھے بالآخردونوں کوجاناپڑا،ان کامزاج ہے کہ مخالفین کے ساتھ ساتھ کچھ تیروہ اپنوں پربھی برساتے ہیں چنددن قبل انہوں نے وزارت اطلاعات کونشانہ بنادیاانہوں نے ایک انٹرویومیں کہاکہ پاکستان کے عالمی سطح پرمنفی تاثرکی ذمے داروزارت اطلاعات ہے وزارت اطلاعات کاشعبہ ایکٹرنل پبلسٹی ونگ مکمل طورپرغیرفعال ہوچکاہے جس کی بڑی وجہ غیرملکی صحافیوں سے رابطے نہ ہوناہے انہوں نے مزیدکہاکہ وزارت اطلاعات کابجٹ ضائع ہورہاہے ان کایہ بیان دراصل وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان پرعدم اعتمادہے اوران پرتنقیدہے حالانکہ فردوس عاشق اعوان اس حکومت میں ذمے داریاں ملنے کے بعد بہت محنت کررہی ہیں وہ بھی مخالفین پرتیربرساتی ہیں مگرمخالفین یہ سمجھتے ہیں کہ صنف نازک کی جانب سے پھینکاجانے والاتیروہ گھاؤنہیں لگاتاجوفوادچوہدری جیسے جری جوان کا تیردلوں کوزخمی کرتاہے ۔فوادچوہدری کی اس تنقیدکافردوس عاشق نے کوئی جواب نہیں دیاہے مگرانہیں جب بھی موقع ملاتووہ بھاری بھرکم طریقے سے حساب برابرضرورکریں گی۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ' مجھے تو مکی آرتھر کی فکرہے، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے'۔ان کے اس بیان پرسوشل میڈیاشدیدتنقیدبھی کی گئی ۔

فوادچوہدری ازخود چاندکے تنازع میں فریق بن گئے ہیں اورانہوں نے یہ معاملہ حل کرنے کابیڑہ اٹھالیاہے ،فاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری آج کل رویت ہلال کمیٹی کوختم کرنے پرتلے ہوئے ہیں اگرچہ موجودہ رویت ہلال کمیٹی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے مگر یہ ایک آئینی ادارہ ہے اوروزارت مذہبی امورکے ماتحت ہے حیرت انگیزطورپروفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری اس معاملے پرخاموش ہیں جبکہ فوادچوہدری مسلسل رویت ہلال کوتنقیدکانشانہ بنارہے ہیں ایک موقع پرانہوں نے کہاکہ چاندکامعاملہ مفتی منیب الرحمن اورمفتی پوپلزئی پرنہیں چھوڑاجاسکتا اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے رویت ہلال کے حوالے سے بنائی جانے والی ویب سائٹ کاافتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، اس سال عید الفطر 5 جون کو ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے رویت ہلال پرویب سائٹ سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کی ہے اور ساتھ وفاقی کابینہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں ویب سائٹ کوایجنڈے میں رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کے گزشتہ 19سال سے بلاشرکت غیرے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کاایک بیان منظرعام پرآیاہے جس میں انہوں نے کہاہے کہ جب چاند دیکھ کر روزہ اور عید کرنے کا حکم ہمارے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کا ہے تو دنیاکی ساری سائنس اور ٹیکنالوجی کو ہم جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں جس کے جواب میں فوادچوہدری نے ٹویٹ کیاہے اورفرمایاہے کہ یہ کہنا کہ عینک اوردوربین حلال ہے اور جدید ٹیکنالوجی حرام ہے بالکل غیرمنطقی بات ہے انہوں نے مزیدکہاکہ تقریبا اسی طرح کے دلائل پرنٹنگ پریس کو دو سو سال ممنوع قرار دینے ،ٹرین کے سفر اور لاؤڈاسپیکر کو حرام قرار دینے کیلئے دیئے جاتے رہے، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا فرمان ہے مسلمان قوم العلم ہے، ممکن ہی نہیں کہ مسلمانوں کو تحقیق اور جدید علوم سے محرومیت کی ترغیب دی جائے، مجھے یہ سازش لگتی ہے

فوادچوہدری نے بالکل درست فرمایاکہ یہ سازش ہے مگریہ سازش حکومت کے خلاف ہے کیوں کہ جب لشکرمیں پھوٹ پڑتی ہے تووہ آپس میں لڑپڑتے ہیں اوردشمنوں کے کشتوں کے پشتے لگانے کی بجائے اپنے ہی دوستوں کوتہہ تیغ کردیتے ہیں ۔آج کل اسی صورتحال کاسامناپی ٹی آئی کی حکومت کوبھی ہے ۔فوادچوہدری یہ تاثردے رہے ہیں کہ علماء سائنس اورجدیدٹیکنالوجی کے مخالف ہیں حالانکہ یہ بات درست نہیں ہے ۔اس بات کی تشریح وٹس ایپ پرموصول ہونے والے اس پیغام میں زیادہ احسن اندازمیں پیش کی گئی ہے جس میں کہاگیاہے کہ ایک دفعہ مولویوں سے بے زار،،ببلو،، کواپنڈکس ہوگئی ڈاکٹروں نے سرجری لکھ دی مریض کاآپریشن کیاآپریشن سے پہلے اسے ،،مولوی الرازی ،،کے متعارف کرائے گئے طریقے کے مطابق بے ہوش کیاگیاپھراس کی سرجری کی گئی اورجن آلات سے وہ سرجری کی گئی وہ دونوں یعنی سرجری اورآلات جراحی ،،مولوی ابوالقاسم الزوہروی ،،نے صدیوں پہلے ایجاد،متعارف ورائج کیے ۔پھراسی ،،مولوی الزوہروی ،،کے ایجادکردہ قابل تحلیل ٹانکوں سے اس نام نہادلبرل کی آپریشن کی جگہ ٹانکے لگائے گئے ۔پھراسی مولوی کی ایجادکردہ ڈرپ کے ذریعے ،،مولوی ابن سینا،،کی متعارف کردہ موجودہ ادویات کی تکنیک سے بنائی گئی دواڈرپ میں ایک ،،ترک مولوی ،،کی ایجادکردہ سرنج کے ذریعے ،،مولوی یعقوب الکندی ،،کی بتلائی ہوئی مقدارکے مطابق انجیکٹ کی گئی تاکہ اس کامرض جلدٹھیک ہوجائے ۔

ببلوجب ہوش میں آیاتواسے شدیددردمحسوس ہواوہ رونے لگا اس کی آوازسن کرایک نرس بھاگی بھاگی اندرآئی او ر اسے ایک ،،پین کلر،،کیپسول نگلنے کوکہاببلوکیپسول نگلنے کے بعد بولا ۔نرس جب پیٹ میں جائے گا تواس کے خول کاکیاہوتاہے ؟نرس نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ ببلویہ خول پیٹ میں جاکرتحلیل ہوجاتاہے گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ببلوبولا کہ واہ کیابہترین ایجادہے تمام انسانیت اس موجدکی قرض دارہے

نرس ۔جی یہ مولوی ابوالقاسم الزوہروی کی ایجادہے ۔ببلوکواس موقع پرمولوی کانام سنتے ہی پھرپیٹ میں مروڑاٹھی اورکہاکہ نکمے مسلمان ۔یہ بھی کوئی ایجادہوئی ،جاہل عرب بدو،مغرب مریخ پرپہنچ گیا اوریہ کیپسول میں اٹکاہواہے ۔نرس نے مریض کی ذہنی حالت بگڑتی دیکھ کرکہاکہ یہ صدیوں پہلے اس وقت کی ایجادہے جب اہلیان مغرب نہانے کوکفرسمجھاکرتے تھے ۔

ببلوزچ ہوکر۔اچھا اچھا ملاؤں کی وکالت چھوڑیں ،میری فیملی میرالیپ ٹاپ دے گئی ہوگی وہ مجھے لادیں ،نرس لیپ ٹاپ دیتے ہوئے بولی ،ویسے ان کمپیوٹرگیجٹس میں بنیادی حیثیت رکھنے والی BIOSمیں الجبراستعمال ہوئی ہے جوکہ ،،مولوی موسی الخوارزمی ،،کی ایجادہے سچ تویہ ہے کہ کلکولیٹر،موبائل یاکمپیوٹر،غرضیکہ ہرخود کارایجاد،اسی مولوی کی وجہ سے ہی ہے ۔

ببلوتلملاتے ہوئے نکل جاؤ یہاں سے ۔نرس کے جانے کے بعد اس نے لیپ ٹاپ کھول کرفیس بک پرسٹیٹس لگایا،،جدیددنیاوسائنس میں مولویوں کاحصہ ،،صفر،،ہے پوسٹ کی ہی تھی کہ کسی مولوی کاکمنٹ آگیا ،،یہ صفربھی مولوی موسی الخوارزمی کی ایجادہے اس سے پہلے کہ وہ کچھ جواب دیتانرس نے کمنٹ کردیا،،ہن چنگے رے او،،ببلواس کے بعد سے نفسیاتی ہسپتال میں داخل ہے ۔

 

Umar Farooq
About the Author: Umar Farooq Read More Articles by Umar Farooq: 129 Articles with 81636 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.