یہ کوئی سال بھر پہلے کی بات ہو گی کچھ ایسے ہی دن تھے یعنی بچوں کی گرمیوں
کی چھٹیاں چل رہی تھیں ایک رات تین بجے کے قریب آنکھ کھل گئی تو ہم حسب
عادت بچوں پر ایک نظر ڈالنے کے لئے ان کے کمرے میں چلے گئے تو دیکھا کہ
چھوٹا بیٹا عاصم اپنے بستر پر موجود نہیں تھا ۔ لحاف دیوار والی سمت پلٹا
ہؤا تھا جیسے وہ اسے ہٹا کر اور اٹھ کر باہر گیا ہو ۔ ہم نے سمجھا کہ واش
روم میں ہو گا مگر وہ وہاں نہیں تھا ہم نے باقی کے دونوں کمروں میں جا کر
دیکھا کہ کہیں یہاں آ کر تو نہیں لیٹ گیا مگر وہ وہاں بھی نہیں تھا کسی
کلوزٹ میں بھی نہیں تھا ہم نے سوچا کسی کام سے نیچے چلا گیا ہو گا کیونکہ
کچن ، کمپیوٹر اور اس قبیل کے تمام آلات و لوازمات نچلی منزل پر واقع ہیں ۔
جبکہ اس وقت وہاں کی تمام لائٹیں بند تھیں ۔ ہم نے نیچے جا کر لائٹ جلا کر
دیکھا تو وہ کہیں بھی نہیں تھا وہاں کے واش روم یا لانڈروم میں بھی نہیں
تھا ۔ گھر کے تینوں داخلی دروازے بمع گیراج اندر سے مقفل تھے اب تو ہمارا
حیرت اور پریشانی سے برا حال ہو گیا کہ بچہ بند گھر میں کہاں غائب ہو گیا؟
بہت سراسیمگی کی کیفیت میں واپس اوپر آ کر دیکھا تو وہ اپنے بستر پر بالکل
بےسدھ اور بےخبر پڑا سو رہا تھا ۔ زیادہ حیرت کی بات یہ تھی کہ لحاف بالکل
اسی حالت میں تھا جیسا کہ ہم نے دیکھا تھا سرمو فرق نہ تھا ۔ ہم نے بچے کو
جگا کر پوچھا کہ تم ابھی اٹھ کر کہاں گئے تھے؟ تو وہ حیرت سے آنکھیں
پٹپٹانے لگا اور صاف انکار کیا کہ وہ ابھی اس سے پہلے بھی کوئی جاگا ہے ۔
ہم یقیناً اس واقعے کو کوئی بھی ممکنہ جواز دے کر نظر انداز کر دیتے مگر
بڑا بیٹا ناصر جو اس دوران جاگ گیا تھا اس نے ہمیں الگ لے جا کر ایک ایسی
بات بتائی کہ جس نے ہمیں کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا ۔ اس نے بتایا کہ کچھ
عرصہ پہلے رات میں کسی وقت نیند سے آنکھ کھلی تو اس نے نیم تاریکی میں نیم
وا آنکھوں سے ایک چوہے نما مگر سائز میں اس سے بہت بڑا بلی سے بھی کافی بڑا
جانور دیکھا جو رینگتا ہؤا دونوں بیڈوں کے درمیان رکھی ہوئی ٹیبل کے نیچے
چلا گیا اور غائب ہو گیا ۔ ہم نے کہا پہلے کیوں نہیں بتایا تو اس نے جواب
دیا کہ فوراً ہی دوبارہ نیند لگ گئی تھی اور پھر ذہن سے نکل گیا ابھی سب
کچھ اس وقت یاد آ گیا ہے ۔ اب ہم کو تو بالکل سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ بچہ
واقعی میں غائب ہؤا تھا یا محض ہماری نظروں سے اوجھل ہؤا تھا کیونکہ ہم نے
بستر کو چھو کر تو دیکھا نہیں تھا ۔ اور اس سے پہلے ٹھیک کچھ ایسے ہی دنوں
میں یعنی گرمی کی چھٹیوں کے دوران ہمارے گلے سے چین غائب ہونے کا واقعہ پیش
آیا تھا جو کہ پھر خودبخود گلے میں واپس بھی آ گئی تھی ۔ اور ابھی کچھ عرصہ
پہلے پھر ناصر نے بتایا کہ رات میں کسی وقت آنکھ کھل گئی تو سامنے ہی فضا
میں ایک ہیولہ سا نظر آیا جو کہ کھڑکی کے پاس جا کے یکلخت غائب ہو گیا ۔ تو
اس قسم کے مشاہدات سے کیا نتیجہ اخذ کیا جائے گا گھر پر کوئی آسیبی اثرات
ہیں یا کچھ اور؟ اور مستقبل میں خدانخواستہ کسی نقصان یا سنگین صورتحال سے
بچاؤ کی کیا تدبیر ہونی چاہیئے کیا کوئی صاحب علم اس معاملے پر روشنی ڈال
سکتے ہیں |