اخباری اطلاعات کے مطابق رضا
ہراج نے قومی اسمبلی میں ایک بل بحث کے لئے جمع کروایا ہے جس میں تجویز کیا
گیا ہے کہ پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کی شہریت رکھنے والے، دوسرے ممالک
میں جائیداد رکھنے والے اور بیرونِ ملک بینک اکاؤنٹ رکھنے والے ارکان
اسمبلی کی رکنیت ختم کردی جائے۔
یہ ایک انتہائی دور رس تجویز ہے اور میرے ذاتی خیال کے مطایق بے شمار
پاکستانیوں کے دل کی آواز بھی ہے۔ ہماری کتنی ہی جماعتوں کے رہنما پاکستان
کے علاوہ دوسرے ممالک کی شہریت لئے بیٹھے ہیں تاکہ جب پاکستان کو اچھی طرح
نچوڑ چکیں تو بقیہ زندگی اپنی پسند کے ملک میں گزار سکیں۔ طرفہ تماشا یہ کہ
بے شمار قائدین گرچہ دوہری شہریت تو نہیں رکھتے مگر مغربی ممالک کے طویل
مدت کے ویزے لگوائے بیٹھے ہیں اور وقتاً فوقتاً ان ممالک کے چکر لگاتے رہتے
ہیں۔ چونکہ ان تمام لوگوں کے مفادات مغربی ممالک سے وابستہ ہیں لہٰذا ان
قائدین نے اپنی جائیدادیں بھی ان ہی ممالک میں بنائی ہوئی ہیں اور اپنے غیر
قانونی پیسے رکھنے کے لئے بھی ان کے پاس بیرونی بینکس کا سہارا موجود ہے۔
یہاں میں اعتراف کروں گا کہ ابھی تک 'ہماری ویب' پر اس موضوع پر کچھ زیادہ
گفتگو نہیں ہوئِی۔ میری خواہش ہے کہ ہم اس بل کے مندرجات کو ملک کی تمام
عوام تک پہنچا سکیں اور لوگوں کو بتا سکیں کہ یہ ان کا حق ہے جس کے لئے ان
ہی کو آواز بلند کرنا ہوگی۔ ورنہ یقین مانیں ہمارے سیاسی رہنما چاہے وہ جس
جماعت سے بھی ہوں وہ یا تو اس بلی کو خاموشی کی صلیب پر چڑھا دیں گے یا پھر
طرح طرح کے بہانے بنا کر اس کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوششیں کریں گے۔
وقت آگیا ہے کہ ہمیں فیصلہ سنانا پڑے گا اور اس کے نفاذ کے لئے توانا آواز
بھی اٹھانا پڑے گی تاکہ مستقبل میں ہمارے ملک کی قیادت صرف وہی کر سکے جس
کا جینا مرنا اس سر زمین پاک سے ہی وابستہ ہو۔ |