ڈیجیٹل میڈیا میں کامیابی کیلئے درکار مہارتیں

ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر دنیا بھر کے ملکوں خاص طور پر ترقی یافتہ ملکوں میں طالب علموں کی اکثریت ڈیجیٹل میڈیا میں کیریئر بنانے کو ترجیح دے رہی ہے لیکن اس شعبے میں کامیابی کے لیے ذہانت، فطری استعداد، سائنس وٹیکنالوجی، آرٹ اور ڈیزائننگ سے متعلق منفرد مہارتوں کا ہونا ضروری ہے۔ اگر آپ بھی مستقبل میں ڈیجیٹل میڈیا پر کاروبار کرنے یا کسی بھی مد میں اس سے فائدہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں تو درج ذیل مہارتوں اور خوبیوں سے مستفید ہونے کی کوشش کریں۔

ڈیزائن پروسیس
ڈیجیٹل میڈیا میں دلچسپی رکھنے والے تمام طالب علموں کے لیے ڈیزائن پروسیس سے متعلق واقفیت بے حد اہم ہے، چاہے وہ پراجیکٹ منیجر ہوں، پروگرامر ہوں یا پھر ڈیزائنر۔ ڈیزائن پروسیس سے مراد وہ تمام امور ہیں، جو کسی بھی پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔ مثلاً آپ کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ کسی بھی پراجیکٹ کی پائپ لائن میں کون سے اہم معاملات ہیں، جو زیر غور آئیں گے۔ پراجیکٹ کے دوران تیزی سے تبدیل ہوتی پروٹو ٹائپنگ پر آپ کی توجہ ضروری ہے۔ مسابقتی دور میں نت نئے آئیڈیاز کی تخلیق بھی ڈیزائن پروسیس کا اہم حصہ ہے۔ ٹیم کے ساتھ آپ کی قوتِ فہم اور ہمدردی جیسے جذبات کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔ یہ جذبات کسی بھی ٹیم کو متحد کرنے اور کسی بھی پراجیکٹ کو متاثر کن طریقہ کار کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
 

image


خود آگہی
ڈیجیٹل میڈیا پراجیکٹ پر کام کرنے کے لیے آپ کو ذاتی اہداف اور اپنی شناخت سے واقفیت ضروری ہے۔ یہ جاننے کی کوشش کریں کہ کسی بھی پراجیکٹ کے پیچھے آپ کا ہدف کیا ہے، آپ کے لیے نہ صرف اپنی خوبیوں بلکہ کمزوریوں کو جاننا بھی ضروری ہے۔ غیر جانبداری کے ساتھ اپنی کمزوریوں کو پہچان کر درست کرنا کسی بھی پراجیکٹ میں آپ کی ذاتی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔

خیالات کی وضاحت کا فن
خیالات و تصورات ہر ذہن میں آتے رہتے ہیں۔ اصل فن ان تصورات کی وضاحت ہے جو آپ کے دماغ میں نمو پارہے ہیں۔ ایک ڈیجیٹل میڈیا لیڈر میں ان خیالات کی مکمل وضاحت پیش کرنےکا فن ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ لب ولہجہ کے فن سے واقفیت بھی ضروری ہے، جس کے تحت آپ اپنی ٹیم، اعلیٰ افسران اور کلائنٹ تک اپنے خیالات پہنچاسکیں۔ ایک اچھے ڈیجیٹل میڈیا لیڈر میں لب و لہجہ کے فن اور بہترین باڈی لینگویج کے ذریعے خیالات و تصورات کو واضح اور مبہم لفظوں میں بیان کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔

ٹائم مینجمنٹ
مشہور فاتح نپولین بونا پارٹ کا خوبصورت مقولہ ہے، ’’میں بھلے کوئی بھی مقابلہ ہار جاؤں، مگر میں کبھی ایک لمحہ نہیں ہاروں گا‘‘۔ ٹائم مینجمنٹ کو کسی بھی کاروبار کی کامیابی کا راز کہا جاتا ہے اور جب بات ہو ڈیجیٹل میڈیا کی تو یہ اہمیت دگنی ہوجاتی ہے۔ کسی بھی پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے اہداف مقرر کرنے سے لے کر انھیں پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے دوران وقت کا درست استعمال ہی اصل ہنر ہے۔ اس لیے ڈیزائن پروسیس کے دوران تمام اہداف مقرر کرنا ضروری ہیں اور ہر ہدف کی تکمیل کے لیے ایک وقت مقرر کیا جائے، تاہم مقررہ وقت میں اتنی لچک ضرور ہو کہ وہ کام اس میں پورا کیا جاسکتا ہو۔

معلومات سے آگہی
اس شعبے میں کامیابی کے خواہشمند کسی بھی فرد کے لیے تمام تر ضروری معلومات سے واقف ہونا ضروری ہے، جو ڈیجیٹل میڈیا کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ اصلاحات وقوانین آپ کے لیے اس شعبے میں کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ ان قوانین پر عمل کرنے سے آپ کی آڈیئنس اور قارئین کی تعداد میں ڈرامائی حد تک اضافہ ممکن ہے۔ جن اصولوں اور قوانین کی آگاہی کسی بھی ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک لیڈر کے لیے ہونا ضروری ہے،ان میں سننے کا اصول، توجہ کا اصول، معیار کا اصول، وسعت کا اصول، متاثر کرنے کا اصول وغیرہ شامل ہیں۔

ڈیجیٹل میڈیا جہاں مختلف شعبوں کے فروغ کا ذریعہ بنا ہے، وہیں صحافت کی دنیا میں بھی اس نے اپنے قدم جمانے شروع کردیے ہیں۔ پرنٹ میڈیا، ریڈیو اور ٹی وی کے ساتھ اب ڈیجیٹل میڈیا پر صحافت کی انٹری کو عوام نے خوش دلی سے قبول کیا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں کہیں بھی سیکنڈوں میں خبر پہنچتی ہے، جو محض ایک کلک پرملٹی میڈیا فنکشن کے ساتھ آنکھوں کےسامنے ہوتی ہے۔ علمی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ وقتوں میں ڈیجیٹل میڈیا میں مزید ترقی اور اصلاحات ہوں گی۔

بشکریہ: (رابعہ شیخ - جنگ نیوز)

YOU MAY ALSO LIKE: